نیٹ-یو جی پیپر لیک معاملہ: عدالت نے 14 ملزمین کے خلاف الزامات طے کرنے کی دی ہدایت، 21 نومبر کو پیشی کا حکم

21 نومبر کو عدالت ملزمین کے خلاف باضابطہ طور پر الزامات طے کرے گی۔ عدالت نے کہا ہے کہ اس معاملے میں 25 نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت شروع کی جائے گی۔

نیٹ-یو جی پیپر لیک معاملہ: عدالت نے 14 ملزمین کے خلاف الزامات طے کرنے کی دی ہدایت، 21 نومبر کو پیشی کا حکم

’نیٹ-یو جی 2026‘ پیپر لیک معاملہ میں راؤز ایونیو کورٹ کی خصوصی فاسٹ ٹریک عدالت نے بدھ کو ملزمین کے خلاف الزامات طے کر دیے ہیں۔ عدالت نے تمام 14 ملزمین کے خلاف سی بی آئی کی جانب سے عائد کی گئی دفعات کے تحت الزامات طے کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ کاپی رائٹ ایکٹ کی دفعہ 63 کے تحت بھی الزامات طے کیے گئے ہیں۔

فاسٹ ٹریک عدالت نے یش یادو، مانگی لال بیوال، دنیش بیوال، وکاس بیوال، شبھم خیرنار، دھننجے لوکھنڈے، پرہلاد کلکرنی، تیجس ہرشد کمار، ڈاکٹر منوج شرورے، شیوراج رگھوناتھ موٹے گاؤںکر، منیشا واگھمارے، منیشا مندھارے اور منیشا سنجے حولدار کے خلاف الزامات طے کیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے تمام ملزمین کو 21 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ 21 نومبر کو عدالت ملزمین کے خلاف باضابطہ طور پر الزامات طے کرے گی۔ عدالت نے کہا ہے کہ اس معاملے میں 25 نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت شروع کی جائے گی۔

سی بی آئی نے نیٹ-یو جی پیپر لیک معاملے میں 20 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی ہے۔ سی بی آئی نے نیٹ-یو جی پیپر لیک معاملے میں اپنی پہلی چارج شیٹ جولائی میں داخل کی تھی۔ راؤز ایونیو کورٹ کی خصوصی فاسٹ ٹریک عدالت نے 12 اگست کو سی بی آئی کی چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ سی بی آئی نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ 3 موضوعات کے ماہرین نے دہلی میں این ٹی اے کے دفتر سے نیٹ امتحان کے سوالات کو الگ الگ طریقوں سے باہر نکالا تھا۔ ملزمین ایسا اس لیے کر سکے کیونکہ خفیہ شعبہ سے باہر نکلتے وقت ان کی تلاشی نہیں لی گئی تھی۔

سی بی آئی نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ این ٹی اے کے خفیہ شعبہ میں داخل ہونے اور وہاں سے باہر نکلنے کے دوران ماہرین کی جانچ یا تلاشی لینے کا کوئی طریقہ رائج نہیں تھا۔ این ٹی اے میں سی سی ٹی وی کی لائیو فوٹیج پر نظر رکھنے کے لیے کوئی مخصوص نگرانی کنٹرول روم بھی موجود نہیں تھا، جس کے نتیجے میں خفیہ ہال میں ماہرین کی سرگرمیاں کسی کی نظر میں نہیں آ سکیں۔

سی بی آئی نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ ایک ملزم نے سوالات کو کاغذ کی پرچیوں پر لکھ کر چھپا لیا، جبکہ 2 دیگر ملزمین نے سوالات یاد کر لیے اور اپنے ہوٹل کے کمروں میں واپس جا کر یا تو انہیں لکھ لیا یا پھر نصابی کتابوں میں متعلقہ مضامین پر نشان لگا دیے۔ چارج شیٹ کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ماہرین کو ترجمہ اور دوبارہ ترجمہ کرنے کے دوران ابتدائی کام کے لیے خفیہ شعبہ کے اندر سادہ کاغذ کی شیٹس فراہم کی گئی تھیں۔ ملزم پی وی کلکرنی نے ان شیٹس کا استعمال کرتے ہوئے کیمسٹری کے تمام 135 سوالات اور ان کے جوابی متبادل مختصراً نوٹ کر لیے تھے۔

سی بی آئی کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بایولوجی (باٹنی اور زولوجی) کی دستاویز تیجس دبھاڑے نے 20 اور 21 اپریل 2026 کو سنیہانجلی دیشمکھ اور دیا شندے کے نوٹس کی فوٹو کاپیوں سے ٹائپ کی تھی۔ یہ نوٹس منیشا سنجے واگھمارے نے دھننجے لوکھنڈے کے ذریعہ ستیہ جیت سولنکی اور تیجس دبھاڑے کو فراہم کیے تھے۔