تخلیقات کا معترف، خالق سے غافل انسان!...ایف اے مجیب
انسان اپنی ایجادات پر فخر کرتا ہے، مگر ان صلاحیتوں کے عطا کرنے والے خالق کو فراموش کر دیتا ہے۔ کائنات کی وسعت، انسانی جسم کی پیچیدگی اور فطرت کا نظم خدا کی قدرت، حکمت اور وحدانیت کی روشن نشانیاں ہیں
انسان نے اپنی عقل، شعور، تحقیق اور تجربات کی بنیاد پر ترقی کے ایسے حیرت انگیز منازل طے کیے ہیں جن کا تصور چند صدیاں پہلے تک محال دکھائی دیتا تھا۔ اس نے سمندروں کی گہرائیوں کو ناپا، فضاؤں کو تسخیر کیا، چاند تک رسائی حاصل کی، ایٹم کی قوت دریافت کی، مصنوعی ذہانت ایجاد کی اور ایسے روبوٹ تیار کرلیے جو انسانوں کی طرح بعض کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ طب، انجینئرنگ، خلائی سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اس کی کامیابیاں بلاشبہ غیر معمولی ہیں۔ انسان اپنی ان کامیابیوں پر فخر کرتا ہے، اپنی ذہانت کا اعتراف چاہتا ہے اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اپنی عظمت کا پیمانہ سمجھتا ہے۔ لیکن اس تمام ترقی کے درمیان ایک بنیادی سوال نظرانداز ہوتا دکھائی دیتا ہے: اپنی معمولی تخلیقات پر حیران ہونے والا انسان اس عظیم تخلیق کار کی قدرت، کاریگری اور حکمت پر کتنا غور کرتا ہے جس نے اسے خود تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے؟
غور کیجئے، انسان ایک روبوٹ بناتا ہے، اس میں حرکت پیدا کرتا ہے، اسے آواز پہچاننے، احکامات سمجھنے اور مخصوص فیصلے کرنے کے قابل بناتا ہے تو اس کی کاریگری پر دنیا حیران ہوتی ہے۔ اس کے بنانے والے کو ذہین، ماہر اور تخلیقی صلاحیتوں کا مالک تسلیم کیا جاتا ہے۔ لیکن کیا کبھی روبوٹ بنانے والا اپنے وجود پر بھی غور کرتا ہے؟ اس کے اپنے ہاتھ، آنکھیں، کان، دماغ، اعصابی نظام، دل اور احساسات کتنے پیچیدہ اور حیرت انگیز ہیں! وہ ایک مشین میں مصنوعی ذہانت پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے، مگر اس قدرتی ذہانت کے سرچشمے پر غور کرنے سے غافل رہتا ہے جس کی بدولت وہ یہ سب کچھ کر رہا ہے۔ وہ مشین کو احکامات دینے والا نظام تیار کرتا ہے، لیکن اپنے جسم کے اندر موجود ان بے شمار خودکار نظاموں کو بھول جاتا ہے جو کسی ظاہری حکم کے بغیر مسلسل اپنا کام انجام دے رہے ہیں۔
انسان نے راکٹ بنائے، خلائی جہاز تیار کیے اور زمین کی کشش سے نکل کر چاند اور دیگر سیاروں تک پہنچنے کی کوشش کی۔ اس نے دوربینوں کے ذریعے اربوں نوری سال کی وسعتوں میں جھانکنے کا سامان کیا۔ لیکن جس کائنات کو سمجھنے کے لیے وہ اپنی زندگی اور وسائل صرف کر رہا ہے، کیا کبھی اس کے وجود، اس کے نظم اور اس کی وسعت پر بھی غور کرتا ہے؟ جس آسمان کو تسخیر کرنے کے لیے وہ کمندیں ڈال رہا ہے، اس کے سورج، چاند، ستارے، سیارے اور کہکشائیں کس قدر عظیم نظام کا حصہ ہیں! زمین اپنے مخصوص مدار میں گردش کر رہی ہے، سورج سے اس کا فاصلہ زندگی کے لیے موزوں ہے، دن اور رات کا باقاعدہ سلسلہ قائم ہے اور کائنات کے بے شمار مظاہر ایک حیرت انگیز نظم کے تحت جاری ہیں۔ انسان اپنی بنائی ہوئی مشین کے ہر پرزے کی ترتیب میں ذہانت تلاش کرتا ہے، لیکن کائنات کے اس عظیم نظام پر غور کرتے ہوئے اس کی فکر کہاں رک جاتی ہے؟
اسی طرح انسان مائیکرو چِپ تیار کرتا ہے، اس میں لاکھوں کروڑوں برقی اجزا سمو دیتا ہے اور اس کی باریک کاریگری پر فخر کرتا ہے۔ لیکن اپنے جسم کے ایک خلیے کی ساخت پر غور کرے تو اس کے سامنے معلومات اور تنظیم کی ایک حیرت انگیز دنیا کھلتی ہے۔ ایک خلیہ اپنی مخصوص ذمہ داری انجام دیتا ہے، مختلف خلیے مل کر بافتیں بناتے ہیں، بافتیں اعضا کی تشکیل کرتی ہیں اور اعضا ایک مربوط نظام کے تحت پورے جسم کو زندگی اور فعالیت فراہم کرتے ہیں۔ انسانی جسم کی یہ تنظیم کسی ایک شعبے یا ایک عضو تک محدود نہیں، بلکہ اس کے اندر بے شمار نظام ایک دوسرے سے مربوط ہوکر کام کرتے ہیں۔ انسان اپنی بنائی ہوئی چِپ کے اندر موجود ترتیب کو اتفاق نہیں کہتا، لیکن اپنے وجود کے اس عظیم نظام کو محض معمول سمجھ کر آگے بڑھ جاتا ہے۔
ذرا مخلوقات کی دنیا پر بھی نگاہ ڈالیے۔ انسان ایک مچھر یا مکھی کو معمولی کیڑا سمجھ کر نظرانداز کر دیتا ہے، مگر اس کی ساخت، پرواز، حسی صلاحیتوں اور حیاتیاتی نظام کا مطالعہ کرے تو حیرت میں پڑ جاتا ہے۔ ایک چھوٹے سے جاندار کے وجود میں بھی زندگی کا ایک مکمل نظام کارفرما ہے۔ کیا انسان اپنی تمام تر سائنسی ترقی کے باوجود ایک مچھر یا مکھی کو عدم سے وجود میں لا سکتا ہے؟ وہ اس کی ساخت کا مطالعہ کرسکتا ہے، اس کے نظام کی نقل کرنے کی کوشش کرسکتا ہے اور اس سے متاثر ہوکر نئی ٹیکنالوجی ایجاد کرسکتا ہے، لیکن زندگی کے اصل وجود اور اس کی تخلیق کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔ یہی فرق انسان کی محدود تخلیقی صلاحیت اور خدائے واحد کی لامحدود قدرت کے درمیان بنیادی امتیاز ہے۔ انسان پہلے سے موجود مادّے، قوانین اور وسائل کو سمجھ کر نئی چیزیں بناتا ہے، جب کہ کائنات کا خالق ان سب کا وجود بخشنے والا ہے۔
یہی معاملہ نباتات، حیوانات، سمندروں، پہاڑوں اور فطرت کے دوسرے مظاہر کا ہے۔ ایک بیج زمین میں ڈالا جاتا ہے تو اس سے ایک پودا نکلتا ہے، اس کی جڑیں زمین سے غذا حاصل کرتی ہیں، پتے روشنی سے توانائی حاصل کرتے ہیں، پھول پھل میں تبدیل ہوتے ہیں اور ایک چھوٹے سے بیج میں ایک نئی زندگی کے امکانات محفوظ ہوتے ہیں۔ انسان زرعی سائنس میں ترقی کرکے پیداوار بڑھا سکتا ہے، فصلوں کی نئی اقسام تیار کرسکتا ہے، لیکن بیج کے اندر زندگی کا یہ حیرت انگیز نظام کس کی عطا ہے؟ سمندر میں مچھلیوں کی بے شمار اقسام، فضاؤں میں پرندوں کی پرواز، شہد کی مکھیوں کا اجتماعی نظم اور قدرت کے مختلف نظاموں کا باہمی تعلق کس قدر غوروفکر کا متقاضی ہے!
یہاں ایک اہم بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سائنس اور خدا کی معرفت ایک دوسرے کی ضد نہیں ہیں۔ سائنس کائنات کے مظاہر، ان کے قوانین اور ان کے طریقۂ کار کو سمجھنے کا ذریعہ ہے، جب کہ بامقصد غوروفکر ان مظاہر کے وجود، حکمت اور بنیادی حقیقت پر سوال اٹھاتا ہے۔ سائنس یہ بتا سکتی ہے کہ بارش کیسے برستی ہے، لیکن یہ سوال بھی اہم ہے کہ زمین پر زندگی کے لیے پانی کا یہ غیر معمولی انتظام کس قدر حکمت کا حامل ہے۔ سائنس انسانی آنکھ کی ساخت اور اس کے دیکھنے کے عمل کی وضاحت کرسکتی ہے، لیکن اس کی پیچیدگی، افادیت اور انسانی زندگی میں اس کی اہمیت پر غور کرنا بھی ضروری ہے۔ علم ہمیں یہ بتاتا ہے کہ کوئی چیز کیسے کام کرتی ہے، جبکہ شعوری غوروفکر ہمیں اس کے وجود اور اس کی معنویت پر سوچنے کی دعوت دیتا ہے۔
کائنات کی ان تمام نشانیوں کو الگ الگ دیکھنا بھی اہم ہے، لیکن انہیں ایک مربوط نظام کے طور پر دیکھنا اس سے زیادہ اہم ہے۔ زمین، پانی، ہوا، روشنی، نباتات، حیوانات اور انسانی زندگی ایک دوسرے سے وابستہ ہیں۔ ان کے درمیان ایسا باہمی تعلق موجود ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔ اگر انسان اس پورے نظام کو تعصب، ضد اور پہلے سے قائم مفروضوں سے آزاد ہوکر دیکھے تو اس کے سامنے ایک بنیادی سوال ضرور ابھرے گا کہ کیا یہ سب کچھ کسی بے مقصد اتفاق کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی ایسی عظیم قدرت اور حکمت کارفرما ہے جس نے ہر چیز کو ایک خاص نظام اور مقصد کے ساتھ وجود بخشا ہے؟ عقل کا تقاضا ہے کہ انسان اس سوال سے فرار اختیار کرنے کے بجائے سنجیدگی سے اس پر غور کرے۔
مزید غور کی بات یہ ہے کہ اگر ہر شعبے میں انسان کی بنائی ہوئی چیز کے پیچھے اس کے بنانے والے کو تلاش کرنا عقل مندی ہے تو اس وسیع کائنات اور اس کے حیرت انگیز نظام کے خالق کی تلاش کو غیر ضروری کیسے قرار دیا جاسکتا ہے؟ ایک عمارت دیکھ کر معمار کا تصور، ایک کتاب دیکھ کر مصنف کا خیال اور ایک مشین دیکھ کر اس کے انجینئر کی ذہانت کا اعتراف فطری بات ہے۔ پھر کائنات کی عظیم تخلیقات کے معاملے میں یہ اصول کیوں بدل جائے؟ یہ سوال محض مذہبی عقیدے کا نہیں، بلکہ عقل، منطق اور انسانی شعور کا بھی ہے۔
انسان کی اصل کامیابی صرف یہ نہیں کہ وہ نئی نئی ایجادات کرے، بلکہ یہ بھی ہے کہ ان ایجادات اور دریافتوں کے ذریعے اپنی حقیقت اور اپنے خالق کو پہچانے۔ تحقیق اسے کائنات کے مظاہر تک پہنچاتی ہے اور مثبت، بامقصد غوروفکر اسے ان مظاہر کے خالق کی معرفت تک لے جاسکتا ہے۔ آفاق و انفس میں پھیلی ہوئی نشانیاں کسی محدود علاقے، قوم یا نسل کے لیے نہیں، بلکہ ہر انسان کے لیے غوروفکر کا سامان ہیں۔ ان میں خدائے واحد کی قدرت، حکمت اور وحدانیت کے ایسے پہلو موجود ہیں جن پر سنجیدگی سے غور کرنے والا انسان اپنے خالق کی معرفت کی منزل کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ انسان اپنی عقل کو ترقی دینے میں تو مصروف ہے، لیکن کبھی کبھی اسی عقل سے بنیادی سوالات کرنے سے گریز کرتا ہے۔ وہ اپنی ایجادات کا معترف ہے، مگر ان صلاحیتوں کے عطا کرنے والے کو بھول جاتا ہے۔ وہ تخلیقات کے راز دریافت کرنے میں زندگی گزار دیتا ہے، مگر خالق کی معرفت کے لیے وقت نہیں نکالتا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ معلومات اور ٹیکنالوجی میں بے پناہ اضافے کے باوجود انسان اپنی زندگی کے بنیادی مقصد اور حقیقت کی تلاش میں بھٹکتا رہتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کائنات صرف تحقیق کا موضوع نہیں، معرفتِ خالق کا ایک عظیم باب بھی ہے۔ انسان جب اپنی تخلیقات پر فخر کرنے کے ساتھ خالق کی تخلیقات پر غور کرنا شروع کرے گا تو اس کی تحقیق محض مادی ترقی کا ذریعہ نہیں رہے گی، بلکہ اسے اس حقیقت تک پہنچانے کا وسیلہ بھی بن سکتی ہے کہ اس پوری کائنات کا خالق، مالک اور مدبر ایک ہی ہے۔