سعودی عرب نے حج 2027 کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی: کرن رجیجو
کرن رجیجو نے حج 2027 کے کامیاب انعقاد کے لیے سعودی عرب کے تعاون کی ستائش کی۔ انہوں نے جدہ میں حج کانفرنس میں شرکت کی اور دونوں ممالک کی شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا
نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رجیجو نے عازمین حج کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے حج کے انتظامات اور عازمین کی بہتر خدمات کے لیے ہندوستان کو مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔ جددہ میں واقع ہندوستانی قونصل خانے نے پیر کو اس سلسلے میں اطلاع دی۔
رجیجو نے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور حج 2027 کو کامیاب بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقدہ چھٹے حج کانفرنس اور نمائش کے افتتاحی پروگرام کے موقع پر کہی۔
ہندوستانی قونصل خانے کے مطابق، مرکزی وزیر نے سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی صدارت میں منعقدہ وزارتی کانفرنس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان بھی موجود تھے۔ ہندوستان کی جانب سے جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل فہد سوری اور وزارت اقلیتی امور میں جوائنٹ سکریٹری (حج) محمد افضل بھی ان کے ساتھ شریک ہوئے۔
اس موقع پر کرن رجیجو نے دیگر وزرائے وفود کے ساتھ مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں حج عازمین کی سہولت، انتظامات اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپنے دورے کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں رجیجو نے کہا کہ عازمین کی فلاح و بہبود اور حج 2027 کے کامیاب انعقاد کے مشترکہ عزم کے تحت ہندوستان اور سعودی عرب اپنی شراکت داری کو مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے حج کانفرنس اور نمائش کی افتتاحی تقریب کے علاوہ سعودی وزیر حج و عمرہ کی صدارت میں منعقدہ وفود کے سربراہان کے سرکاری اجلاس میں شرکت کا بھی ذکر کیا۔
مرکزی وزیر نے ہفتے کے روز سعودی وزیر حج و عمرہ کی جانب سے دیے گئے سرکاری عشائیے میں بھی شرکت کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی عرب کی مہمان نوازی اور مختلف ممالک کے اہم نمائندوں سے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔
Celebrating Diwali in Saudi Arabia at INDIA HOUSE in Jeddah was very special. Our Indian community and Saudi friends gathered to celebrate the beautiful festival and I was feeling at home away from home! #Diwali https://t.co/rNHb0dkpeH pic.twitter.com/kBWdkSrXhY
— Kiren Rijiju (@KirenRijiju) November 9, 2026
رجیجو نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ دونوں ممالک نے عازمین کی خدمت اور حج کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دورے کے دوران مرکزی وزیر نے جدہ کی مشہور تاریخی الرحما مسجد کا بھی دورہ کیا۔ یہ مسجد سمندر کے کنارے واقع ہونے کی وجہ سے ’فلوٹنگ مسجد‘ یعنی تیرتی ہوئی مسجد کے نام سے مشہور ہے۔ بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع یہ مسجد سعودی عرب کے اسلامی ورثے اور فن تعمیر کی خوبصورتی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
مسجد کے دورے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے رجیجو نے اسے روحانی اہمیت اور تعمیراتی حسن کا منفرد مقام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسجد سعودی عرب کی مالا مال اسلامی تہذیب و ثقافت کی عکاسی کرتی ہے۔ مرکزی وزیر کا یہ دورہ حج 2027 کے انتظامات کے سلسلے میں ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔