گجرات میں خون کی کمی کا سنگین بحران، نوعمر لڑکیوں اور خواتین کی بڑی تعداد انیمیا کا شکار، جے رام رمیش نے اٹھائے سوال
آئی سی ایم آر کی نئی رپورٹ کے مطابق گجرات میں 61.4 فیصد نوعمر لڑکیاں، 63.8 فیصد بالغ خواتین اور 66.2 فیصد تولیدی عمر کی خواتین انیمیا کا شکار ہیں، جس کے بعد جے رام رمیش نے گجرات ماڈل پر سوال اٹھائے
ہندوستان میں خون کی کمی (انیمیا) اور غذائی اجزا کی قلت سے متعلق ایک نئی سرکاری رپورٹ نے صحت عامہ کی صورت حال پر کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن (این آئی این) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گجرات میں نوعمر لڑکیوں اور خواتین کی بڑی تعداد خون کی کمی کا شکار ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے اس رپورٹ کے اعداد و شمار کی بنیاد پر گجرات کی صحت سے متعلق صورت حال پر سوال اٹھاتے ہوئے ریاست کے ترقیاتی ماڈل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کا عنوان ’ہندوستان میں زندگی کے مختلف مراحل میں انیمیا اور خوردنی غذائی اجزا کی کمی‘ ہے۔ یہ رپورٹ 2023 سے 2025 کے درمیان کیے گئے سروے پر مبنی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گجرات میں 10 سے 19 سال کی عمر کی 61.4 فیصد لڑکیاں خون کی کمی میں مبتلا پائی گئیں، جبکہ 20 سے 59 سال کی بالغ خواتین میں یہ شرح 63.8 فیصد رہی۔ اسی طرح 15 سے 49 سال کی تولیدی عمر کی خواتین میں انیمیا کی شرح 66.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
جے رام رمیش کے مطابق ان تینوں زمروں میں چھتیس گڑھ کی صورت حال گجرات سے زیادہ خراب تھی۔ دوسری جانب کیرالہ میں انیمیا کی شرح ان زمروں میں بالترتیب 21.4 فیصد، 28 فیصد اور 29.1 فیصد رہی۔ ان اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیرالہ نے اس معاملے میں گجرات کے مقابلے کہیں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
کانگریس رہنما نے چھوٹے بچوں میں خون کی کمی کے مسئلے کو بھی تشویش ناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 12 سے 59 ماہ کی عمر کے بچوں میں انیمیا کی شرح گجرات میں 56.5 فیصد رہی، جو ریاستوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے برعکس کیرالہ میں اسی عمر کے بچوں میں یہ شرح محض 14.5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
جے رام رمیش نے گجرات کے ترقیاتی ماڈل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے وزیر اعظم اور ان کے حامی گجرات کو ایک مثالی ریاست کے طور پر پیش کرتے رہے ہیں، لیکن صحت اور غذائیت سے متعلق یہ اعداد و شمار ایک مختلف تصویر دکھاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیرالہ کی کارکردگی اس معاملے میں گجرات سے کہیں بہتر ہے، حالانکہ وہاں بھی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں مرکزی وزیر صحت پر بھی سوال اٹھایا اور پوچھا کہ اتنی تشویش ناک رپورٹ سامنے آنے کے بعد کیا مرکزی وزیر صحت اپنی کرسی بچا پائیں گے؟
The Union Ministry of Health and Family Welfare has just put out a report titled Anaemia and Micronutrient Deficiencies Across the Life Course in India (https://t.co/sVMKv72Szp).
— Jairam Ramesh (@Jairam_Ramesh) November 24, 2026
In Gujarat, 61.4% of adolescent girls (10-19 years), 63.8% of adult women (20-59 years) and 66.2%… pic.twitter.com/hZVMaHEDDf
واضح رہے کہ ایس اے ایم پی اے ڈی اے (سمپدا) سروے کے تحت ملک کی 35 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 183 اضلاع میں دو لاکھ سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران 1.7 لاکھ سے زیادہ خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔ رپورٹ میں بچوں، نوعمر لڑکیوں، خواتین، حاملہ خواتین، مردوں اور بزرگوں میں خون کی کمی اور غذائی اجزا کی قلت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق مجموعی طور پر انیمیا کی شرح سابقہ قومی سروے کے مقابلے کم رہی ہے، تاہم مختلف عمر اور آبادی کے گروہوں میں اس کی موجودگی اب بھی ایک اہم چیلنج ہے۔