4000 اگنی ویروں کا ڈاٹا ’ڈارک ویب‘ پر فروخت کرنے کی کوشش، پولیس نے 14 سالہ ملزم کو پکڑ کر کی پوچھ تاچھ
نابالغ بچے نے سابق اگنی ویروں کے لیے بنائی گئی ایک ٹیسٹ ویب سائٹ میں غیر مجاز طور پر رسائی حاصل کی تھی۔ یہ ویب سائٹ انہیں دیگر سرکاری محکموں میں روزگار کے مواقع تلاش کرنے کے لیے بنائی گئی تھی۔
دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے ہریانہ کے بلبھ گڑھ سے ایک 14 سالہ لڑکے کو پکڑا ہے۔ اس پر ایک ویب سائٹ ہیک کر تقریباً 4,000 اگنی ویروں کا حساس ڈاٹا ’ڈارک ویب‘ پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔ حکام کے مطابق وہ یہ ڈاٹا 500 ڈالر میں فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق تفتیش کاروں نے بتایا کہ نابالغ بچے نے سابق اگنی ویروں کے لیے بنائی گئی ایک ٹیسٹ ویب سائٹ میں غیر مجاز طور پر رسائی حاصل کی تھی۔ یہ ویب سائٹ انہیں دیگر سرکاری محکموں میں روزگار کے مواقع تلاش کرنے کے لیے بنائی گئی تھی۔ مرکزی حکومت نے جون 2022 میں اگنی پتھ بھرتی اسکیم شروع کی تھی۔ اس کے تحت فوج، بحریہ اور فضائیہ میں 4 سال کی مدت کے لیے اہلکاروں کو بھرتی کیا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویب سائٹ سے معلومات نکالنے کے بعد لڑکے نے ڈارک ویب پر اشتہار پوسٹ کرتے ہوئے 4,000 اگنی ویروں کا ذاتی ڈاٹا ہونے کا دعویٰ کیا۔ تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کا استعمال کیا گیا تھا۔ ویب سائٹ میں نقب لگانے کے اصل طریقے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دہلی پولیس کی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز (آئی ایف ایس او) یونٹ نے نابالغ بچہ کے ڈیجیٹل آلات سے ڈاٹا برآمد کیا ہے۔ تفتیش کار اب اس مواد کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ اصل معلومات کا پتہ لگایا جا سکے۔ وہ مشتبہ سائبر حملے کی حد بھی معلوم کر رہے ہیں۔ پولیس نے مرکزی وزارت داخلہ کو خط لکھ کر اگنی ویروں کا سرکاری ڈاٹا بیس طلب کیا ہے۔ برآمد شدہ معلومات سے اس کا موازنہ کر کے اس کی صداقت کی تصدیق کی جائے گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ نابالغ سے قانون کے مطابق ہی پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ ابتدائی پوچھ تاچھ کے بعد اسے اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ویب سائٹ تک رسائی کس طرح حاصل کی گئی تھی۔ اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ کیا ملزم کے آلات سے برآمد ہونے والے ڈاٹا کے علاوہ بھی معلومات سے سمجھوتہ کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ کیا کسی تیسرے فریق نے مبینہ ڈاٹا بیس خریدا یا اس تک رسائی حاصل کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد اگنی ویروں سے متعلق ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی حفاظت بھی جانچ کے دائرے میں آ گئی ہے۔