178 کمپنیوں کی ویب سائٹس پر سائبر حملہ، لاکھوں لوگوں کا ڈیٹا، رقم اور بینک کی تفصیلات خطرے میں!
دنیا کی تقریباً 178 بڑی کمپنیوں کی ویب سائٹس پر سائبر حملے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہیکرز نے ان ویب سائٹس میں ایسا خطرناک کوڈ شامل کر دیا، جو صارفین کی ذاتی معلومات چوری کر سکتا ہے۔
اگر آپ بھی آن لائن خریداری کرتے ہیں، کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کرتے ہیں یا آئی فون استعمال کرتے ہیں تو یہ خبر آپ کی تشویش بڑھا سکتی ہے۔ انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک بڑا خطرہ سامنے آیا ہے۔ سی این این، زوم اور آئی کے ای اے جیسی دنیا کی 178 بڑی کمپنیوں کی ویب سائٹس پر ہیکرز نے سائبر حملہ کیا ہے۔ ایک چھوٹی سی خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاکھوں لوگوں کا ڈیٹا، رقم اور بینک کی تفصیلات خطرے میں ڈال دی گئیں۔
A major cyberattack has now been confirmed after days of outages affecting millions of Americans.
— The Gateway Pundit (@gatewaypundit) November 18, 2026
As Newsweek reported, hackers orchestrated a cyberattack on the websites of 178 major companies around the world overnight, putting credit card data, crypto, and other sensitive… pic.twitter.com/p54LQ5KQt5
دنیا کی تقریباً 178 بڑی کمپنیوں کی ویب سائٹس پر سائبر حملے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہیکرز نے ان ویب سائٹس میں ایسا خطرناک کوڈ شامل کر دیا، جو صارفین کی ذاتی معلومات چوری کر سکتا ہے۔ ان میں کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات، کرپٹو کرنسی والیٹ کی معلومات اور براؤزر میں محفوظ ڈیٹا بھی شامل ہے۔ یہی نہیں، اس حملے میں آئی فون اور آئی پیڈ استعمال کرنے والوں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس سائبر حملے میں ہیکرز نے ویب سائٹ کو بہتر بنانے والے ایک پلیٹ فارم کا فائدہ اٹھایا۔ سیکورٹی محقق اسکاٹ ہیلم نے تقریباً 178 اداروں کی ویب سائٹس پر مشتبہ سرگرمی کا پتہ لگایا۔ اس کے بعد تحقیقات میں معلوم ہوا کہ حملہ آوروں نے ویب سائٹس میں استعمال ہونے والے جاوا اسکرپٹ کوڈ میں چھیڑ چھاڑ کی ہے۔
’آپٹیمائزلی‘ نامی پلیٹ فارم کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس بہتر بنانے اور ان کا انتظام کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ہیکرز نے اس پلیٹ فارم کے اکاؤنٹ بنانے کے عمل میں موجود خامی کا فائدہ اٹھایا اور کچھ صارفین کے پروجیکٹس میں بغیر اجازت خطرناک جاوا اسکرپٹ کوڈ شامل کر دیا۔ اس کوڈ کا استعمال کئی طرح سے صارفین کو نقصان پہنچانے کے لیے ہو سکتا ہے۔ اگر کوئی صارف کرپٹو کرنسی ٹرانسفر کر رہا ہے تو یہ کوڈ اصل والیٹ ایڈریس کی جگہ ہیکر کا ایڈریس بھی دکھا سکتا ہے۔ اس سے رقم غلط اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ اس کے علاوہ ویب سائٹ پر ادائیگی کے دوران درج کی جانے والی کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی چوری کی جا سکتی تھی۔ ہیکرز براؤزر کوکیز حاصل کرنے اور صارفین کی اسکرین کے اسکرین شاٹس لینے کے بھی اہل ہو گئے تھے۔
اس حملے کا ایک اور تشویشناک پہلو ایپل ڈیوائس سے متعلق ہے۔ کچھ مشتبہ اسکرپٹ آئی او ایس اور آئی پیڈ او ایس 18.6 یا اس سے پرانے ورژن پر چلنے والے آئی فون اور آئی پیڈ کو نشانہ بنانے والے ایکسپلائٹ کٹ استعمال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم اس کی زد میں کتنے آلات آئے، یہ ابھی واضح نہیں ہو سکا ہے۔ آپٹیمائزلی کی ترجمان وکٹوریہ جانسن کے مطابق کمپنی کے اکاؤنٹ سائن اپ سسٹم میں موجود خامی کا فائدہ اٹھا کر یہ حملہ کیا گیا تھا۔ کمپنی نے متاثرہ صارفین کو اس کی اطلاع دی اور سیکورٹی اپ ڈیٹ بھی جاری کیا۔ بعد میں کمپنی نے واضح کیا کہ ویب سائٹس سے خطرناک کوڈ ہٹا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سیلز فورس نے مشتبہ اسکرپٹ کو بند کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ ایکوی فیکس نے آپٹیمائزلی کا استعمال روک دیا اور کہا کہ اس کے سسٹم میں نقب لگنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ آئی کے ای اے بھی اس معاملے کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔ رپورٹ یو آر آئی کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو ہندوستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 55 منٹ تک حملہ آوروں کو تقریباً 7040 ڈالر یعنی لگ بھگ 6.6 لاکھ روپے کی کرپٹو کرنسی مل چکی تھی۔ اس حملے سے اصل میں کتنا نقصان ہوا، یہ ابھی واضح نہیں ہے۔ کتنے لوگوں کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات اور براؤزر کوکیز ہیکرز تک پہنچیں، اس بارے میں بھی فی الحال کوئی واضح تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔