اقبال کا کلام انسان کو خودشناسی، خودداری اور سماجی ذمہ داری کا شعور عطا کرتا ہے: پروفیسر علی احمد فاطمی
سہ ماہی ’ادب سلسلہ‘ کے زیر اہتمام اور شعبۂ اردو الہ آباد یونیورسٹی کے اشتراک سے قومی سیمینار کا انعقاد، ملک کے ممتاز دانش وروں اور محققین کی شرکت
پریاگ راج: سہ ماہی ادبی و تحقیقی رسالہ ’ادب سلسلہ‘، نئی دہلی نے شعبۂ اردو، الہ آباد یونیورسٹی کے اشتراک سے کریلی باغ، پریاگ راج کے نواب گارڈن میں ’کلامِ اقبال کی عصری معنویت‘ کے عنوان سے ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں ملک کے مختلف جامعات اور علمی و ادبی اداروں سے وابستہ ممتاز اساتذہ، دانش وروں، ادبا اور محققین نے شرکت کی۔ مختلف علمی نشستوں میں علامہ اقبال کے فکر و فن، فلسفۂ خودی، انسان دوستی، اخوت اور انسانی اقدار کے تناظر میں ان کے کلام کی عصری معنویت پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
سیمینار کی صدارت معروف نقاد اور دانش ور پروفیسر علی احمد فاطمی نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ اقبال کا کلام انسان کو اپنی شناخت، خودداری اور سماجی ذمہ داری کا شعور عطا کرتا ہے۔ ان کی شاعری محض جمالیاتی اظہار نہیں بلکہ ایک وسیع فکری اور انسانی وژن کی حامل ہے۔ اقبال کے یہاں انسان کی عظمت، خود اعتمادی اور اجتماعی زندگی کے تقاضوں کا جو تصور ملتا ہے، وہ آج بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اقبال کے کلام کو اس کے وسیع سماجی، تہذیبی اور انسانی پس منظر میں سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری، پٹنہ کے ڈائریکٹر پروفیسر زاہد الحق سیمینار کے مہمان خصوصی تھے، جب کہ پروفیسر صالحہ رشید، سابق صدر شعبۂ عربی و فارسی، الہ آباد یونیورسٹی اور سینئر صحافی مظہر عالم مظہری، پنجاب کیسری و ہند سماچار گروپ، جالندھر مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
پروفیسر زاہد الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال کی شاعری میں انسان اور انسانیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان کے افکار کسی ایک عہد یا خطے تک محدود نہیں بلکہ ان میں پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا سامان موجود ہے۔ انہوں نے نئی نسل کو اقبال کے فکر و فن سے روشناس کرانے اور ان کے کلام پر سنجیدہ تحقیقی کام کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
پروفیسر صالحہ رشید نے اقبال کے کلام میں انسانی احساسات، سماجی شعور اور فکری بالیدگی کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ادب، تعلیم اور معاشرے کے باہمی رشتوں کو موضوع بنایا، جب کہ مظہر عالم مظہری نے ادبی و فکری مباحث کو عوام تک پہنچانے میں صحافت کے کردار پر اظہار خیال کیا۔
سیمینار میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انہوں نے اقبال کی شاعری، فلسفۂ خودی اور ان کے تصورِ انسان کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اقبال کا پیغام انسان کو اپنی ذات کے ساتھ معاشرے کے تئیں بھی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے اور بہتر انسانی اقدار کی تشکیل کی تحریک دیتا ہے۔
سیمینار کے پہلے اجلاس میں مقالات کی نگرانی ڈاکٹر عبد اللی، مگدھ یونیورسٹی گیا نے کی۔ اس نشست میں مختلف موضوعات پر تحقیقی مقالات پیش کیے گئے اور اقبال کے فکری و ادبی جہات پر علمی و تنقیدی تبادلۂ خیال ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر شعبۂ اردو، الہ آباد یونیورسٹی کے ڈاکٹر ظفر اللہ انصاری نے اظہارِ تشکر کیا۔
دوسرا اجلاس تکنیکی نشست کے طور پر منعقد ہوا، جس کی صدارت پروفیسر زاہد الحق نے کی، جب کہ نظامت کے فرائض شعبۂ عربی و فارسی، الہ آباد یونیورسٹی کی ڈاکٹر نیلوفر نے انجام دیے۔ اس نشست میں مقالات کی نگرانی شعبہئ اردو کے صدر ڈاکٹر سنجے کمار، ڈاکٹر کاشف، ڈاکٹر حسین جیلانی، مہاتما گاندھی کاشی ودیاپیٹھ، وارانسی اور ڈاکٹر شاہد خان، فتح پور نے کی۔ نشست کے اختتام پر ”ادب سلسلہ“ کے مدیر محمد سلیم علیگ نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔
سیمینار کے آغاز میں ”ادب سلسلہ“ کے مدیر محمد سلیم علیگ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور ملک کے مختلف حصوں سے تشریف لانے والے مہمانوں، مقالہ نگاروں اور شرکا کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس علمی و ادبی اجتماع کے انعقاد کی غرض و غایت اور موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عارض محمد قادری، ڈاکٹر شمیم اللہ خان، ڈاکٹر تحسین فاطمہ، این این فاروقی، سلمان اختر، ڈاکٹر محمد کلیم، نسیم اللہ خان لڈن بھائی، ڈاکٹر طاہرہ پر وین، عتیق ابراہیم، ڈاکٹر بلال، ڈاکٹر عرفان، شاہ شہود، تحسین فاطمہ، زرا سلیم، کفیل احمد، عبد الحکم،محمد زید، اوسامہ،عبد الرشید، عبد اللہ، محمد شمیم، ابو طالب،بد الزماں،علی رضا، محمد الفی، محمد الحم، دبیرہ خان، محمد شارق سمیت متعدد اہلِ علم و ادب موجود تھے۔
سہ ماہی ادب سلسلہ کی جانب سے شعبۂ اردو، الہ آباد یونیورسٹی کے اشتراک سے اس سیمینار کا انعقاد اقبال شناسی کے فروغ اور سنجیدہ علمی و تحقیقی مکالمے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس اجتماع نے اس حقیقت کو بھی نمایاں کیا کہ اقبال کا پیغام کسی مخصوص عہد یا طبقے تک محدود نہیں، بلکہ خودی، انسان دوستی، اخوت، رواداری اور احترامِ آدمیت پر مبنی ان کی فکر آج کے معاشرتی حالات میں بھی گہری معنویت رکھتی ہے۔