دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی کے خلاف این ایس یو آئی نے ماسک تقسیم کیے

ماسک تقسیم کے دوران این ایس یو آئی کے قومی صدر ونود جاکھڑ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ دہلی کے شہری زہریلی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں، لیکن حکومت ان کی پریشانیوں کے تئیں بے حس بنی ہوئی ہے

دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی کے خلاف این ایس یو آئی نے ماسک تقسیم کیے

نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی شدت کے درمیان نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے منگل کو جن پتھ روڈ اور بارہ کھمبا روڈ پر ماسک تقسیم کرنے کی مہم چلائی۔ اس دوران تنظیم کے کارکنوں نے راہ گیروں، مسافروں، ریہڑی پٹری لگانے والوں اور دیگر شہریوں میں ماسک تقسیم کرکے انہیں آلودہ ہوا کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔

اس موقع پر این ایس یو آئی کے قومی صدر ونود جاکھڑ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ دہلی کے شہری زہریلی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں، لیکن حکومت ان کی پریشانیوں کے تئیں بے حس بنی ہوئی ہے۔ عوام کو فضائی آلودگی سے بچانا حکومت کی ذمہ داری ہے، کوئی احسان نہیں۔ جب حکومت آلودگی سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہتی ہے تو عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر ان کی حفاظت کے لیے کوشش کرنا ہماری ذمہ داری بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماسک تقسیم کرنا ہماری جانب سے ایک چھوٹی سی کوشش ہے، لیکن ہمارا مطالبہ واضح ہے کہ حکومت نیند سے بیدار ہو، فوری طور پر مؤثر اقدامات کرے اور ہر شہری کے لیے صاف و محفوظ ہوا میں سانس لینے کا حق یقینی بنائے۔این ایس یو آئی نے کہا کہ ماسک تقسیم کرنا محض ایک عارضی احتیاطی اقدام ہے، آلودگی کے سنگین مسئلے کا مستقل حل نہیں۔

تنظیم نے حکومت سے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کرنے، آلودگی سے متعلق رہنما ہدایات پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد یقینی بنانے اور شہریوں کی صحت کے تحفظ میں ناکام ذمہ دار افسران کی جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ تنظیم نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت، سلامتی اور صاف ہوا میں سانس لینے کے بنیادی حق کے لیے اس کی جدوجہد جاری رہے گی۔