چھٹھ کے تہوار سے پہلے ’نقلی یمنا‘ کے معاملے پر گھری بی جے پی، سوربھ بھاردواج کا حکومت پر سنگین الزام
عآپ نے دہلی حکومت پر واسودیو گھاٹ پر مصنوعی یمنا تیار کرنے کے لیے زیرِ زمین پینے کے صاف پانی کی پائپ لائن بچھانے کا الزام لگایا۔ سوربھ بھاردواج نے حکومت کے یمنا کی صفائی کے دعووں پر سوال اٹھائے
نئی دہلی: چھٹھ کے تہوار سے قبل دہلی میں یمنا کی صفائی کو لے کر سیاسی تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت پر واسودیو گھاٹ پر مصنوعی یمنا تیار کرنے اور اس میں پانی بھرنے کے لیے زیرِ زمین پینے کے صاف پانی کی پائپ لائن بچھانے کا الزام عائد کیا ہے۔ پارٹی کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے ایک ویڈیو جاری کرکے حکومت کی تیاریوں پر سوال اٹھائے ہیں، جبکہ سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بھی اس معاملے پر بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔
سوربھ بھاردواج کا الزام ہے کہ بی جے پی حکومت گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی چھٹھ پوجا کے موقع پر لوگوں کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ یمنا صاف ہو چکی ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر حکومت کے دعوے کے مطابق یمنا کا پانی صاف ہو گیا ہے تو پھر واسودیو گھاٹ پر مصنوعی یمنا تیار کرنے کے لیے صاف پینے کے پانی کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟
انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ دہلی جل بورڈ کی مرکزی پائپ لائن سے ایک چھوٹی پائپ لائن جوڑ کر اسے زمین کے اندر دبا دیا گیا ہے۔ یہ پائپ لائن مبینہ طور پر براہ راست واسودیو گھاٹ پر بنائے گئے مصنوعی آبی ذخیرے تک پہنچتی ہے۔
بھاردواج کے مطابق گزشتہ سال مرکزی پانی کی پائپ لائن سے ایک چھوٹی پائپ جوڑ کر مصنوعی یمنا میں پانی پہنچایا گیا تھا، لیکن اس مرتبہ ایسی کوئی پائپ لائن کھلے طور پر دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مرکزی پائپ لائن کے آس پاس زمین کی کھدائی کے نشانات ملے ہیں اور پائپ بچھانے کے بعد اس جگہ کو دوبارہ برابر کرکے اوپر گھاس جیسی مصنوعی تہہ بچھا دی گئی ہے، تاکہ پائپ لائن کسی کی نظر میں نہ آئے۔
عآپ لیڈر نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت کوئی غلط کام نہیں کر رہی ہے تو پھر پائپ لائن اور کھدائی کے نشانات کو چھپانے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ ان کے مطابق گزشتہ سال بھی واسودیو گھاٹ پر مصنوعی یمنا تیار کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد بی جے پی حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔