راہل گاندھی کا وزیر اعظم مودی پر طنز، کہا- ’تاجروں اور بے روزگاروں کو تالی بجانے لائق بھی نہیں چھوڑا‘

راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس میں کمی کے باوجود تنخواہوں اور روزگار میں اضافہ نہ ہونا حکومت کی ناکامی کا اعتراف ہے

راہل گاندھی کا وزیر اعظم مودی پر طنز، کہا- ’تاجروں اور بے روزگاروں کو تالی بجانے لائق بھی نہیں چھوڑا‘

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے فکّی (ایف آئیسی سی آئی) کے صد سالہ اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی اقتصادی پالیسیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے اہم وسائل چند منتخب سرمایہ داروں کے حوالے کر دیے ہیں، لیکن اس کے باوجود روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا نہیں ہوئے۔

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے صنعت کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیکس میں کمی کے باوجود نہ تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا اور نہ ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے گئے۔

اس پر راہل گاندھی نے طنز کرتے ہوئے کہا، ’’مودی جی، یہ ان پر الزام نہیں بلکہ آپ کا اعتراف ہے۔‘‘ انہوں نے وزیر اعظم کے اس بیان پر بھی تبصرہ کیا کہ ’’بھوک اتنی ہے کہ پیٹ بھرتا ہی نہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ بھوک کس کی ہے، پورا ملک جانتا ہے۔ کانگریس رہنما نے الزام لگایا کہ حکومت نے ہوائی اڈے، بندرگاہیں، کانیں، جنگلات، بجلی، کوئلہ اور سڑکیں چند منتخب لوگوں کے حوالے کر دی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان وسائل اور اثاثوں کو حاصل کرنے والوں نے ملک میں کتنے روزگار پیدا کیے ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں روزگار فراہم کرنے میں چھوٹے تاجر اور چھوٹی و درمیانی صنعتیں (ایم ایس ایم ای) اہم کردار ادا کرتی ہیں، لیکن نوٹ بندی اور غلط جی ایس ٹی پالیسی کے ذریعے انہیں تباہ کر دیا گیا۔ ان کا یہ بھی الزام تھا کہ جو بڑی کمپنیاں ایمانداری کے ساتھ مسابقت کر رہی تھیں، ان کے لیے بھی کاروبار کے یکساں مواقع ختم کر دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اجارہ داری سے روزگار پیدا نہیں ہوتا بلکہ اس سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے اور مسابقت ختم ہو جاتی ہے۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم کے اس جملے پر بھی تبصرہ کیا کہ ’’آپ اپنا کام کیجیے، ہم دیکھ لیں گے۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک میں لوٹ مار وزیر اعظم اور ان کے قریبی سرمایہ دار دوستوں نے کی ہے اور ملک اس کا مشاہدہ کر رہا ہے۔

کانگریس رہنما نے اپنی پوسٹ میں اس بات پر بھی طنز کیا کہ فکّی اجلاس میں وزیر اعظم کی تقریر کے دوران تالیاں نہ بجنے پر انہوں نے ناراضی ظاہر کی۔ راہل گاندھی کے مطابق، حکومت کی پالیسیوں نے صنعت کاروں، چھوٹے تاجروں، مہنگائی سے پریشان غریبوں اور متوسط طبقے کے ساتھ بے روزگار نوجوانوں کو بھی اس قابل نہیں چھوڑا کہ وہ تالیاں بجا سکیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وزیر اعظم اپنے باقی ماندہ حامیوں سے ہی تالیاں اور تھالیاں بجوا لیں۔