’ملک میں 40 فیصد آلودگی کے لیے میں ذمہ دار‘، مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اعتراف

ایتھنول ملے پٹرول سے متعلق جاری تنازعہ پر گڈکری نے اپنی رائے پیش کرتے ہوئے الزام لگایا کہ 2 سے 3 ماہ قبل ایتھنول ملے پٹرول کو گاڑیوں کے لیے نقصان دہ بتانے کی خاطر پیسے دے کر مہم چلائی گئی تھی۔

’ملک میں 40 فیصد آلودگی کے لیے میں ذمہ دار‘، مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اعتراف

ہندوستان میں آلودگی تشویش ناک حد تک بڑھی ہوئی ہے۔ کبھی کبھی حالات کچھ بہتر ہوتے ہیں، لیکن دہلی، ممبئی، بنگلورو جیسے بڑے شہروں میں خاص طور سے ہوا اکثر انتہائی زہریلی ہی رہتی ہے۔ آلودگی بڑھنے کی ایک بڑی وجہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی بڑھتی تعداد ہے۔ اس بارے میں مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے دہلی میں منعقدہ 14ویں سی آئی آئی بایو انرجی سمٹ میں خصوصی ذکر کیا اور موجودہ حالات کے لیے خود کو ذمہ دار بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں خود ہندوستان میں 40 فیصد فضائی آلودگی کا ذمہ دار ہوں۔‘‘

اپنے خطاب میں نتن گڈکری نے پٹرول اور ڈیزل کے متبادل ایندھن پر اپنی رائے بھی پیش کی۔ انہوں نے ایتھنول، میتھانول، بایو ڈیزل اور ہائیڈروجن کو دوسرے متبادل ایندھن کے طور پر شمار کیا۔ انھوں نے بڑھتی آلودگی کو گاڑیوں کی بڑھتی تعداد سے جوڑتے ہوئے ملک کی 40 فیصد فضائی آلودگی کے لیے خود کو ذمہ دار بتایا۔ اس کے بعد گفتگو کا رخ پٹرول اور ڈیزل کے متبادل کی طرف موڑتے ہوئے کہا کہ ایتھنول، میتھانول، بایو ڈیزل اور ہائیڈروجن ایسے ایندھن ہیں، جنھیں پر پٹرول اور ڈیزل کے متبادل کے طور پر کام کیا جا سکتا ہے۔

گڈکری نے پٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے دوسرے متبادل ایندھن کی ضرورت بتائی اور کہا کہ ایتھنول، میتھانول، بایو ڈیزل اور ہائیڈروجن جیسے متبادل ایندھن کے استعمال سے روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنے کی سمت میں کام کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایتھنول سے ہوائی جہاز کا ایندھن تیار کرنے کے امکان کا بھی ذکر کیا۔ اس کے علاوہ کاربن ڈائی آکسائیڈ سے یوریا بنانے اور ڈی ایم ای کے استعمال سے ایل پی جی کی درآمد کم کرنے کی بات بھی کہی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں گڈکری نے گوبردھن پلانٹ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ایسے 3,000 پلانٹ قائم ہونے والے ہیں۔

ایتھنول ملے پٹرول سے متعلق جاری تنازعہ پر بھی گڈکری نے اپنی رائے پیش کی۔ ان کا الزام ہے کہ 2 سے 3 ماہ پہلے ایتھنول ملے پٹرول کو گاڑیوں کے لیے نقصان دہ بتانے کی خاطر پیسے دے کر مہم چلائی گئی تھی۔ اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’کسی کی گاڑی خراب نہیں ہو رہی ہے۔ گاڑی اب ٹھیک ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے تیل درآمد کرنے والی لابی پر ایتھنول کی آمیزش کی مخالفت کرنے کا الزام لگایا۔ ان کے مطابق اس مخالفت کے پیچھے تیل کی درآمد سے وابستہ مفادات کام کر رہے ہیں۔