یمنا میں پانی کا ٹھکانہ نہیں، مگر کروز سروس کا دکھاوا!...پنکج چترویدی

دہلی میں یمنا کے محض پانچ کلومیٹر کے نسبتاً صاف حصے میں کروز سروس شروع کر کے حکومت دریا کی صفائی کا تاثر دے رہی ہے، جبکہ آلودگی، نالوں کے گندے پانی اور ماحولیاتی تحفظ کے بنیادی مسائل بدستور برقرار ہیں

یمنا میں پانی کا ٹھکانہ نہیں، مگر کروز سروس کا دکھاوا!...پنکج چترویدی

اکتوبر کے آخری دنوں میں رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ یمنا ندی میں نہاتے اور ڈبکیاں لگاتے نظر آئے۔ اس ویڈیو کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ یمنا کا پانی بالکل صاف ہو چکا ہے۔ اس کے چند ہی روز بعد، 10 نومبر کو دہلی میں یمنا ندی پر ’نمو یمنا ریور سفاری‘ کے نام سے پہلی کروز سروس شروع کر دی گئی۔ اس کی ویڈیوز دیکھنے والے بھی دریا کی حقیقی صورت حال کے بارے میں غلط فہمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ حکومت کے ان دعوؤں اور ان کے پس پردہ حقائق کو سمجھا جائے۔

منوج تیواری جس مقام پر نہاتے دکھائی دیے یا جس حصے میں کروز سروس شروع کی گئی ہے، اس علاقے کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ یہ کروز سونیا وہار سے جگت پور تک تقریباً پانچ کلومیٹر کے راستے پر چلائی جا رہی ہے۔ یہ الیکٹرک اور سولر توانائی کے امتزاج سے چلنے والی ہائبرڈ کشتی ہے، جس میں ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 30 مسافر سفر کر سکتے ہیں۔ 10 نومبر کو سروس شروع ہونے کے موقع پر جاری ویڈیوز میں نعرے لگاتے اور سفر کرتے ہوئے لوگ نظر آئے، لیکن دو دن بعد، 12 نومبر کو جب راقم الحروف نے وہاں کا دورہ کیا تو کشتی میں بمشکل دس افراد موجود تھے۔

کشتی میں ایئرکنڈیشننگ کے دو یونٹ اور چار پنکھے نصب ہیں۔ وہاں پہنچنے پر سرکاری اہلکار موجود ہوتے ہیں جو آنے والوں کو فوراً کشتی کے اندر لے جاتے ہیں۔ اس کروز کو چلانے کا ٹھیکہ ایم جی اسکائی ایڈونچر نامی کمپنی کو دیا گیا ہے، جو امبالہ کی ایک فرم ہے اور مارچ 2021 میں قائم ہوئی تھی۔ یہ 20 کروڑ روپے کا منصوبہ ہے، جس کا معاہدہ مارچ 2025 میں کیا گیا تھا، لیکن اس پر عمل درآمد میں ڈیڑھ سال سے زیادہ کا وقت لگ گیا۔

دہلی میں یمنا تقریباً 52 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے۔ دریائے یمنا کا تقریباً نصف سفر سرائے کالے خاں تک پہنچتے ہوئے مکمل ہو جاتا ہے۔ اسی دوران دریا میں بیشتر گندے نالوں اور صنعتی فضلہ کا پانی شامل ہوتا ہے۔ آئی ٹی او پل تک پہنچتے پہنچتے دریا کی حالت تقریباً مردہ ہو چکی ہوتی ہے۔ پانی میں تحلیل شدہ آکسیجن کی مقدار نہ ہونے کے برابر، یعنی صفر تک پہنچ جاتی ہے۔

اس کے برعکس کروز سروس جس حصے میں چلائی جارہی ہے، وہ جگت پور سے سونیا وہار کے درمیان واقع ہے اور وزیرآباد بیراج سے اوپر کی جانب پڑتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ وہ علاقہ ہے جہاں دہلی کے بڑے گندے نالوں کا پانی دریا میں شامل ہونے سے پہلے کا حصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں پانی دہلی میں یمنا کے دیگر حصوں کے مقابلے میں نسبتاً صاف ہے۔

اس حصے میں پانی میں تحلیل شدہ آکسیجن کی مقدار عموماً 6 سے 8.5 ملی گرام فی لیٹر ہوتی ہے، جبکہ حیاتیاتی آکسیجن کی طلب (بی او ڈی) 2 سے 4 ملی گرام فی لیٹر کے درمیان رہتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں حکومت نے دریا کا وہ چھوٹا سا حصہ منتخب کیا ہے جو پہلے ہی نسبتاً صاف ہے۔ وزیرآباد بیراج سے آگے صورت حال بالکل بدل جاتی ہے، کیونکہ نجف گڑھ اور شاہدرہ جیسے بڑے نالے بیراج کے نیچے دریا میں گرتے ہیں۔ یہاں آکسیجن کی مقدار تقریباً صفر ہو جاتی ہے اور بی او ڈی 35 سے 80 ملی گرام فی لیٹر یا اس سے بھی زیادہ پہنچ جاتی ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ اصل کام، یعنی گندے نالوں کے پانی کو دریا میں جانے سے روکنا، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کو مؤثر طریقے سے چلانا اور صنعتی فضلہ کے اخراج پر قابو پانا، اب بھی ادھورا ہے۔

دہلی میں یمنا کی پہچان آئی ٹی او اور اوکھلا کے قریب پانی پر تیرتی جھاگ کی موٹی تہوں سے ہوتی ہے۔ چھٹھ پوجا کے موقع پر اسی آلودہ پانی میں اتر کر عبادت کرتے لوگوں کی تصاویر اخبارات میں شائع ہوتی رہی ہیں۔ ایسے حالات کو بہتر بنانے کے بجائے حکومت دریا کے دوسرے حصے میں تفریحی سفر کی دعوت دے رہی ہے۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے گھر میں آگ لگی ہو اور مالک اس کی بجائے بیٹھک کی سجاوٹ بدلنے میں مصروف ہو۔

کروز سروس سال بھر کیسے چلے گی؟

جس حصے میں اب کروز سروس شروع کی گئی ہے، اسی سال مئی میں کئی مقامات پر دریا کی تہہ نظر آنے لگی تھی اور صرف دو سے تین فٹ گہرے گڑھے باقی رہ گئے تھے۔ پانی کی کمی کے باعث اس سروس کو پہلے فروری، پھر مئی اور اس کے بعد اکتوبر تک ملتوی کرنا پڑا۔ مانسون کے بعد جب دریا میں پانی کی سطح بڑھی تو سروس شروع کردی گئی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جس کشتی کو پورے سال چلانے کا منصوبہ ہے، اس کا انحصار دریا میں پانی کی موسمی دستیابی پر ہے۔

حکومت نے خود بتایا ہے کہ موٹر بوٹ چلانے کے لیے تین سے نو فٹ تک پانی کی گہرائی درکار ہے اور دہلی جل بورڈ اس حصے میں مناسب آبی سطح برقرار رکھے گا۔ سوال یہ ہے کہ کیا اب دریا میں پانی کا بہاؤ کشتی کی ضرورت کے مطابق روکا اور چھوڑا جائے گا؟ اگر ایسا ہوتا ہے تو یمنا کے قدرتی بہاؤ اور پینے کے پانی کی فراہمی کو ترجیح دینے کا کیا ہوگا؟

سیاحوں کو دیکھنے کے لیے کیا ملے گا؟

ابتدائی دو دنوں میں کروز کا سفر کرنے والے بعض سیاحوں نے بھی بتایا کہ دریا کے دونوں کناروں پر دیکھنے کے لیے کوئی خاص چیز موجود نہیں ہے۔ کہیں کہیں کنارے پر کھڑے لوگ ہاتھ ہلاتے ہیں اور کشتی میں بیٹھے مسافر ان کا جواب دیتے ہیں۔ کچھ دیر کے لیے یہ منظر اچھا ضرور لگتا ہے، لیکن اسے کسی دلچسپ سیاحتی سفر کی کشش نہیں کہا جا سکتا۔ دوسرے کنارے پر کچھ پرندے ضرور دکھائی دیتے ہیں، لیکن انہیں دیکھنے کے لیے 500 روپے کا ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس علاقے میں جو کچھ دیکھنے لائق ہے، وہ دریا اور اس کے قدرتی میدانوں کی اپنی خوب صورتی ہے، کسی سرکاری منصوبے کا کمال نہیں۔

اس کروز کا موازنہ بنارس اور کولکاتا کی دریائی سیاحت سے کیا جا رہا ہے۔ بنارس میں گنگا کی سیر کا مطلب 84 گھاٹوں کا نظارہ، دشاشومیدھ گھاٹ کی آرتی اور جلتے ہوئے دیوں کی قطاروں کو دیکھنا ہے۔ کولکاتا میں دریائے ہوگلی کی سیر کے دوران ہاوڑہ برج، ودیا ساگر سیتو، پرنسپ گھاٹ اور قدیم گھاٹوں کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ طویل راستوں پر بیلور مٹھ اور دکشنیشور مندر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ان شہروں میں دریا ان کی تاریخ، تہذیب اور عقیدت کا اہم حصہ ہے۔

اس کے برعکس جگت پور سے سونیا وہار کے درمیان نہ کوئی تاریخی گھاٹ ہے، نہ یادگار عمارت اور نہ ہی کوئی ایسا نمایاں منظر جو سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکے۔ سابرمتی کی طرز پر یمنا ریور فرنٹ بنانے کی بات ضرور ہو رہی ہے، لیکن اس پر کام شروع ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔ یعنی کشتی پہلے پانی میں اتار دی گئی ہے اور اس کے سفر کی منزل بعد میں تیار ہوگی۔

ٹکٹ کی قیمت اور بنیادی سہولتوں کا فقدان

کروز میں سفر کا کرایہ فی شخص 500 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ احاطے میں داخلے کے لیے الگ سے 50 روپے ادا کرنے پڑتے ہیں۔ اگر کوئی شخص چار پہیہ گاڑی سے وہاں پہنچتا ہے تو اسے مزید 30 روپے دینے ہوتے ہیں، حالانکہ اس رقم کی رسید بھی نہیں دی جاتی۔ ٹکٹ خریدنے والے بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ایسا ہی ہے جیسے ٹرین کا ٹکٹ خریدنے کے بعد پلیٹ فارم ٹکٹ بھی الگ سے خریدنا پڑے۔

وہاں تک پہنچنا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اسی علاقے میں چند سال پہلے سگنیچر برج کو ایک بڑے سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سے دہلی کو ایک نئی شناخت ملے گی، لیکن آج یہی پل اندھیرے میں ڈوبا رہتا ہے۔ وہاں پہنچنا مشکل ہے اور بھجن پورہ جیسے راستوں پر ہر وقت ٹریفک جام رہتا ہے۔

جب ایک سیاحتی منصوبے کا یہ حال ہو چکا ہے تو اسی علاقے میں دوسرا منصوبہ شروع کرنے سے پہلے یہ سوال ضرور اٹھنا چاہیے کہ پہلے منصوبے کا کیا ہوا؟ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سب سے پہلے سڑکوں، عوامی ٹرانسپورٹ، روشنی، بیت الخلا، پینے کے پانی، حفاظتی انتظامات اور کھانے پینے کی سہولتوں کا ہونا ضروری ہے۔ یمنا میں پہلے بھی کشتیاں چلتی رہی ہیں، لیکن وزیرآباد کے علاقے میں سیاحوں کی آمدورفت کبھی خاص طور پر نہیں بڑھی، کیونکہ وہاں بنیادی ڈھانچہ ہی موجود نہیں ہے۔ محض کشتی اتار دینے سے سیاحتی سہولتیں پیدا نہیں ہو جاتیں۔

ماحولیاتی تحفظ کا اہم سوال

یہ وہی علاقہ ہے جہاں کچھوے اور دیگر آبی جاندار پائے جاتے ہیں۔ سردیوں میں بڑی تعداد میں مہاجر پرندے بھی یہاں پہنچتے ہیں۔ اس اعتبار سے یمنا کا یہ حصہ دہلی کے لیے سب سے حساس اور قیمتی قدرتی خطوں میں شمار ہوتا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ کروز میں استعمال ہونے والی کشتیاں الیکٹرک اور سولر ہائبرڈ ہیں، اس لیے ماحول دوست ہیں۔ ان سے دھواں خارج نہ ہونا یقیناً اچھی بات ہے، لیکن دنیا بھر میں ہونے والی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ کشتیوں کی مسلسل آمدورفت کا اثر دریا کے آبی جانداروں پر بھی پڑتا ہے۔ یمنا کے اس حصے میں کروز سروس کے اثرات پر فی الحال کوئی الگ تحقیق سامنے نہیں آئی ہے، لیکن دنیا کے دیگر دریاؤں پر ہونے والی تحقیقات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

کینیڈا کے جریدے ’ایکواٹک کنزرویشن‘ میں شمالی میپ کچھوے پر موٹر بوٹس کے اثرات سے متعلق شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ دھوپ سینکنا کچھوؤں کے جسم کا درجہ حرارت برقرار رکھنے اور توانائی کے انتظام کا اہم ذریعہ ہے۔ محققین کے مطابق کشتیوں کی آواز اور آمدورفت سے کچھوے دھوپ سینکنا چھوڑ دیتے ہیں۔ سرد موسم میں اس خلل کے باعث ان کی میٹابولزم کی شرح میں تقریباً 7.5 فیصد تک کمی آسکتی ہے، جس سے ان کی نشوونما اور افزائش نسل متاثر ہو سکتی ہے۔

امریکہ کے دریائے پرل میں خطرے سے دوچار رنگڈ ساب بیک کچھوؤں پر ہونے والی ایک تحقیق میں بھی کشتیوں کی تعداد، رفتار اور دھوپ سینکنے کے مقامات کی دستیابی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اس میں پایا گیا کہ جہاں کشتیوں کی آمدورفت زیادہ تھی، وہاں کم عمر اور نوجوان کچھوؤں کی تعداد کم تھی۔ اوکلاہوما میں ہونے والی ایک اور تحقیق کے مطابق کشتیوں کی آمدورفت بڑھنے کے ساتھ کچھوؤں کے زخمی ہونے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا۔ ان تحقیقات کی اہمیت اس لیے ہے کہ یمنا کے اسی حصے میں کچھوے پائے جاتے ہیں۔ مہاجر اور مقامی پرندوں کے ساتھ مچھلیوں پر بھی کشتیوں کی سرگرمیوں کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ماہرین ماحولیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ موٹر بوٹس کی مسلسل آمدورفت سے دریا کے کنارے کمزور ہو سکتے ہیں اور زمین کے کٹاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ سرکاری حکام اس خدشے کو مسترد کرتے ہیں۔ بہتر ہوتا کہ اس معاملے کو محض دعوؤں اور اندازوں تک محدود رکھنے کے بجائے باقاعدہ سائنسی پیمائش کی جاتی اور کروز سروس شروع ہونے سے پہلے اور بعد میں دریا کے کناروں، پانی کے معیار اور پرندوں کی تعداد سے متعلق اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھے جاتے۔

یمنا کو قومی آبی گزرگاہ 110 قرار دیا جا چکا ہے۔ جہاز رانی کی وزارت اور اندرون ملک آبی گزرگاہوں کی اتھارٹی نے دہلی حکومت کے کئی محکموں کے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اب دریا کو نقل و حمل اور سیاحت کے ایک راستے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ لیکن دریا کو زبردستی تفریح اور سیاحت کا ذریعہ بنا دینے سے اس کا بنیادی بحران ختم نہیں ہوگا۔ یمنا کو کروز سروس کی نہیں بلکہ صفائی، بحالی، آلودگی پر قابو پانے اور اس کے قدرتی ماحول کے تحفظ کی ضرورت ہے۔ کروز منصوبہ دراصل دریا کے اصل مسائل پر پردہ ڈالنے کی ایک کوشش دکھائی دیتا ہے۔