پانچویں ونڈے میں نیوزی لینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر ہندوستان نے سیریز پر 3-1 سے کیا قبضہ

ہندوستان کی جانب سے گیند بازی میں عرشدپ سنگھ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

پانچویں ونڈے میں نیوزی لینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر ہندوستان نے سیریز پر 3-1 سے کیا قبضہ

گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو پانچویں اور آخری ونڈے میچ میں 22 رنز سے شکست دے دی۔ ہندوستان کی جانب سے دیے گئے 210 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 187 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پانچویں ونڈے میں جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گرنور برار کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے 5 میچوں کی ون ڈے سیریز کی 3 اننگز میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ٹم سیفرٹ صرف 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد چوتھے ونڈے میں سنچری بنانے والے ول ینگ 42 گیندوں میں 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نک کیلی کو 24 رنز کے اسکور پر عرشدپ سنگھ نے کلین بولڈ کیا۔ ڈین فاکس کرافٹ اچھی شروعات کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 42 گیندوں میں 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایک وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم 82 رنز پر 3 وکٹیں گنوا کر بہتر پوزیشن میں نظر آرہی تھی، لیکن اس کے بعد ٹیم نے وقفے وقفے سے وکٹیں گنوائیں۔

فن ایلن کو محمد سراج نے 1 رن کے اسکور پر پویلین بھیجا، جبکہ مائیکل بریسویل 19 رنز بنانے کے بعد عاقب نبی کا شکار بنے۔ کپتان مچل سینٹنر نے کرسٹین کلارک کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے اور ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اس شراکت داری کو نمن دھیر نے سینٹنر کو 24 رنز کے اسکور پر آؤٹ کر کے توڑا۔ کلارک 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بلیئر ٹکنر نے 14 رنز بنائے، جبکہ جیکب ڈفی صرف 9 رنز ہی بنا سکے۔ ہندوستان کی جانب سے گیند بازی میں عرشدپ سنگھ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ محمد سراج اور اکشر پٹیل نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ عاقب نبی، یش ٹھاکر اور نمن دھیر نے 1-1 وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل ہندوستان کی پوری ٹیم 42.1 اوورز میں 209 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور روہت شرما محض 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ وراٹ کوہلی کا بلا بھی خاموش رہا اور وہ صرف 5 رنز ہی بنا سکے۔ رتوراج گائیکواڈ 18 رنز بنانے کے بعد جیکب ڈفی کا شکار بنے۔ کپتان شریئس ایر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 34 رنز پر 3 وکٹیں گنوا کر مشکل میں دکھائی دے رہی ہندوستانی اننگز کو اکشر پٹیل اور ایشان کشن نے سنبھالا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑے۔ اکشر 55 گیندوں میں 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ایشان 3 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 گیندوں میں 46 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

عاقب نبی (5 رنز) اور یش ٹھاکر (صفر) مچل سینٹنر کا شکار بنے۔ آخری اوورز میں محمد سراج 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عرشدپ سنگھ نے 4 گیندوں میں 14 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 200 رنز کے پار پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گیند بازی میں جیکب ڈفی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مچل سینٹنر نے بھی 47 رنز دے کر 3 وکٹیں جھٹکیں۔ میتھیو فشر نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ بلیئر ٹکنر اور مائیکل بریسویل 1-1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔