گردابی طوفان ’اکوان‘ تباہی کے لیے تیار! آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ، ماہی گیروں کو سمندر سے دور رہنے کا مشورہ
’اکوان‘ خلیج بنگال میں گزشتہ 3 ہفتوں میں بننے والا تیسرا گردابی طوفان ہوگا۔ اس سے قبل ’ارنب‘ اور ’مراسو‘ طوفان کا سامنا ہو چکا ہے جس سے آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے کئی علاقے متاثر ہوئے تھے۔
خلیج بنگال میں ایک بار پھر سمندری طوفان آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ خلیج بنگال کے اوپر ہوا کے کم دباؤ والا علاقہ تیزی سے طاقتور ہو رہا ہے۔ موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیر کی صبح بتایا کہ خلیج بنگال کے اوپر بنا گہرا دباؤ 16 نومبر کی شام تک سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس کے بعد 17 نومبر تک یہ مزید شدت اختیار کر کے ایک ’شدید سمندری طوفان‘ کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران خلیج بنگال میں بننے والا یہ تیسرا گردابی طوفان ہوگا۔ اس سے قبل ’ارنب‘ اور ’مراسو‘ نامی طوفان اپنا قہر برپا کر چکے ہیں، جس سے آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے کئی علاقے متاثر ہوئے تھے۔ اب نئے طوفان کو پیش نظر رکھتے ہوئے مشرقی ساحلی ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس طوفان کو ’اکوان‘ نام دیا گیا ہے۔
امکان ہے کہ موسمی نظام جنوبی وسطی حصوں اور اس سے متصل مغربی وسطی خلیج بنگال کے اوپر مزید مضبوط ہوگا اور شمال سے شمال مغرب کی جانب بڑھے گا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 17 نومبر کی شام تک اس کے مغربی وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ اس کے بعد اگلے 2 دنوں کے دوران اس کی شدت میں مزید اضافہ ہونے اور شمال مغرب کی جانب آندھرا پردیش کے ساحل کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔