اعظم خان کی عبوری ضمانت کے خلاف ای ڈی کی عرضی خارج، سپریم کورٹ کا مداخلت سے انکار
جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے کی بنچ نے کہا کہ ہائی کورٹ کا حکم عبوری ہے۔ سپریم کورٹ اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا۔
سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم خان کو منی لانڈرنگ کے معاملے میں ملی عبوری ضمانت کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی عرضی کو سپریم کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ آج 19 نومبر بروز جمعرات سپریم کورٹ نے ای ڈی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ کی عبوری ضمانت کے حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے کی بنچ نے کہا کہ ہائی کورٹ کا حکم عبوری ہے۔ سپریم کورٹ اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا۔ بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ ہائی کورٹ کے تبصرے ابتدائی نوعیت کے ہیں اور ان کا معاملے کے حتمی فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
STORY | SC dismisses ED plea challenging Azam Khan's interim bail in money laundering case
— Press Trust of India (@PTI_News) November 19, 2026
The Supreme Court on Thursday dismissed a plea filed by the Enforcement Directorate challenging the interim bail granted to senior Samajwadi Party leader Azam Khan in a money laundering… pic.twitter.com/kX6QyBsDM0
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ چونکہ یہ ایک عبوری حکم ہے، اس لیے ہم اس میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔ ہائی کورٹ کی رائے ابتدائی نوعیت کی ہے اور معاملے کا حتمی فیصلہ کرنے کے وقت اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سماعت کے دوران ای ڈی کی جانب سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو نے ہائی کورٹ کے حکم میں گرفتاری کی وجوہات فراہم کیے جانے سے متعلق حقائق پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان کو گرفتاری کی وجوہات فراہم کی گئی تھیں، جبکہ ہائی کورٹ کے حکم میں اس کے برعکس حقائق درج کیے گئے ہیں۔ اے ایس جی نے عدالت سے اس پہلو پر توجہ دینے کی اپیل کی۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں درج کیا ہے کہ اس نے حقائق کو غلط طریقے سے درج کیے جانے سے متعلق اے ایس جی کی دلیل پر توجہ دی ہے۔ اس کے بعد عرضی کی سماعت مکمل کی ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے 17 نومبر کو منی لانڈرنگ کے معاملے میں اعظم خان کو عبوری ضمانت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے ابتدائی طور پر یہ تسلیم کیا تھا کہ ای ڈی نے گرفتاری کے دوران آئین کے آرٹیکل (1)22 اور پی ایم ایل اے کی دفعہ 19 کے تحت ضروری قانونی طریقۂ کار پر مکمل طور پر عمل نہیں کیا۔ ہائی کورٹ نے گرفتاری کے حالات پر بھی تبصرہ کیا تھا۔ اعظم خان 31 اکتوبر کو ایک دوسرے معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد رام پور جیل سے باہر آئے تھے۔ اس کے فوراً بعد ای ڈی نے انہیں منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار کر لیا تھا۔