یمنا ندی میں آلودگی پر سپریم کورٹ سخت، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر جرمانہ عائد کرنے کی وارننگ
عدالت نے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کو ہدایت دی کہ وہ ہر ریاست، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور اضلاع میں یمنا اور بڑے نالوں کے داخلی اور خارجی مقامات پر پانی کے معیار کی نگرانی کرے۔
یمنا ندی میں مسلسل بڑھتی آبی آلودگی پر سپریم کورٹ نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ عدالت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر جرمانہ عائد کرنے کی وارننگ دی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ یمنا کی صفائی پر خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود ندی میں آلودگی کم ہونے کے بجائے بڑھ گئی ہے۔ دریا کے کنارے آباد شہروں، قصبوں اور دیہات کی بلدیاتی انتظامیہ کی ناکامی یمنا کی خراب حالت سے ظاہر ہوتی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ یمنا میں گندا پانی چھوڑنے والے 520 نالوں کی حالت بھی ندی کی خراب صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔
Pollution in Yamuna has only increased despite huge sums being spent on cleaning the river, the Supreme Court has said, directing the Central Pollution Control Board (CPCB) to monitor water quality at the points where the Yamuna and its major drains enter and exit states, Union…
— The Hindu (@the_hindu) November 16, 2026
جسٹس منوج مشرا اور جسٹس منموہن کی بنچ نے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کو ہدایت دی کہ وہ ہر ریاست، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور اضلاع میں یمنا اور بڑے نالوں کے داخلی اور خارجی مقامات پر پانی کے معیار کی نگرانی کرے۔ ساتھ ہی عدالت نے وارننگ دی کہ اگر کسی ریاست، مرکز کے زیر انتظام علاقے یا ضلع سے گزرتے ہوئے پانی کا معیار خراب ہوتا ہے تو متعلقہ انتظامیہ کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا اور اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سی پی سی بی کو معاوضے کا حساب لگانے کا فارمولہ تجویز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جانچ کے بعد ریاستیں آلودگی پھیلانے والوں اور لاپرواہی برتنے والے افسران سے یہ معاوضہ وصول کر سکیں گی۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ صنعتی آلودگی اور بغیر صفائی کے چھوڑے جانے والے گندے پانی کو اس کے اخراج کی جگہ پر ہی روکنا ہوگا۔ صرف نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (ایس ٹی پی) تعمیر کرنا جمنا کی صفائی کے لیے کافی نہیں ہے۔ عدالت نے دہلی کے زون ’او‘ میں 35 آبی ذخائر اور ویٹ لینڈز پر تجاوزات کے حوالے سے ایکشن پلان میں تضاد پایا۔ منصوبے میں تجاوزات نہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جبکہ دہلی حکومت کی اپنی دستاویز میں تمام 35 آبی ذخائر کو تجاوزات سے متاثر بتایا گیا ہے۔ دہلی میں موجود 37 ایس ٹی پی میں سے کوئی بھی مقررہ تمام معیارات پر پورا نہیں اترا ہے۔