آبنائے باب المندب کے قریب مال بردار جہاز غرق، 2 ہندوستانی ملاح بحفاظت بچا لیے گئے، ایک اب بھی لاپتہ
نیروبی میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن نے بدھ کو بتایا کہ آبنائے باب المندب کے قریب مال بردار جہاز ’الفتح‘ کے ڈوبنے کے بعد 2 ہندوستانی ملاحوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، جبکہ ایک ملاح اب بھی لاپتہ ہے۔
نیروبی میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن نے بدھ (18 نومبر) کو بتایا کہ آبنائے باب المندب کے قریب مال بردار جہاز ’الفتح‘ کے ڈوبنے کے بعد 2 ہندوستانی ملاحوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، جبکہ ایک ہندوستانی ملاح اب بھی لاپتہ ہے۔ ہندوستانی مشن نے بتایا کہ وہ متعلقہ حکام اور دیگر فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، تاکہ بچائے گئے دونوں ملاحوں کی بحفاظت ہندوستان واپسی یقینی بنائی جا سکے اور لاپتہ ملاح کی تلاش کے لیے جاری کوششوں میں مکمل تعاون کیا جا سکے۔
Two Indian sailors were rescued after cargo vessel Al-Fatah sank near the Bab el-Mandeb Strait, while one remains missing. The Indian High Commission in Nairobi said it is coordinating repatriation and search efforts with relevant authorities.#BabElMandeb #IndianSailors…
— Telangana Today (@TelanganaToday) November 18, 2026
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ ’’نیروبی میں ہندوستانی ہائی کمیشن مال بردار جہاز الفتح سے بچائے گئے 2 ہندوستانی ملاحوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔ یہ جہاز آبنائے باب المندب کے قریب ڈوب گیا تھا۔ تیسرا ہندوستانی ملاح اب بھی لاپتہ ہے اور اس کی تلاش جاری ہے‘‘ ہائی کمیشن نے مزید کہا کہ ’’ہم متعلقہ حکام، شپنگ ایجنٹ اور بچائے گئے ملاحوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، تاکہ ان کی واپسی کا عمل مکمل کیا جا سکے اور لاپتہ ہندوستانی عملے کے رکن کی تلاش کی کوششوں میں مدد فراہم کی جا سکے۔‘‘
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایک روز قبل ہی ہندوستان نے آبنائے ہرمز میں ’پناما‘ کے پرچم بردار ایل پی جی ٹینکر ’ایم ٹی تارا گیس‘ پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کی تھی۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے منگل (17 نومبر) کو بتایا تھا کہ جہاز پر سوار 24 ہندوستانی شہریوں میں سے 21 کو بحفاظت نکال کر عمان کے خاصب ساحل پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی عملے کے 2 زخمی ہندوستانی اراکین کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ ایک ہندوستانی لاپتہ ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ ’’ہم 16 نومبر کو آبنائے ہرمز میں پناما کے پرچم بردار ایل پی جی ٹینکر ’ایم ٹی تارا گیس‘ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ جہاز پر سوار 24 ہندوستانی شہریوں میں سے 21 کو بحفاظت ساحل پر پہنچا دیا گیا ہے۔ 2 زخمی ہندوستانی شہری اسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ ایک ہندوستانی شہری اب بھی لاپتہ ہے۔‘‘ وزارت کے مطابق عمان میں ہندوستانی سفارت خانہ وہاں کے حکام کے ساتھ مل کر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ وزارت خارجہ نے عمانی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بچاؤ کی کارروائی میں بروقت مدد اور تعاون کے لیے ہندوستان اس کا شکر گزار ہے۔