’حکومت کتابوں کا کچھ تو احترام کرے‘، سنٹرل وسٹا لائبریری معاملے پر سپریم کورٹ کا اظہار فکر

عدالت نے مرکزی حکومت سے کہا کہ اگر آپ کتابوں کو رکھنا نہیں چاہتے تو انہیں کسی دوسرے ملک کو دے دیجیے۔ بنچ نے حکومت کو ہدایت دی کہ معاملے کی آئندہ سماعت تک کتابوں کو دوسری جگہ منتقل نہ کیا جائے۔

’حکومت کتابوں کا کچھ تو احترام کرے‘، سنٹرل وسٹا لائبریری معاملے پر سپریم کورٹ کا اظہار فکر

سپریم کورٹ نے پیر (16 نومبر) کو مرکزی حکومت کی سرزنش کی۔ معاملہ دہلی کی 135 سال پرانی سنٹرل سیکریٹریٹ لائبریری کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا ہے۔ یہ لائبریری سنٹرل وِسٹا ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے تحت منتقل کی جانی ہے۔ لیکن وہاں رکھی تقریباً 8.5 لاکھ کتابوں کی دیکھ بھال کے لیے مناسب انتظام نہیں کیے گئے ہیں۔ یہ لائبریری شاستری بھون میں ہے۔ سنٹرل وسٹا پروجیکٹ کے تحت اس عمارت کو گرانے کی تجویز ہے۔

جسٹس سنجے کمار اور جسٹس سنجیو سچدیوا کی بنچ نے کتابوں کو سنبھالنے کے طریقے پر تشویش کا اظہار کیا۔ بنچ نے کہا کہ سرکاری افسران لائبریری کی وراثت کو بچانے کے لیے بغیر کسی ٹھوس منصوبہ کے کام کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ جسٹس کمار نے کہا کہ ’’آپ اس کام کو جلدبازی میں مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ آپ ان کتابوں کے ساتھ کیا کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں؟ ایسا لگتا ہے کہ اس کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں ہے۔ آپ کو ان کتابوں کی پرواہ نہیں ہے۔ یہ ایک وراثت ہے۔‘‘ بنچ کے مطابق یہ کتابیں 1702 سے وابستہ وراثت ہیں۔

جسٹس کمار نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ ان کتابوں کو رکھنا نہیں چاہتے تو انہیں کسی دوسرے ملک کو دے دیجیے۔ وہ ملک ان کی دیکھ بھال کرے گا اور ان کی اہمیت سمجھے گا۔ کم از کم ان کتابوں کی کچھ تو عزت کیجیے۔ 8.5 لاکھ کتابوں کو یوں ہی برباد ہونے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے۔ بنچ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ معاملے کی آئندہ سماعت تک کتابوں کو دوسری جگہ منتقل نہ کیا جائے۔ عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت جمعہ (20 نومبر) کو طے کی ہے۔ سپریم کورٹ اس معاملے میں ازخود نوٹس لے کر سماعت کر رہا ہے۔ اس معاملے کا نام ہے ’135 سال پرانی لائبریری، 8.5 لاکھ کتابیں اور نئے سنٹرل وِسٹا پروجیکٹ میں جگہ کی کمی کا معاملہ‘۔

سماعت کے دوران بنچ کو بتایا گیا کہ مرکزی حکومت نے پیر کو ہی ایک حلف نامہ داخل کیا ہے۔ حالانکہ اس حلف نامے کو ابھی عدالت کی دستاویزات میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں سینئر وکیل ہری پریا پدمنابھن کو عدالت نے ’ایمکس کیوری‘ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر تک کتابوں کو منتقل کرنے کی جلد بازی دکھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے عدالت سے اس عمل کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقام پر دستیاب جگہ کو لے کر مرکزی حکومت کی جانب سے مزید معلومات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہوں گی کہ وہ یہ بتائیں کہ کتابوں کی الماریوں کے لیے کتنی جگہ استعمال ہو رہی ہے۔ اس کا موازنہ نئی جگہ پر ملنے والی جگہ سے بھی کیا جائے۔ ان کے مطابق لائبریری کی تقریباً 2 لاکھ کتابیں گزشتہ 15 سال سے آر کے پورم کی ایک جگہ پر رکھی ہوئی ہیں۔ ان کتابوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔

مرکزی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریہ بھاٹی عدالت میں پیش ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ آر کے پورم میں رکھی کتابیں تلسی سدن لائبریری سے لائی گئی تھیں۔ اس پر عدالت نے ایمکس کیوری سے کہا کہ وہ یہ جانچ کریں کہ کیا ان کتابوں پر لائبریری کا ٹیگ لگا ہوا ہے۔ کچھ دیر تک دلیلیں سننے کے بعد بنچ نے مرکزی حکومت سے کہا کہ سنٹرل سکریٹیریٹ لائبریری کی کتابیں آئندہ سماعت تک منتقل نہیں کی جانی چاہئیں۔ جسٹس کمار نے ایشوریہ بھاٹی سے کہا کہ تو آپ کتابیں منتقل نہیں کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی ان سے کہا کہ ’’حکومت کتابوں کا کچھ تو احترام کرے۔‘‘