کواڈ کا سرحد پار دہشت گردی کی مذمت، سمندری نگرانی بڑھانے پر اتفاق

کواڈ سربراہان نے سرحد پار دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی تعاون مضبوط بنانے اور ہند-بحرالکاہل میں سمندری نگرانی و معلومات کے تبادلے کے لیے نئی پہل کا اعلان کیا

کواڈ کا سرحد پار دہشت گردی کی مذمت، سمندری نگرانی بڑھانے پر اتفاق

نئی دہلی: فلپائن کی راجدھانی منیلا میں کواڈ ممالک کے سربراہان کی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد جاری مشترکہ بیان میں سرحد پار دہشت گردی سمیت ہر طرح کی دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ چاروں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ ہند-بحرالکاہل خطے میں سمندری نگرانی اور معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے کے لیے ایک نئی پہل کا اعلان بھی کیا۔

17 نومبر 2026 کو منعقدہ اس اجلاس میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی، امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ، آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز اور جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے شرکت کی۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں خطے کی سلامتی، اقتصادی استحکام اور باہمی تعاون سے متعلق متعدد امور پر چاروں ممالک کے مشترکہ موقف کو اجاگر کیا گیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ کواڈ ممالک سرحد پار دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی واضح طور پر مذمت کرتے ہیں۔ چاروں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کواڈ کے تحت جاری تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

بیان میں علاقائی امن اور استحکام کو متاثر کرنے والی یک طرفہ کارروائیوں کی بھی مخالفت کی گئی۔ رہنماؤں نے کہا کہ طاقت یا دباؤ کے ذریعے موجودہ صورت حال کو تبدیل کرنے کی کوششوں کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ اس کے علاوہ اقتصادی دباؤ ڈالنے کے اقدامات، بالخصوص من مانے طریقے سے برآمدات پر پابندیاں عائد کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔

کواڈ ممالک نے ہند-بحرالکاہل خطے میں سمندری سرگرمیوں کی نگرانی اور متعلقہ معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے کے لیے ’انڈو پیسیفک میری ٹائم سرویلنس کولیبوریشن‘ نامی نئی پہل شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس اقدام کا مقصد خطے میں سمندری نگرانی کے نظام اور معلومات کے اشتراک کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

اجلاس میں اقتصادی اور تکنیکی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے بھی اہم اعلانات کیے گئے۔ چاروں ممالک نے 2027 کے اوائل میں پہلی مرتبہ ’کواڈ بزنس لیڈرس فورم‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ ہند-بحرالکاہل خطے میں قابل اعتماد مصنوعی ذہانت (اے آئی) تک رسائی اور اس کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ’اے آئی ایکسیلیریٹر‘ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

مشترکہ بیان میں سائبر سکیورٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ کواڈ ممالک ایک کھلے اور محفوظ سائبر اسپیس کے قیام کے لیے مل کر کام کریں گے۔ رہنماؤں نے مواصلاتی نظام کے لیے محفوظ اور قابل اعتماد بنیادی ڈھانچے کی توسیع سے متعلق شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت کا بھی خیرمقدم کیا۔

بیان کے اختتام پر چاروں ممالک نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے مرکزی کردار اور اتحاد کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔