سونیا گاندھی کی کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کا اجرا...تصویری جھلکیاں
نئی دہلی میں سونیا گاندھی کی کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کی تقریبِ اجرا کے یادگار مناظر، جہاں راہل اور پرینکا گاندھی سمیت متعدد اہم رہنما شریک ہوئے
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے پیر کو نئی دہلی میں اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’Belonging: A Journey of Love‘ کا باضابطہ اجرا کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کانگریس کے متعدد سینئر رہنما اور اپوزیشن اتحاد انڈیا کے اہم رہنما موجود تھے۔


سونیا گاندھی اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے
کتاب کی تقریبِ اجرا کے دوران سونیا گاندھی نے اس کے عنوان ’بیلانگنگ‘ کے انتخاب کی وجہ بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لفظ کتاب میں بار بار آتا ہے اور اس جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے جو انہوں نے ہندوستانی معاشرے میں خود کو قبول کرانے اور اس کا حصہ بننے کے لیے کی۔
ان کے مطابق، جب کوئی شخص کسی دوسرے سماجی اور ثقافتی ماحول سے آتا ہے تو اسے اکثر اجنبیت کا احساس ہوتا ہے۔ اسے لگتا ہے کہ لوگ اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس کی چھوٹی سے چھوٹی غلطی بھی محسوس کی جا رہی ہے۔

کتاب کی تقریبِ اجرا کے دوران سونیا گاندھی اور انٹرویو لینے والی خاتون کے درمیان گفتگو

سونیا گاندھی کی کتاب کے اجرا میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور دیگر رہنما موجود
سونیا گاندھی نے کہا کہ قبولیت حاصل کرنے کی یہ جدوجہد صرف ان کا ذاتی تجربہ نہیں ہے۔ ہندوستان کی بہت سی خواتین بھی اسی طرح کے حالات سے گزرتی ہیں اور انہیں معاشرے میں اپنی جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی سے بالکل مختلف سماجی اور ثقافتی ماحول میں آنے کی وجہ سے ان کے لیے یہ تجربہ شاید کچھ زیادہ مشکل رہا ہو، لیکن ہندوستانی خواتین کے لیے بھی یہ چیلنج کم نہیں ہے۔

سونیا گاندھی کتاب کے اجرا کی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے

سونیا گاندھی کی کتاب کی تقریبِ اجرا میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی شرکت
سونیا گاندھی نے بتایا کہ ان کے خاندان، شوہر راجیو گاندھی، ساس اندرا گاندھی اور بچوں کے بارے میں بہت سی ایسی باتیں کہی گئیں جو درست نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں تک اپنے خاندان اور زندگی کی درست کہانی پہنچانا بھی کتاب لکھنے کی ایک اہم وجہ تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے دوست طویل عرصے سے انہیں کتاب لکھنے کا مشورہ دے رہے تھے، لیکن انہوں نے خاندان اور دوستوں سے بات چیت کے بعد ہی اس کام کا آغاز کیا۔

سونیا گاندھی تقریب کے اسٹیج کی جانب بڑھتے ہوئے

اپنی کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ پر گفتگو کے دوران سونیا گاندھی
سونیا گاندھی نے کہا کہ انہیں اپنے بچپن اور جوانی کے دنوں کی بہت سی باتیں یاد تھیں، لیکن اپنی ساس اندرا گاندھی اور شوہر راجیو گاندھی کے قتل کے وقت کے واقعات کو یاد کرنا اور انہیں الفاظ میں بیان کرنا انتہائی مشکل تھا۔ اس کام میں ان کے بیٹے راہل گاندھی اور بیٹی پرینکا گاندھی نے مدد کی۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے تقریب میں شریک

سونیا گاندھی کتاب کے موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے، ساتھ میں موجود ہیں تقریب کی میزبان
کتاب کی تقریبِ اجرا کے دوران راہل گاندھی نے اپنی والدہ کی شخصیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر لوگ سونیا گاندھی کو ایک کم گو اور اپنی ذات تک محدود رہنے والی شخصیت سمجھتے ہیں، لیکن ان کی دادی اندرا گاندھی اور والد راجیو گاندھی کے انتقال تک ان کی والدہ ایسی نہیں تھیں۔
راہل گاندھی کے مطابق، سونیا گاندھی کی کتاب میں جس شخصیت کا ذکر ملتا ہے، وہ ان کے والد راجیو گاندھی کے انتقال سے پہلے کی شخصیت ہے۔

پرینکا گاندھی، سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور دیگر افراد کتاب کے ساتھ اجتماعی تصویر میں

سونیا گاندھی تقریب کے اسٹیج کی جانب جاتے ہوئے
تقریب میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، ترنمول کانگریس کے ابھیشیک بنرجی، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت متعدد رہنما شریک ہوئے۔ بی جے پی رہنما اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ کی شرکت بھی اس تقریب کی نمایاں باتوں میں شامل رہی۔

’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کی تقریبِ اجرا میں کتاب کے ساتھ گاندھی خاندان اور دیگر شرکا کی اجتماعی تصویر

سونیا گاندھی اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب کے اجرا کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے