حسینہ کی واپسی سے قبل پھر آگ میں جھلسا بنگلہ دیش، 2 بی این پی لیڈر کے قتل کے بعد درجنوں گھر نذرِ آتش
جن گھروں کو نشانہ بنایا گیا، وہ عوامی لیگ کے لیڈران اور کارکنوں کے تھے، جن میں پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ کبیر الحق مکتی کا گھر بھی شامل ہے۔
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے اعلان کے بعد پورا ملک ایک بار پھر تشدد کی آگ میں جل اٹھا ہے۔ ہفتہ کو نرائل ضلع میں تشدد بھڑک اٹھا۔ کالیا میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے 2 لیڈران کے قتل کے بعد کم از کم 50 گھروں اور کئی دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جن گھروں کو نشانہ بنایا گیا، وہ عوامی لیگ کے لیڈران اور کارکنوں کے تھے، جن میں پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ کبیر الحق مکتی کا گھر بھی شامل ہے۔
یہ تشدد ایسے وقت میں ہوا ہے جب سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی ملک واپسی کے منصوبے سے پہلے پورے بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملے کالیا میونسپلٹی کے تحت آنے والے بندر چار گاؤں میں ہوئے۔ کالیا فائر سروس اسٹیشن کے افسر ہمایوں کبیر نے بتایا کہ جمعہ کی شام تقریباً 4 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی، لیکن وہ فوری طور پر گاؤں نہیں پہنچ سکے، کیونکہ علاقے کی طرف جانے والی سڑکوں پر درخت گرے ہوئے تھے۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار رات تقریباً 8 بجے موقع پر پہنچے، تب تک بیشتر آگ بجھ چکی تھی۔ 50 سے زائد گھر جل کر خاک ہو گئے۔ بردیا بازار کی کئی دکانوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔
نقصان ہونے والی املاک میں سابق رکن پارلیمنٹ کا آبائی گھر اور عوامی لیگ کے کئی مقامی لیڈران کے گھر شامل ہیں۔ فی الحال بنگلہ دیش میں عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے۔ یہ تشدد بی این پی لیڈران کی جانب سے منعقدہ ایک جلوس پر مبینہ حملے کے چند دن بعد ہوا۔ یہ جلوس عوامی لیگ کے ارکان کی مبینہ تشدد کی کارروائیوں کے خلاف نکالا گیا تھا اور اس حملے میں 3 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس دوران بنگلہ دیش اسٹوڈنٹس لیگ کے صدر حسین صدام نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں الزام لگایا کہ جلائے گئے گھر عوامی لیگ کے حامیوں کے تھے، جن میں سے کئی ہندو طبقے کے افراد تھے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ حالیہ آتش زنی اور پٹرول بم حملوں کے پیچھے جو لوگ ہیں، ان کے خلاف بنگلہ دیش سخت قانونی کارروائی کرے گا۔ انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی کے درمیان تشدد کے لیے پابندی عائد عوامی لیگ سے وابستہ گروپوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کبیر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ذمہ دار افراد کو سزا دلانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور الزام لگایا کہ عوامی لیگ کی قیادت، جس میں بیرون ملک مقیم افراد بھی شامل ہیں، حملوں کو ہوا دے رہی ہے۔ سرکاری بی ایس ایس نیوز ایجنسی کے مطابق میڈیا بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ہم ان دہشت گردوں کے پیچھے جائیں گے اور انصاف کا لمبا ہاتھ ان تک پہنچے گا۔‘‘
کبیر نے الزام لگایا کہ عوامی لیگ کی قیادت بیرون ملک سے حملوں کو ہوا دے رہی ہے اور بیرون ملک بیٹھے دوسرے لوگ بھی تشدد بھڑکانے کی کوششوں میں شامل ہیں۔ وزیر کا یہ بیان بنگلہ دیش میں سیاسی تشدد اور آتش زنی کے حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے درمیان سامنے آیا ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق اس ہفتہ کے آغاز میں الگ الگ واقعات میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہوئے، جن میں حکمراں بی این پی اور اس سے وابستہ تنظیموں کے 3 لیڈران اور ایک بس ہیلپر شامل ہے۔ بس ہیلپر اس وقت زندہ جل گیا، جب نامعلوم حملہ آوروں نے کھڑی بسوں کو آگ لگا دی۔