’میری اہلیہ رو رہی تھی اور پاپا غمزدہ تھے‘، ڈریسنگ روم کی باتیں لیک کرنے کے الزام پر سرفراز خان کا جذباتی بیان
سرفراز خان نے اپنے اوپر عائد الزام کے متعلق کہا کہ ’میری زندگی میں تو جدوجہد بہت رہی ہے اس لیے میں یہ سب برداشت کر لوں گا، لیکن والد کے لیے برا لگتا ہے۔ اہلیہ، بھائی اور والدہ کے لیے بہت برا لگا تھا۔‘
نوجوان بلے باز سرفراز خان ان دنوں ہندوستانی ٹیم سے باہر سے چل رہے ہیں۔ سابق کرکٹر آکاش چوپڑا کے شو ’بیٹھ اور بول‘ میں سرفراز خان نے اپنے اس برے دور پر بات کی جب ان کے اوپر ڈریسنگ روم کی باتیں لیک کرنے کے الزام عائد ہوئے تھے۔ اسے یاد کرتے ہوئے وہ اداس ہو گئے اور بتایا کہ ان کے قریبی لوگوں نے ان کے فون کالز اٹھانے بند کر دیے تھے۔ انہیں پہلا کال کرنے والے کچ گوتم گمبھیر تھے۔
DRESSING ROOM NEWS CONTROVERSY: GAMBHIR CALLED SARFARAZ PERSONALLY
— Sam (@cricsam02) November 20, 2026
️: After allegations that Sarfaraz Khan leaked dressing-room news, he was under a lot of stress. Gautam Gambhir personally called him and advised him not to get involved in unnecessary politics and to focus… pic.twitter.com/PeISMllB3T
آکاش چوپڑا نے جب خبریں لیک کرنے کے الزامات پر سرفراز خان سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’’پہلے تو بہت تکلیف ہوئی تھی کہ ایسا کیوں ہوا؟ میں ابھی اپنی فلائٹ سے اترا ہی تھا کہ مجھے فون اور میسجز آنے لگے۔ سوشل میڈیا پر بھی یہ بات پھیلنے لگی۔ بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے دوران مجھے چوٹ لگی تھی۔ میں این سی اے میں صحت یاب ہونے کے لیے ری ہیب کر رہا تھا کہ اسی دوران یہ خبر آ گئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں بات کرتا تو کس سے کرتا؟ ایسا کچھ تھا نہیں، اگر ایسا ہوتا تو میں دوبارہ انڈیا اے ٹیم میں نہیں آتا۔ ابھی سری لنکا گیا تھا تو سوشل میڈیا پر یہ بات کیسے پھیل گئی؟ مجھے بھی نہیں معلوم، لیکن اس وقت مجھے بہت برا لگا تھا۔‘‘
سرفراز خان نے بتایا کہ ’’ایسے وقت میں کوئی فون بھی نہیں اٹھاتا تھا۔ وہ میرے گھر والوں کے لیے بہت برا وقت تھا۔ میری زندگی میں تو جدوجہد بہت رہی ہے اس لیے میں یہ سب برداشت کر لوں گا، لیکن والد کے لیے برا لگتا ہے۔ اہلیہ، بھائی اور والدہ کے لیے بہت برا لگا تھا۔ سوشل میڈیا پر کوئی چھوٹی سی بات بھی آ جائے تو وہ بہت بڑی بن جاتی ہے۔‘‘ سرفراز خان نے بتایا کہ 2 روز بعد انہیں گوتم گمبھیر سر کا فون آیا۔ انہوں نے ان سے کھیل پر توجہ دینے کے لیے کہتے ہوئے کہا کہ ’’ان باتوں پر توجہ مت دو، وہ سب سیاست ہے۔‘‘ سرفراز نے مزید بتایا کہ ’’میں نے سر سے کہا کہ میرے والد غمزدہ ہیں اور میری اہلیہ رو رہی تھیں۔ تو سر نے پھر والد سے بات کی، انہیں سمجھایا اور کہا کہ وہ اچھا کرکٹر ہے اور اسے کھیلنے دو، ان باتوں پر توجہ مت دو۔‘‘