منی پور میں زہریلی شراب پینے سے کم از کم 11 افراد ہلاک، 150 سے زائد اسپتال میں داخل
منی پور کے چندیل ضلع میں مبینہ زہریلی شراب پینے سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور 150 سے زائد بیمار ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ نے اسپتالوں کا دورہ کرکے مریضوں کی خیریت دریافت کی
گوہاٹی: منی پور کے چندیل ضلع میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے گزشتہ تین دنوں کے دوران کم از کم 11 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 150 سے زائد افراد کو علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق چکپیکارونگ سب ڈویژن اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں زہریلی شراب پینے سے متعلق کئی مشتبہ واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس کے بعد طبیعت خراب ہونے والے متعدد افراد کو علاج کے لیے امپھال کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔
اس واقعے کے سلسلے میں ضلع کے ایک افسر نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ 18 نومبر کو علاقے میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے کئی اموات کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اس کے بعد اموات کا سلسلہ جاری رہا۔ چندیل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں ابتدائی طور پر 8 افراد کی موت کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 11 ہو گئی۔
دریں اثنا، چندیل کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ایک ایڈوائزری میں عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے، ’’چکپیکارونگ سب ڈویژن اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ملاوٹی شراب کے استعمال سے ہونے والی اموات کی حالیہ اطلاعات کے پیش نظر عام لوگوں کو انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔‘‘
ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تحقیقات کا مقصد اموات کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ ان افراد کے خلاف کارروائی کرنا بھی ہے جو علاقے میں شراب فراہم کر رہے تھے۔
اس دوران منی پور کے وزیر اعلیٰ یمنام کھیم چند سنگھ نے جمعرات کو امپھال مغرب کے شجا اسپتال و ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور امپھال مشرق کے بابینا اسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں کو یقین دلایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انہیں علاج کے لیے ضروری تمام مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اس واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے تفصیلی تحقیقات کی جائیں۔
کھیم چند سنگھ نے کہا کہ اس معاملے کے ذمہ دار افراد کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ واقعے کے بعد ضلع انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ملاوٹی شراب کے استعمال سے محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات کے ذریعے اموات کی اصل وجہ اور اس واقعے میں ملوث افراد کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔