چیک جمہوریہ میں حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ، سرکاری میڈیا کی آزادی برقرار رکھنے کا مطالبہ

میڈیا ملازمین، اپوزیشن اور جمہوریت کی حمایت کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ جب سرکاری میڈیا کو براہ راست سرکاری بجٹ سے رقم ملے گی تو اس کی فنڈنگ حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں پر منحصر ہو سکتی ہے۔

چیک جمہوریہ میں حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ، سرکاری میڈیا کی آزادی برقرار رکھنے کا مطالبہ

یورپ کے کئی ممالک میں حکومت مخالف مظاہروں کے درمیان اب چیک جمہوریہ میں بھی لاکھوں لوگ سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ اتوار (15 نومبر) کو راجدھانی پراگ کے لیٹنا میدان میں تقریباً 3.5 لاکھ سے 4 لاکھ افراد جمع ہوئے اور وزیر اعظم آندریج بابیش کی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ اسے 1989 کے بعد ملک کا سب سے بڑا حکومت مخالف مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مظاہرین حکومت کے اس منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں، جس کے تحت سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن اداروں کی فنڈنگ کے طریقۂ کار کو تبدیل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ لوگوں کو خدشہ ہے کہ اس سے میڈیا کی مالی خودمختاری متاثر ہوگی اور حکومت کی مداخلت بڑھ سکتی ہے۔

یہ مظاہرہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب وزیر اعظم بابیش کی قیادت والی مخلوط حکومت سرکاری میڈیا کی فنڈنگ کو لے کر اپوزیشن اور میڈیا تنظیموں کی تنقید کا سامنا کر رہی ہے۔ حکومت نے اکتوبر 2026 میں اس سلسلے میں ایک بل پیش کیا تھا۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے 24 اکتوبر کو صبح 4 بج کر 36 منٹ پر اسے ابتدائی منظوری دے دی۔ اس کے بعد احتجاج میں مزید شدت آ گئی۔ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہو چکے ہیں اور چیک ٹیلی ویژن اور چیک ریڈیو کے ملازمین نے ہڑتال بھی کی تھی۔

وزیر اعظم آندریج بابیش کی حکومت سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن اداروں کی فنڈنگ کا موجودہ نظام تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ فی الحال چیک جمہوریہ میں لوگ، خاندان اور کاروباری ادارے باقاعدہ براڈکاسٹنگ فیس ادا کر کے ان اداروں کو فنڈ فراہم کرتے ہیں۔ حکومت اس نظام کو ختم کر کے سرکاری میڈیا اداروں کو براہ راست سرکاری بجٹ سے رقم دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس تبدیلی کا ایک بڑا اثر فنڈنگ پر بھی پڑ سکتا ہے۔ اندازہ ہے کہ نیا نظام نافذ ہونے کے بعد سرکاری نشریاتی اداروں کو موجودہ فنڈنگ کے مقابلے میں تقریباً 15 فیصد کم رقم ملے گی۔ اس کے نتیجے میں ملازمین کی چھنٹی، پروگراموں کی تیاری میں کٹوتی اور کئی شوز بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکومت کے اس منصوبے کی میڈیا ملازمین، اپوزیشن جماعتوں اور جمہوریت کی حمایت کرنے والی تنظیموں نے مخالفت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سرکاری میڈیا کو براہ راست سرکاری بجٹ سے رقم ملے گی تو اس کی فنڈنگ حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں پر منحصر ہو سکتی ہے۔ اس سے خبروں اور پروگراموں کی ادارتی آزادی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ اپوزیشن نے اس تجویز کا موازنہ ہنگری میں وکٹر اوربن اور سلوواکیہ میں رابرٹ فیکو کی حکومتوں کے دوران میڈیا سے متعلق کی گئی تبدیلیوں سے کیا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کا الزام ہے کہ سرکاری فنڈنگ پر انحصار بڑھنے سے میڈیا پر دباؤ بنانے اور تنقیدی آوازوں کو محدود کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ حالانکہ وزیر اعظم بابیش نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ براڈکاسٹنگ فیس ختم کرنے سے غریب خاندانوں کو راحت ملے گی اور میڈیا اداروں کو زیادہ مؤثر انداز میں کام کرنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ آزاد میڈیا یا جمہوریت کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی جا رہی ہے۔

اتوار کو پراگ میں ہونے والے اس مظاہرے کا انعقاد ’ملین مومنٹس فار ڈیموکریسی‘ نامی تنظیم نے کیا تھا۔ تنظیم نے حکومت کے نئے فنڈنگ منصوبے کو جمہوریت کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ اس کا الزام ہے کہ حکومت ماہرین اور ناقدین کی آواز کو نظرانداز کر کے جمہوری اداروں پر اپنا کنٹرول بڑھانا چاہتی ہے۔ دوسری جانب رائٹرز انسٹی ٹیوٹ کی ڈیجیٹل نیوز رپورٹ کے مطابق چیک جمہوریہ میں عوامی خدمات پر مبنی صحافت ملک کے قابل اعتماد خبروں کے ذرائع میں شامل ہے۔ چیک ٹیلی ویژن بھی ملک میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا براڈکاسٹر ہے۔ ایسے میں مظاہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری میڈیا کی آزادی برقرار رکھنا ضروری ہے، کیونکہ اس کا اثر ملک میں جمہوریت اور لوگوں تک پہنچنے والی معلومات پر پڑ سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 1989 میں چیکوسلواکیہ (موجودہ چیک جمہوریہ اور سلوواکیہ) میں کمیونسٹ حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر تحریک چلی تھی، جسے ’مخملی انقلاب‘ (ویلویٹ ریوولیوشن) بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی شروعات 17 نومبر 1989 کو راجدھانی پراگ میں طلبہ کے پرامن مظاہرے پر پولیس کی وحشیانہ کارروائی کے بعد ہوئی تھی۔ اس کے خلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر اتر آئے اور حکومت سے جمہوریت، سیاسی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کا مطالبہ کرنے لگے۔ مسلسل مظاہروں اور ہڑتالوں کے دباؤ میں 28 نومبر کو کمیونسٹ پارٹی نے اقتدار چھوڑنے کا اعلان کیا۔ 29 دسمبر 1989 کو جمہوریت کے حامی رہنما ویکلاو ہیول ملک کے صدر منتخب ہوئے۔