مفت میں تاج محل، لال قلعہ یا قطب مینار گھومنے کا بہترین موقع، آج اے ایس آئی کی یادگاروں میں مل رہی مفت انٹری

اے ایس آئی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ فی الحال ٹکٹ سے چھوٹ صرف 19 نومبر کے لیے دی گئی ہے۔ اگر آپ بغیر ٹکٹ کسی اے ایس آئی کی یادگار کو دیکھنا چاہتے ہیں، تو آج کا دن ایک بہترین موقع ہے۔

مفت میں تاج محل، لال قلعہ یا قطب مینار گھومنے کا بہترین موقع، آج اے ایس آئی کی یادگاروں میں مل رہی مفت انٹری

اگر آپ تاریخی تاج محل، لال قلعہ یا قطب مینار گھومنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، تو آج 19 نومبر کا دن آپ کے لیے خاص ہو سکتا ہے۔ آج ملک بھر میں ہندوستانی محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) کے زیر تحفظ یادگاروں کی سیر کے لیے کوئی ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یعنی آپ ان تاریخی مقامات پر مفت داخلہ حاصل کر سکیں گے۔

یہ رعایت ’عالمی ورثہ ہفتہ‘ (ورلڈ ہیریٹیج ویک) کے آغاز کے موقع پر دی جا رہی ہے۔ ’عالمی ورثہ ہفتہ‘ ہر سال 19 سے 25 نومبر تک منایا جاتا ہے۔ وزارت ثقافت کی جانب سے پی آئی بی کلچر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس کی اطلاع دی ہے۔ پوسٹ میں لوگوں سے ہندوستان کے تاریخی ورثے کو دیکھنے اور اس کی تاریخ جاننے کی اپیل کی گئی ہے۔ اے ایس آئی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ فی الحال ٹکٹ سے چھوٹ صرف 19 نومبر کے لیے دی گئی ہے۔ اس لیے اگر آپ بغیر ٹکٹ کسی اے ایس آئی کی یادگار کو دیکھنا چاہتے ہیں، تو آج 19 نومبر کا دن آپ کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی محکمہ آثار قدیمہ ملک بھر میں 3800 سے زیادہ یادگاروں اور تاریخی مقامات کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ ان میں سے 143 یادگاریں ایسی ہیں، جہاں سیر کے لیے ٹکٹ لینا پڑتا ہے۔ ان میں آگرہ کا تاج محل، دہلی کا لال قلعہ اور قطب مینار جیسی مشہور یادگاریں بھی شامل ہیں۔ 19 نومبر کو ان ٹکٹ والی اے ایس آئی یادگاروں میں بھی داخلے کے لیے ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ ’عالمی ورثہ ہفتہ‘ ہر سال 19 سے 25 نومبر تک منایا جاتا ہے۔ اس دوران ملک کی تاریخی عمارتوں، آثار قدیمہ کے مقامات اور ثقافتی ورثے کے بارے میں لوگوں کو بیدار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہندوستان میں کئی ایسے تاریخی مقامات ہیں، جو صرف عمارتیں نہیں بلکہ اپنے دور کے فن، ثقافت اور تاریخ کی کہانی بھی بیان کرتی ہیں۔ عالمی ورثہ ہفتہ کا مقصد لوگوں کو ان ورثوں کے قریب لانا اور ان کے تحفظ کے تئیں بیدار کرنا ہے۔ اگر آپ بھی کسی تاریخی یادگار کو دیکھنے کا ارادہ کر رہے ہیں، تو آج اچھا موقع ہے۔ اس دن اے ایس آئی کے زیر تحفظ یادگاروں میں ٹکٹ کا خرچ بچا کر آپ ملک کے ورثے کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔