پاکستان: ٹی وی اینکر رابعہ احسان کا گولی مار کر قتل، پولیس نے شوہر کو حراست میں لیا

پولیس کے مطابق گھر میں کام کرنے والے ایک ملازم نے بتایا کہ شوہر نے گولی غلطی سے چلنے کی بات کہی تھی۔ فی الحال پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔

پاکستان: ٹی وی اینکر رابعہ احسان کا گولی مار کر قتل، پولیس نے شوہر کو حراست میں لیا

پاکستان کے شہر راولپنڈی میں ایک خاتون ٹی وی اینکر کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ مقتولہ کی شناخت رابعہ احسان کے طور پر ہوئی ہے، جو ایک مقامی پرائیویٹ ٹی وی چینل میں اینکر اور پروگرام ہوسٹ تھیں۔ یہ واقعہ اتوار کو شہر کے گلشن آباد علاقے میں پیش آیا۔ پولیس نے اس معاملے میں ان کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے اور مشتبہ ہتھیار بھی ضبط کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گھر میں کام کرنے والے ایک ملازم نے بتایا کہ شوہر نے گولی غلطی سے چلنے کی بات کہی تھی۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اخبار ’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق سٹی پولیس افسر (سی پی او) حسن مشتاق سخیرا نے بتایا کہ رابعہ احسان کے شوہر کو حراست میں لے کر مشتبہ ہتھیار ضبط کر لیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کے لیے سی پی او نے ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشنز کے ساتھ جائے وقوع کا دورہ کیا۔ اس موقع پر فورنسک ماہرین کی ٹیم بھی موجود تھی۔

سی پی او نے بتایا کہ پنجاب فورنسک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کی ٹیمیں جائے وقوع سے شواہد جمع کر رہی ہیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گھر میں کام کرنے والے ایک مرد ملازم نے بتایا کہ رابعہ کے شوہر نے گولی غلطی سے چلنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس معاملے میں مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور جانچ کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔

اس درمیان پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے رابعہ احسان کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔ صدر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انھوں نے معاملے کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، تاکہ قتل سے متعلق حقائق سامنے آسکیں اور ذمہ دار افراد کو جواب دہ بنایا جاسکے۔ آصفہ نے راولپنڈی میں ایک اور ملازمت پیشہ خاتون کے قتل کا ذکر کرتے ہوئے اسے تشویش ناک قرار دیا۔ انھوں نے 45 سالہ ڈیجیٹل میڈیا ایگزیکٹیو حنا جاوید کے قتل کا حوالہ دیا، جن کی لاش اگست میں راولپنڈی میں واقع ان کے گھر سے ملی تھی۔ ان کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے تھے۔ آصفہ نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے نتائج کا اب بھی انتظار ہے۔