’پمپل فری‘ اور ’نو ایڈڈ شوگر‘ جیسے دعوے کرنے والی کمپنیوں پر کارروائی کی تیاری میں حکومت!

مرکزی حکومت ایسے پروڈکٹ لیبل اور ٹریڈمارک کی جانچ کا منصوبہ بنا رہی ہے جن پر بڑے بڑے دعوے لکھے ہوتے ہیں۔ اگر کمپنی اپنے دعوے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دے پاتی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

’پمپل فری‘ اور ’نو ایڈڈ شوگر‘ جیسے دعوے کرنے والی کمپنیوں پر کارروائی کی تیاری میں حکومت!

جب بھی ہم بازار سے کوئی سامان خریدتے ہیں تو پیکٹ پر جو بھی لکھا ہوتا ہے اس پر بھروسہ کر لیتے ہیں۔ جیسے بریڈ پر ’100 فیصد ہول ویٹ‘، کھانے کے سامان پر ’نو ایڈڈ شوگر‘ یا کسی کریم پر ’پمپل فری‘ لکھا ہو تو صارف کو لگتا ہے کہ پروڈکٹ میں واقعی یہ تمام خصوصیات موجود ہیں۔ کئی بار لوگ ایسے دعووں پر بھروسہ کر کے ان مصنوعات پر دیگر اشیاء کے مقابلے میں زیادہ پیسے بھی خرچ کر دیتے ہیں۔ لیکن اب کمپنیوں کے لیے پیکٹ پر اس طرح کے دعوے کرنا آسان نہیں رہنے والا ہے۔ اب جن مصنوعات پر بڑے بڑے دعوے لکھے ہوتے ہیں مرکزی حکومت ایسے پروڈکٹ لیبل اور ٹریڈمارک کی جانچ کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اگر کمپنی اپنے دعوے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دے پاتی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اتنا ہی نہیں غلط دعوے والے پروڈکٹ بازار سے ہٹائے بھی جا سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت برائے صارفین امور کھانے پینے کی اشیاء اور کاسمیٹک پروڈکٹس کے پیکٹ پر لکھے دعووں کی جانچ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس میں ’میدا فری بریڈ‘، ’100 فیصد ہول ویٹ‘، ’نو ایڈڈ شوگر‘، ’100 فیصد نیچرل‘ اور ’پمپل فری‘ جیسے دعوے شامل ہو سکتے ہیں۔ کمپنیوں کو یہ ثابت کرنا پڑ سکتا ہے کہ ان کے پروڈکٹ میں واقعی وہ تمام خوبیاں موجود ہیں، جن کا دعویٰ پیکٹ پر کیا جا رہا ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ صارف پیکٹ کے سامنے لکھی گئی باتوں کو دیکھ کر خریداری کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی کمپنی کسی بھی طرح کا دعویٰ کر کے زیادہ پیسے وصولتی ہے تو اسے بھروسے مند ثبوت بھی دینا ہوگا۔

حکومت اس معاملے میں ڈی پی آئی آئی ٹی کے ساتھ مل کر ٹریڈ مارک کی جانچ کا طریقہ تلاش رہی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر انہیں اپنے پروڈکٹ کے لیبل کو درست کرنے کے لیے بھی کہا جا سکتا ہے۔ اگر کسی سامان کے اصل اجزا اور پیکٹ پر کیے گئے دعوے میں فرق پایا جاتا ہے تو وزارت برائے صارفین امور اس پروڈکٹ کو بازار سے ہٹانے کی سفارش کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سی سی پی اے جانچ کر کے اصول ضوابط کے تحت جرمانہ بھی عائد کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پہلی بار پروڈکٹس کے دعووں پر سوال نہیں اٹھا رہی ہے۔ اس سے قبل بھی سی سی پی اے نے کچھ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ جون میں اسٹوریا فوڈز اور مسز بیکٹرز فوڈ اسپیشلٹیز پر ان کے پروڈکٹس کے پیکٹ پر کیے گئے دعووں کےحوالے سے 1-1 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اسٹوریا کے معاملے میں کمپنی کے ’100 فیصد ٹیندر کوکونٹ واٹر‘ کے دعوے پر سوال اٹھا تھا۔ جانچ میں پایا گیا کہ پروڈکٹ ناریل پانی کے کنسنٹریٹ میں پانی ملا کر تیار کیا گیا تھا۔ دوسری جانب مسز بیکٹرز کے بریڈ پروڈکٹ پر ’100 فیصد آٹا بریڈ‘ اور ’100 فیصد ہول ویٹ بریڈ‘ جیسے دعوے تھی، اس کی بھی جانچ ہوئی تھی۔