آج پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے ہوئے 88 دن ہو چکے، یہ ایک نیا ریکارڈ ہے: کانگریس

جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’یہ ریکارڈ قائم کیا گیا ہے تاکہ مرکزی وزیر داخلہ کو لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کا وقت دیا جا سکے، تاکہ وہ خطرناک اور تباہ کن حد بندی بلوں کو منظور کرا سکیں۔‘‘

آج پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے ہوئے 88 دن ہو چکے، یہ ایک نیا ریکارڈ ہے: کانگریس

پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کو ملتوی کیے ہوئے آج 88 دن ہو چکے ہیں، اور اب تک اسے باضابطہ طور پر معطل نہیں کیا گیا ہے۔ اس معاملہ میں کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کچھ خطرناک اور تباہ کن بلوں کو منظور کرانے کی جو سازش کر رہی ہے، اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’آج پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے ہوئے 88 دن ہوچکے ہیں، لیکن اب تک اسے باضابطہ طور پر معطل (پروگیشن) نہیں کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور نے 19 اکتوبر 2026 کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ 2008 کا مانسون اجلاس ریکارڈ 87 دن تک باضابطہ طور پر معطل نہیں کیا گیا تھا۔ اس لحاظ سے آج ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔‘‘ حالانکہ انھوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ 2008 میں تمام سیاسی پارٹیوں کے اتفاق رائے سے اس اجلاس کو 87 دن تک معطل نہیں کیا گیا تھا، کیونکہ اس وقت حالات غیر معمولی نوعیت کے تھے۔

جئے رام رمیش نے اس پوسٹ میں پارلیمنٹ کے مستند دستورالعمل ’پریکٹس اینڈ پروسیجر آف پارلیمنٹ‘ کا بھی ذکر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ اس کا آٹھویں ایڈیشن (جو ’کول اینڈ شکدھر‘ کے نام سے مشہور ہے) 2024 کے وسط میں وزیر اعظم کے پیغام کے ساتھ شائع ہوا تھا۔ اس کے صفحہ 192 پر کہا گیا ہے کہ ’’لوک سبھا کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے اور اس کی باضابطہ معطلی کے درمیان عموماً 2 سے 4 دن کا وقفہ ہوتا ہے۔‘‘ اسی صفحہ کے حاشیہ نمبر 53 میں بتایا گیا ہے کہ ’’یہ وقفہ زیادہ سے زیادہ 28 دن کا رہا ہے اور اس کی مثال 2015 کے مانسون اجلاس سے متعلق ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے اس بات پر حیرانی ظاہر کی ہے کہ ’کول اینڈ شکدھر‘ میں 87 دنوں تک پارلیمنٹ کی معطلی نہ ہونے کا ذکر کیوں نہیں کیا گیا۔

بہرحال، پارلیمنٹ غیر معینہ مدت تک ملتوی کیے 88 دن گزر جانے کے بعد کانگریس لیڈر نے اسے نیا ریکارڈ بتایا ہے اور کہا ہے کہ ’’یہ ریکارڈ اس لیے قائم کیا گیا ہے تاکہ مرکزی وزیر داخلہ کو لوک سبھا میں کسی طرح دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کا وقت دیا جا سکے، تاکہ وہ خطرناک اور تباہ کن حد بندی بلوں کو منظور کرا سکیں۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’17 اپریل 2026 کو اپوزیشن کا اتحاد اور یکجہتی ان کے مذموم منصوبوں کو جس طرح فیصلہ کن انداز میں ناکام بنا چکی ہے، اگر انھوں نے اپنے روایتی بلڈوزر والے طریقے دوبارہ اختیار کیے تو اپوزیشن پارٹیاں ایک بار پھر ان کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گی۔‘‘

جئے رام رمیش اس سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں لکھتے ہیں کہ کانگریس صدر نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران وزیر اعظم کو 4 مرتبہ خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ حد بندی سے متعلق تمام تجاویز پر شفافیت اور تفصیل کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنے کے لیے تمام پارٹیوں کی ایک میٹنگ بلائی جائے اور یہ میٹنگ کسی بھی قانون کو پیش کرنے سے پہلے منعقد کی جائے۔ لیکن وزیر اعظم نے مسلسل اس مطالبے کو مسترد کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ مودی حکومت خصوصی اجلاس طلب کر ایک بار پھر مذکورہ بالا بل کو پارلیمنٹ میں پیش کر سکتی ہے۔ حالانکہ انھوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا ہے کہ حکومت کی اس سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔