منی شنکر ایئر کو جناح کی ’دہلی مسلم پروپوزلس‘ پر تحقیق کے لیے ملا جواہر لعل نہرو فیلوشپ

منی شنکر ایئر 1927 کی تاریخی تجاویز کے عروج و زوال کا جائزہ لیں گے۔ اس 2 سالہ فیلوشپ کے تحت انھیں ہر ماہ ایک لاکھ روپے کا وظیفہ ملے گا۔

منی شنکر ایئر کو جناح کی ’دہلی مسلم پروپوزلس‘ پر تحقیق کے لیے ملا جواہر لعل نہرو فیلوشپ

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر منی شنکر ایئر کو 2026 کے لیے جواہر لعل نہرو فیلوشپ سے نوازا گیا ہے۔ انہیں یہ فیلوشپ محمد علی جناح کی 1927 کی تاریخی ’دہلی مسلم پروپوزلس‘ پر تحقیق کے لیے دی گئی ہے۔ ان تجاویز (پروپوزلس) کو ہندو-مسلم اتحاد اور دونوں طبقوں کے درمیان سیاسی تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

جواہر لعل نہرو میموریل فنڈ (جے این ایم ایف) نے اس فیلوشپ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ 2 سال کی مدت کے لیے دی جائے گی۔ اس کے تحت منی شنکر ایئر کو ہر ماہ ایک لاکھ روپے وظیفہ اور سالانہ 75 ہزار روپے بطور اضافی تحقیقی اخراجات فراہم کیے جائیں گے۔ فنڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جواہر لعل نہرو کی 137ویں یوم پیدائش کے موقع پر منی شنکر ایئر کو 2026 کی فیلوشپ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں ’دی لوسٹ سنچری (1927-2027): رائز (1927) اینڈ فال (1928) آف ایم اے جناح دہلی مسلم پروپوزلس (20 مارچ 1927)‘ کے موضوع پر تحقیق کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ جے این ایم ایف نے جانکاری دی ہے کہ اس تازہ اعلان کے ساتھ ہی اب تک جواہر لعل نہرو فیلوشپ کے تحت مجموعی طور پر 164 افراد کو یہ فیلوشپ دی جا چکی ہے۔

واضح رہے کہ محمد علی جناح اور دیگر مسلم لیڈران نے 1927 میں ’دہلی مسلم پروپوزلس‘ یعنی تجاویز پیش کی تھیں۔ ان تجاویز کا بنیادی مقصد ہندو-مسلم سیاسی تعاون کے لیے ایک مشترکہ راستہ تلاش کرنا تھا۔ ان کے تحت مسلم لیڈران نے جداگانہ انتخابی نظام سے دست بردار ہو کر مشترکہ انتخابی نظام قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم اس کے لیے شرط رکھی گئی تھی کہ مسلم طبقے کو آئینی اور سیاسی تحفظات فراہم کیے جائیں۔ اس پیش رفت کو اس دور میں ہندو-مسلم اتحاد کی سمت ایک اہم سیاسی پہل قرار دیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ منی شنکر ایئر نے دہلی کے سینٹ اسٹیفن کالج سے گریجویشن اور کیمبرج یونیورسٹی کے ٹرینٹی ہال سے پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ انہوں نے 1963 میں ہندوستانی خارجہ سروس میں شمولیت اختیار کی۔ بعد ازاں وہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے دور میں وزیر اعظم کے دفتر میں خدمات انجام دیتے رہے۔ اس کے بعد انہوں نے انتخابی سیاست میں قدم رکھا اور لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔ منی شنکر ایئر 2004 سے 2009 تک کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت میں کابینہ وزیر بھی رہے اور اس دوران مختلف وزارتوں کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔