’پہلے تشدد نے سینکڑوں گھر اجاڑے، اب زہریلی شراب اجاڑ رہی ہے‘، منی پور میں زہریلی شراب سے اموات پر راہل کا سخت ردعمل
راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں مطالبہ کیا کہ ’’قصورواروں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر مکمل مدد اور مناسب معاوضہ دیا جائے۔‘‘
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے منی پور میں زہریلی شراب پینے کے باعث کئی لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعے کو لے کر انہوں نے ریاست کی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اسے انتظامی لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا۔ اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’منی پور میں زہریلی شراب کے باعث کئی لوگوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور مریضوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتا ہوں۔‘‘
मणिपुर में ज़हरीली शराब से कई लोगों की मृत्यु का समाचार बहुत दुखद है। शोकसंतप्त परिवारों के प्रति अपनी गहरी संवेदनाएं व्यक्त करता हूं और मरीज़ों के जल्द स्वस्थ होने की आशा करता हूँ।
— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) November 21, 2026
यह हादसा नहीं, BJP सरकार की लापरवाही का नतीजा है। पहले हिंसा ने सैकड़ों घर उजाड़े, अब जहरीली शराब…
راہل گاندھی اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’یہ حادثہ نہیں بلکہ بی جے پی حکومت کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ پہلے تشدد نے سینکڑوں گھر اجاڑ دیے، اب زہریلی شراب گھر اجاڑ رہی ہیں، لیکن حکومت اب بھی سو رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’قصورواروں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر مکمل مدد اور مناسب معاوضہ دیا جائے۔‘‘
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق منی پور کے چنڈیل ضلع میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے کے باعث 15 افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ 180 سے زائد افراد کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔ اس واقعے کے بعد ریاستی حکومت نے صحت سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے اور پورے معاملے کی جانچ کے احکامات دے دیے ہیں۔ افسران کے مطابق یہ اموات 18 سے 20 نومبر کے درمیان بنیادی طور پر چکپیکارونگ سب ڈویژن اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہوئیں۔ متاثرین میں میتھانول پوائزننگ (زہریلی شراب کے اثرات) جیسی علامات ظاہر ہونے کے بعد کئی سنگین مریضوں کو بہتر علاج کے لیے امپھال کے اسپتالوں میں ریفر کیا گیا ہے۔
متاثرین کو الٹی، پیٹ میں درد، چکر آنا، سر درد، دھندلا دکھائی دینا اور سانس لینے میں تکلیف جیسی سنگین شکایات تھیں۔ ان میں سے بعض مریضوں کی حالت بدستور نازک ہے اور انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ متاثرین نے جو شراب پی تھی، اسے پڑوسی ضلع کاکچنگ کے سگنو علاقے سے خریدا گیا تھا۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ چنڈیل ضلع میں مقامی سطح پر روایتی شراب بنانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
منی پور کے جیری بام ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک پبلک ایڈوائزری جاری کیا گیا ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ شراب اور مشکوک ذرائع سے آنے والے الکحل مشروبات کا استعمال نہ کیا جائے۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ اپیل نقلی شراب پینے سے ہونے والی اموات کی خبروں کے بعد کی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں لوگوں سے صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔