اپیرنٹس گرفتار، نیول ڈاکیارڈ کی حساس تصاویر لیک کرنے کا الزام
کولابہ پولیس نے نیول ڈاکیارڈ میں کام کرنے والے 21 سالہ اپیرنٹس کو گرفتار کیا ہے۔ اس پر ہندوستانی بحریہ کے اڈوں کی مبینہ حساس تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا الزام ہے۔
ممبئی کی کولابہ پولیس نے نیول ڈاکیارڈ میں کام کرنے والے 21 سالہ اپیرنٹس کو گرفتار کیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر ہندوستانی بحریہ کے اڈوں کی حساس تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھیں۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ ممنوعہ مواد کو شیئر کرنے کے لیے استعمال ہونے والے آن لائن اکاؤنٹ کے پاکستان میں مقیم ہینڈلرز سے رابطے ہو سکتے ہیں، حالانکہ حکام کا کہنا ہے کہ سرحد پار رابطوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دریں اثنا، ملزم کی شناخت بنٹی رام پرکاش مینا کے طور پر ہوئی ہے، جو راجستھان کے کرولی ضلع کا رہنے والا ہے۔ یہ گرفتاری ممبئی پولیس کی سوشل میڈیا ڈیجیٹل لیب کو ان پٹ موصول ہونے کے بعد عمل میں آئی ہے۔ حساس دفاعی تصویریں انسٹاگرام ہینڈل کے ذریعہ گردش کر رہی ہیں۔ تکنیکی نگرانی اور ڈیجیٹل ٹریکنگ کا استعمال کرتے ہوئے، تفتیش کاروں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا سراغ لگایا۔ جس کے بعد بنٹی رام پرکاش مینا کو 20 نومبر کو حراست میں لیا گیا ۔اسے مقامی عدالت میں پیش کرنے پر، عدالت نے مزید پوچھ گچھ کے لیے اسے 23 نومبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
جاری تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر، پولیس مینا کے انسٹاگرام اور واٹس ایپ اکاؤنٹس، چیٹ ہسٹری، اور دیگر ڈیجیٹل فوٹ پرنٹس کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا دیگر افراد سیکورٹی کی مبینہ خلاف ورزی میں ملوث تھے۔ حکام نےفرانزک تجزیہ کے لیے مینا کا موبائل فون، سم کارڈ اور دیگر الیکٹرانک آلات بھی قبضے میں لے لئے ہیں۔