اتر پردیش: ووٹر لسٹ میں جعلسازی کرنے پر ہوگی جیل، الیکشن کمیشن نے دی سخت وارننگ
نودیپ رنوا نے بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کو آن لائن فارم-6اے بھرنے کا مشورہ دیا۔ جن کے نام مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں، وہ تصویر کے ساتھ تاریخ پیدائش اور رہائشی ثبوت منسلک کر کے درخواست دیں۔
اتر پردیش میں ووٹر لسٹ کی خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر 2027) کے دوران الیکشن کمیشن نے سخت وارننگ دی ہے۔ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے، حذف کرانے یا ترمیم کے لیے قصداً غلط معلومات فراہم کرنے پر ایک برس تک کی جیل، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رنوا نے واضح کیا ہے کہ عوامی نمائندگی قانون کی دفعہ 31 اور 32 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ دفعہ 31 کے تحت ووٹر لسٹ سے متعلق معاملات میں جھوٹا اعلان کرنے پر ایک بر تک کی قید، جرمانہ یا دونوں سزاؤں کا التزام ہے۔ وہیں دفعہ 32 کے تحت اپنے فرائض میں لاپروائی برتنے والے افسران کو 3 ماہ سے لے کر 2 برس تک کی جیل، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رنوا کے مطابق پیلی بھیت میں اس قانونی التزام کے تحت متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ افسران کو معطل بھی کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سبھی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو پنچایت اور شہری بلدیاتی اداروں کی ووٹر لسٹ کا اسمبلی کی ووٹر لسٹ سے موازنہ کرانے کی ہدایت دی ہے۔ پنچایت یا بلدیاتی اداروں کی ووٹر لسٹ میں نام ہونے کے باوجود اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں نام نہ ہونے کی صورت میں اہل شہریوں سے فارم-6 بھروایا جائے گا۔ اس عمل کے دوران ایسے اہل شہریوں کی شناخت کی جائے گی، جن کے نام پنچایت یا شہری بلدیاتی اداروں کی ووٹر لسٹ میں درج ہیں، لیکن اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ ایسے لوگوں سے فارم-6 بھروانے کے بعد اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
نودیپ رنوا نے بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کو آن لائن فارم-6اے بھرنے کا مشورہ دیا ہے۔ جن ووٹروں کے نام مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں، وہ اپنی تصویر کے ساتھ تاریخ پیدائش اور رہائش کا ثبوت منسلک کرکے فارم-6 کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے لیے آدھار کارڈ بھی قابل قبول دستاویز ہے۔ ووٹر لسٹ سے کسی نام کو حذف کرانے یا اس کے خلاف اعتراض درج کرانے کے لیے فارم-7 بھرنا ہوگا۔ وہیں پتہ تبدیل کرنے، ووٹر کی تفصیلات میں ترمیم، ای پی آئی سی تبدیل کرنے یا معذوری سے متعلق نشاندہی کے لیے فارم-8 کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان تمام کارروائیوں کے لیے ووٹر ای سی آئی نیٹ ایپ یا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ voters.eci.gov.in کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ انتخاب سے متعلق شکایات درج کرانے کے لیے ngsp.eci.gov.in پورٹل کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ وہیں ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے جوڑنے کے سوال پر نودیپ رنوا نے کہا کہ مستقبل میں اس سلسلے میں اتفاق رائے بننے پر قدم اٹھایا جا سکتا ہے۔
ریاست میں کوئی بھی اہل شہری اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرانے سے محروم نہ رہے، اس کے لیے انتخابی افسران کو ایک اور ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تمام ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو اسمبلی کی ووٹر لسٹوں کا پنچایت اور شہری بلدیاتی اداروں کی ووٹر لسٹوں سے موازنہ کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ووٹر اپنی شکایات اور انتخابات سے متعلق معلومات کے لیے الیکشن کمیشن کے قومی رابطہ مرکزی ٹول فری ہیلپ لائن 1950 یا 1800-11-1950 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ریاستی رابطہ مرکز کے لیے 1800-180-1950 نمبر جاری کیا گیا ہے۔ یہ رابطہ مراکز پورے سال کام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹر اپنے ضلع کے ایس ٹی ڈی کوڈ کے ساتھ 1950 ڈائل کرکے ضلعی رابطہ مرکز سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔