کانپور واقع رادھیکا اپارٹمنٹ میں لگی خوفناک آگ، 2 لوگوں کی موت، 25 افراد کا ریسکیو

رادھیکا اپارٹمنٹ میں صبح تقریباً 4.30 بجے اچانک آگ لگنے سے ہنگامہ برپا ہو گیا۔ جس وقت یہ حادثہ ہوا، اس وقت بیشتر لوگ گہری نیند میں سو رہے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی۔

کانپور واقع رادھیکا اپارٹمنٹ میں لگی خوفناک آگ، 2 لوگوں کی موت، 25 افراد کا ریسکیو

اتر پردیش کے شہر کانپور میں پیر (16 نومبر) کی علی الصبح آگ لگنے کے ایک خوفناک واقعہ نے 2 خاندانوں کی خوشیاں چھین لیں۔ فیل خانہ تھانہ علاقہ کے پٹکاپور واقع رادھیکا اپارٹمنٹ میں صبح تقریباً 4:30 بجے اچانک آگ لگنے سے افراتفری مچ گئی۔ حادثہ کے وقت اپارٹمنٹ کے بیشتر لوگ گہری نیند میں سو رہے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی اور اس عمارت کے ساتھ ساتھ آس پاس کی گلی بھی دھوئیں کے گھنے بادلوں سے بھر گئی۔ اس دردناک حادثہ میں ایک خاتون اور ایک کم عمر لڑکے کی موت ہو گئی، جبکہ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم نے سخت جدوجہد کے بعد عمارت میں پھنسے 20 سے 25 لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

اطلاعات کے مطابق پیر کی علی الصبح رادھیکا اپارٹمنٹ سے آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا دیکھ کر لوگوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اپارٹمنٹ کے اندر کھڑی کئی گاڑیاں اور دیگر سامان جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ خاص طور پر بیسمنٹ میں رہنے والے لوگوں کے لیے دھوئیں اور آگ کے شعلوں کے درمیان باہر نکلنا انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔

اطلاع ملتے ہی فیل خانہ تھانہ کی پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ اپارٹمنٹ تک پہنچنے والی گلی کافی تنگ ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ اہلکاروں کو راحت اور بچاؤ کے کاموں میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر محاذ سنبھالا اور عمارت میں پھنسے تقریباً 20 سے 25 لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

حادثہ کے بعد جھلسنے اور دھوئیں کی وجہ سے بیہوش ہونے والے لوگوں کو فوری طور پر ارسلا اسپتال پہنچایا گیا۔ اسپتال کے ایمرجنسی میڈیکل افسر ڈاکٹر شبھم جین نے بتایا کہ آگ لگنے کے حادثہ کے بعد 4 مریضوں کو اسپتال لایا گیا تھا۔ ان میں 16 سالہ پرانجل باتھم اور 45 سالہ راکھی کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ وہیں زخمی نیتا اور ویبھو کو اسپتال میں داخل کر کے ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

جائے وقوع پر پہنچے اے سی پی کوتوالی امت پانڈے نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی واضح نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور متعلقہ محکموں کی ٹیمیں موقع پر جانچ کر رہی ہیں کہ آگ کیسے لگی اور اتنی تیزی سے کیسے پھیل گئی۔ اس حادثہ کے بعد سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔