میرا ماننا ہے کہ روہت اور کوہلی کو 2027 کا ورلڈ کپ کھیلنا چاہیے، دونوں کی کارکردگی انتہائی اہم ہوگی: مدن لال

روہت نے حالیہ اختتام پذیر نیوزی لینڈ سیریز کے دوران 4 اننگز میں 7.50 کی اوسط سے صرف 30 رنز بنائے۔ کوہلی نے 4 اننگز میں 21.50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 86 رنز بنائے، جس میں ایک نصف سنچری شامل ہے۔

میرا ماننا ہے کہ روہت اور کوہلی کو 2027 کا ورلڈ کپ کھیلنا چاہیے، دونوں کی کارکردگی انتہائی اہم ہوگی: مدن لال

سابق ہندوستانی کرکٹر اور 1983 میں ہندوستان کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک مدن لال کا ماننا ہے کہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں سینئر بلے بازوں کا تجربہ اور کارکردگی ٹیم کی مہم کے لیے انتہائی اہم ہوگی۔ مدن لال نے کہا کہ روہت اور کوہلی جیسے تجربہ کار کھلاڑی بڑے ٹورنامنٹس میں ٹیم کے لیے بہت قیمتی ہوتے ہیں، جہاں ان کی موجودگی اور کارکردگی بڑا فرق پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے یہ اعتماد بھی ظاہر کیا کہ ہندوستان کے یہ دونوں سابق کپتان اپنے شاندار کیریئر کو ختم کرنے سے قبل ایک اور ورلڈ کپ جیتنا چاہیں گے۔

مدن لال نے خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرا ماننا ہے کہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو آئندہ ورلڈ کپ کھیلنا چاہیے۔ ٹیم کے لیے ان کی کارکردگی بہت اہم ہوگی۔ بڑے ٹورنامنٹس میں ٹیم کو ان کے جیسے تجربہ کار اور بہترین کھلاڑیوں سے کافی امیدیں ہوتی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ دونوں بھی اپنے کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل ایک اور ورلڈ کپ جیتنا چاہیں گے۔ اسی لیے میرا خیال ہے کہ انہیں ورلڈ کپ مہم کا حصہ ہونا چاہیے۔‘‘

سابق آل راؤنڈر کا یہ حمایتی بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نامیبیا میں ہونے والے ونڈے ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے درمیان ہندوستانی ٹیم میں روہت اور کوہلی کے مستقبل کے کردار کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف حال ہی میں کھیلی گئی 5 میچوں کی ونڈے سیریز میں روہت اور کوہلی کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی۔ روہت کے لیے یہ سیریز انتہائی مایوس کن رہی۔ انہوں نے 4 اننگز میں 7.50 کی اوسط سے صرف 30 رنز بنائے۔ ان کے اسکور 0، 23، 0 اور 7 رہے، جس میں وہ 2 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کسی دو فریقی ونڈے سیریز میں بطور سلامی بلے باز یہ ان کی سب سے کم بیٹنگ اوسط رہی۔ سیریز کی اپنی آخری اننگ میں وہ بے اوول میں 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے میتھیو فشر کی گیند کو فلک کیا، جو سیدھی مڈ وکٹ پر کھڑے فیلڈر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔

دوسری جانب وراٹ کوہلی نے 4 اننگز میں 21.50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 86 رنز بنائے۔ آکلینڈ میں دورے کا آغاز انہوں نے 51 گیندوں پر شاندار 74 رنز بنا کر کیا تھا، لیکن اس کے بعد وہ اپنی فارم برقرار نہیں رکھ سکے اور اگلی 3 اننگز میں ان کے اسکور 7، 0 اور 5 رہے۔ 2027 کا ورلڈ کپ ہندوستان کو ونڈے ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے کے لیے ایک اور موقع فراہم کرے گا۔ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ شبھمن گل کی کپتانی میں ایک مضبوط ٹیم تیار کی جائے۔