انٹرویو: ’اب اردو کے طلبا بھی جدید ٹیکنالوجی میں دلچسپی لینے لگے ہیں‘، ڈاکٹر عبدالرافع سلفی
ڈاکٹر عین رشید قلمی نام رکھنے والے عبدالرافع کی پیدائش 1979 کو بہار کے تاریخی شہر مدھوبنی کے بینی پٹی میں ہوئی تھی۔ ان کے والد کا نام حافظ عبدالواسع سلفی ہے، جنھیں علاقے میں بہت عزت و احترام حاصل تھا۔
ڈاکٹر عبدالرافع سلفی بہار کے مشہور تعلیمی ادارہ ’ملت کالج‘ (بی بی پاکر، لہیریا سرائے، دربھنگہ) کے شعبۂ اردو و فارسی سے منسلک ہیں، جہاں ان کی تقرری 5 فروری 2020 کو ہوئی تھی۔ حالانکہ طلبا و طالبات کی تعلیم و تربیت ان کے خصوصی مشاغل میں شامل ہے، اس لیے بطور اسسٹنٹ پروفیسر مستقل ملازمت سے قبل بھی وہ درس و تدریس سے جڑے رہے۔ انھیں لکھنے پڑھنے کا بھی بہت شوق ہے، جس کا ثبوت ان کی شائع کتابیں ’جدید اردو قصیدہ‘ اور ’آبشار نوا‘ (مرتب) ہیں۔ ڈاکٹر عبدالرافع کی 2 کتابیں زیر طبع بھی ہیں، جن کے نام ’جدید اردو قصیدہ: مقدمہ، متن اور حواشی‘ اور ’جدید اردو نظم کا ہیئتی و عروضی نظام‘ ہیں۔ انھیں جدید اردو قصیدہ کے لیے دہلی اردو اکادمی کی طرف سے انعام بھی حاصل ہو چکا ہے۔ ایم فل میں اول پوزیشن حاصل کرنے کے لیے بھی انھیں دہلی اردو اکادمی کی طرف سے اعزاز بخشا گیا ہے۔

ڈاکٹر عین رشید قلمی نام رکھنے والے عبدالرافع سلفی کی پیدائش 1979 کو بہار کے تاریخی شہر مدھوبنی کے بینی پٹی میں ہوئی تھی۔ ان کے والد کا نام حافظ عبدالواسع سلفی ہے، جنھیں علاقے میں بہت عزت و احترام حاصل تھا۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم کے لیے اپنے بیٹے عبدالرافع کا داخلہ ’سلفیہ جونیئر اسکول‘ میں کرایا جو معیاری تعلیم کے لیے مشہور تھا۔ بعد ازاں 1987 میں ’مدرسہ احمدیہ سلفیہ‘ (دربھنگہ) میں داخلہ لیا اور جنوری 1995 میں مکمل فراغت حاصل کی۔ اس کے بعد اپریل 1995 میں ’پٹنہ ہائی اسکول‘ میں نویں کلاس میں داخلہ لیا اور 1996 میں میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ بلا رخنہ پڑھائی کا سلسلہ جاری رہا، یعنی 1998 میں انٹرمیڈیٹ اور 2002 میں ’پٹنہ کالج‘ سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کر لی۔ 2005 میں انھیں ’پٹنہ یونیورسٹی‘ سے پوسٹ گریجویٹ کی بھی سند مل گئی۔ اس کے بعد عبدالرافع نے راجدھانی دہلی کا رخ کیا اور تاریخی ’جواہر لعل نہرو یونیورسٹی‘ سے 2008 میں ایم فل اور 2013 میں پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی۔ انھوں نے 2013 سے 2019 تک ’جواہر لعل نہرو یونیورسٹی‘ میں بطور ریسرچ ایسو سی ایٹ خدمات بھی انجام دیں۔
’ملت کالج‘ کا قیام کن مقاصد کے پیش نظر کیا گیا اور اس تعلیمی ادارے کی اہم خصوصیات کیا ہیں؟
’ملت کالج‘، دربھنگہ کا قیام 17 اکتوبر 1956 کو ہوا تھا، لیکن باضابطہ درس و تدریس کا آغاز ٹھیک ایک سال بعد 17 اکتوبر 1957 سے ہوا۔ ابتدا سے 1975 تک یہ اقلیتی ادارہ رہا، لیکن 1976 میں للت نارائن متھلا یونیورسٹی کا اٹوٹ حصہ بن گیا، جس سے اس کا اقلیتی کردار ختم ہو گیا۔ حالانکہ اب بھی اس کالج میں 90 فیصد سے زیادہ تعداد اقلیتی طلبا و طالبات کی ہے۔ جب اس کالج کی بنیاد پڑی، تو مقامی نونہالوں کے لیے تعلیم و تربیت کا اعلیٰ معیاری نظام قائم کرنا اہم مقاصد میں شامل تھا۔ یہاں انٹرمیڈیٹ سے ایم اے (سائنس، آرٹس اور کامرس) تک کی تعلیم کا نظم کیا گیا تاکہ مقامی طلبا کے روشن مستقبل کا راستہ ہموار ہو۔ ابتدا سے ہی ’ملت کالج‘ اس مقصد میں کامیاب رہا، کیونکہ یہاں سے نکلنے والے ہزاروں طلبا میڈیکل اور انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی خدمات دے کر ادارہ کا نام روشن کر رہے ہیں۔
موجودہ وقت کی بات کریں تو یہاں طلبا و طالبات کو مقابلہ جاتی امتحانات، یعنی بی پی ایس سی، یو پی ایس سی اور میڈیکل و انجینئرنگ کے لیے خصوصی رہنمائی کی جاتی ہے۔ کالج میں این ایس ایس اور این سی سی کا باضابطہ یونٹ بھی ہے، جو ہمیشہ متحرک و فعال رہتا ہے۔ کالج کا اسپورٹس شعبہ بھی کافی سرگرم ہے۔ ان تینوں شعبوں کے طلبا و طالبات ملک گیر سطح پر مختلف مقابلوں میں اب تک کئی میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔ یہ کہنا مبالغہ آرائی نہیں ہوگی کہ کالج کے یہ تینوں شعبے یونیورسٹی کے دیگر کالجز پر فوقیت رکھتے ہیں۔

اس تعلیمی ادارہ کے شعبۂ اردو میں تدریسی ذمہ داریاں انجام دینے والی کچھ اہم شخصیات کے بارے میں بتائیں۔ اس وقت شعبۂ اردو میں اساتذہ اور طلبا کی کتنی تعداد ہے؟
’ملت کالج‘ کے شعبۂ اردو میں پروفیسر ولی اللہ سکتی، پروفیسر داؤد عالم، پروفیسر رضوان اللہ، پروفیسر مشتاق احمد (سابق رجسٹرار)، پروفیسر افتخار احمد، ڈاکٹر سہیل احمد اور ڈاکٹر جمال اویسی جیسی شخصیات نے اپنی خدمات دی ہیں۔ فی الحال شعبۂ اردو و فارسی سے 6 اساتذہ منسلک ہیں، جن میں 4 اردو اور 2 فارسی کے ہیں۔ جہاں تک اس شعبہ میں مجموعی طلبا و طالبات کا سوال ہے، یہ تعداد 1850 سے زائد ہے۔ انڈر گریجویٹ (یو جی 7 سمسٹر) میں 1600 سے زائد اور پوسٹ گریجویٹ (پی جی 2 سمسٹر) میں 200 سے زائد طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
آپ نے مدرسہ اور اسکول دونوں میڈیم سے تعلیم حاصل کی ہے، اُردو کے فروغ میں آپ کسے آگے دیکھتے ہیں؟ جو پیچھے ہے، اس میں بہتری کے لیے آپ کا کیا مشورہ ہے؟
مدرسہ، اسکول اور کالج یا یونیورسٹی میں اردو کی تعلیم کا ماحول بہت مختلف ہے۔ اگر مدرسہ کی بات کریں تو شعوری طور پر یا باضابطہ اردو کے فروغ کو توجہ میں رکھ کر کوئی خاص گہما گہمی دیکھنے کو نہیں ملتی۔ کچھ سرگرمیاں ضرور ایسی ہیں جس سے خود بخود اردو کے فروغ کا راستہ نکل جاتا ہے۔ مثلاً ہفتہ واری انجمن میں اردو تقریر کی مشق کرائی جاتی ہے، کبھی کبھی بیت بازی ہوتی ہے، عربی و فارسی کی کتابیں اردو میں پڑھائی جاتی ہیں، وغیرہ۔ مدارس میں مضامین وغیرہ کی کتابیں بھی عموماً اردو میں ہی شائع ہوتی ہیں، اس طرح مدارس لاشعوری طور پر ہی سہی اردو کے فروغ کا ایک بہترین ذریعہ بن جاتا ہے۔
اس کے برعکس اسکول میں اردو کا فروغ دال میں نمک کے برابر ہوتا ہے۔ ابتدائی درجات سے لے کر انٹر تک اردو کی تعلیم صرف ایک مضمون کے طور پر دی جاتی ہے۔ کبھی کبھی یومِ اقبال، یومِ سرسید، یومِ پریم چند وغیرہ پر تقاریب کا انعقاد ضرور ہوتا ہے، لیکن اس کا کوئی خاص اثر دکھائی نہیں دیتا ہے۔ کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر ضرور اردو کے فروغ کو توجہ میں رکھ کر کئی عمل انجام دیے جاتے ہیں۔ حالانکہ اساتذہ کو طلبا پر بہت محنت کرنی پڑتی ہے، کیونکہ اسکولوں میں اردو تعلیم کا معیار آج بھی اعلیٰ درجہ کا نہیں ہے۔ نتیجہ کار کالج و یونیورسٹی کے اساتذہ کو وہ چیزیں بھی پڑھانی پڑتی ہیں جو اسکولی نصاب کا حصہ ہوتی ہیں۔ اردو زبان کے فروغ اور بقا کے لیے کچھ ادارے، انجمنیں اور ٹرسٹ ضرور بڑھ چڑھ کر خدمات انجام دے رہی ہیں، جو ہمارے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔
کالج و یونیورسٹی کے اساتذہ کے لیے حوصلہ شکن بات یہ ہوتی ہے کہ طلبا اعلیٰ تعلیم کے لیے اردو زبان کا انتخاب ضرور کرتے ہیں، لیکن ان میں دلچسپی کا فقدان ہوتا ہے۔ مقالہ خوانی، تحریری مقابلہ اور مضمون نویسی جیسے پروگرام کر ان میں دلچسپی پیدا کرنی پڑتی ہے جو ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ بہت کوششوں کے بعد کچھ طلبا میں شوق پیدا ہوتا ہے اور وہ اردو زبان و ادب کی خدمت میں آگے بڑھتے ہیں۔
ایک بات یہ بھی قابل ذکر ہے کہ شعبۂ اردو میں طالبات کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے، جنھیں تعلیم میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ فی الوقت تقریباً 1850 طلبا میں طالبات کی تعداد تقریباً 1600 ہوگی۔ ان میں سے بیشتر طالبات دور دراز سے کلاس کرنے کالج آتی ہیں، اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی حاضری کم ہوتی چلی جاتی ہے۔ آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ان طالبات کو لگاتار کلاس کرنے کے لیے راغب کرنا ہم اساتذہ کے لیے کتنا چیلنج بھرا ہوتا ہوگا۔ ہم صرف طالبات سے ہی نہیں، بلکہ ان کے سرپرستوں سے بھی رابطہ کرتے ہیں اور انھیں سمجھاتے ہیں کہ اردو سے جذباتی لگاؤ پیدا کریں، ورنہ اس زبان کی حفاظت مشکل ہو جائے گی۔

بہار آپ کی آبائی ریاست ہے اور دہلی میں آپ نے کئی سال قیام کر اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ان دونوں خطوں میں آپ نے اُردو کو کہاں خوشحال دیکھا؟
جب میں راجدھانی دہلی میں تھا تو دہلی کو بہار کے بالمقابل زیادہ خوشحال دیکھا۔ حالانکہ بہار کے کچھ بڑے شہروں میں اردو کی صورت حال قابل رشک ہے۔ بہار میں جگہ جگہ انفرادی و اجتماعی طور پر اردو کے فروغ کے لیے سرگرمیاں بھی دیکھنے کو ملتی ہیں، جو حالات کو بہتر بنا رہے ہیں۔ روزگار کے حوالہ سے بات کریں تو گزشتہ چند سالوں میں اسکولی سطح پر اساتذہ کی خوب تقرریاں ہوئی ہیں۔ بہار کے جن اسکولوں میں اردو اساتذہ پہلے نہیں تھے، اب بحالی ہونے سے ماحول بہت بدل گیا ہے۔ اسے میں ذاتی طور پر اردو کے لیے خوش آئند سمجھتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اردو کی صورت حال خوب سے خوب تر ہوگی۔

کیا جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں اردو کے طلبا بہت پیچھے نہیں ہیں؟
یقیناً جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں اردو کے طلبا پیچھے ہیں، لیکن اب تیزی سے حالات بدل رہے ہیں۔ اب اردو کے طلبا بھی جدید ٹیکنالوجی میں دلچسپی لینے لگے ہیں اور ہم اساتذہ کی کوششوں کا بھی اثر دکھائی دینے لگا ہے۔ طلبا اب بہت آسانی کے ساتھ آن لائن کلاس میں ’گوگل میٹ‘ کے ذریعہ صد فیصد حاضری درج کراتے ہیں، اردو کی مختلف ویب سائٹس سے کتب و مضامین کا مطالعہ کرنا بھی ان کے لیے بہت عام ہو گیا ہے۔ آج کے اردو طلبا بعض مواد کو انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کر کے پی ڈی ایف بنانے اور اسے اپنے موبائل میں محفوظ کرنے کا ہنر بھی جانتے ہیں۔ حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی طرف گامزن ہیں۔