ایران نے امن کے لیے امریکہ کی طرف پھر بڑھایا ہاتھ، آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے بھی راضی

سید عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کرے گا، جس سے اس کی عزت کو ٹھیس پہنچے یا میدان جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابی کمزور پڑ جائے۔

ایران نے امن کے لیے امریکہ کی طرف پھر بڑھایا ہاتھ، آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے بھی راضی

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایک بار پھر امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا راستہ کھولنے کی بات کہی ہے۔ عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ موجودہ ’نہ جنگ، نہ امن‘ کی صورت حال کو ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق تہران ایک ’اچھا، باعزت اور باوقار معاہدہ‘ چاہتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایران کی دو روزہ تجویز بھی ابھی زیر غور ہے۔ عراقچی نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کرے گا، جس سے اس کی عزت کو ٹھیس پہنچے یا میدان جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابی کمزور پڑ جائے۔

خبر رساں ایجنسی شنہوا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایرانی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عراقچی نے کہا کہ تہران سفارت کاری کے ذریعہ ایک ایسا مستقل معاہدہ چاہتا ہے، جو اس کے قومی مفادات کا تحفظ کرے اور مستقبل میں کسی نئی جنگ کو روک سکے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ واضح طور پر معاہدے کی خواہش ظاہر کرے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کی جانب سے تنازعہ ختم کرنے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ابتدا میں 7 روزہ منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔ بعد میں اسے کم کر کے 2 دن کر دیا گیا۔ عراقچی کے مطابق اس منصوبے کے تحت پہلے دن امریکہ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی، جس میں حال ہی میں عائد پابندیوں کو ہٹانا بھی شامل ہے۔ اس کے بعد دوسرے دن ایران آبنائے ہرمز کھول دے گا اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات شروع کرے گا۔

شنہوا کی رپورٹ کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ امریکہ نے اس تجویز پر مثبت ردعمل نہیں دیا۔ اس کے باوجود اگر واشنگٹن واقعی کسی معاہدے کے سلسلے میں سنجیدہ ہے تو یہ تجویز آج بھی کھلی ہوئی ہے۔ عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی 7 شرطوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔ تاہم، ان شرطوں پر عمل درآمد کے طریقے اور مدت کے بارے میں بات چیت کی جا سکتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر 2 دن کی مدت کو مزید کم کرنے پر بھی گفتگو ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران تجویز کے تکنیکی اور عملی پہلوؤں پر امریکہ کے ساتھ ماہرین کی سطح پر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن اس کے لیے پہلے امریکہ کو اپنا موقف بدلنا ہوگا اور اعتماد بڑھانے والے اقدامات کرنے ہوں گے۔

ثالثوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ قطر اور پاکستان اب بھی ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان رابطے کے موجودہ ذرائع فعال ہیں۔ فی الحال ایران کو نہ تو ثالث تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے اور نہ ہی اس عمل میں کسی نئے ملک کو شامل کرنے کی۔ عراقچی نے کہا کہ خطے میں مستقل امن اسی وقت ممکن ہے، جب تمام ممالک کو اس میں شامل کیا جائے۔ یہ ممکن نہیں ہے کہ کچھ ممالک امن اور ترقی کے فوائد حاصل کریں، جبکہ دوسرے ممالک پابندیوں، اقتصادی دباؤ اور عدم تحفظ کا سامنا کرتے رہیں۔ وہ واضح لفظوں میں کہتے ہیں کہ ’’جب ہم اپنے پڑوسی ممالک کی حفاظت کرتے ہیں تو ہم اپنی حفاظت بھی مضبوط کرتے ہیں۔‘‘