پیرو میں 6.9 شدت کا زلزلہ، خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، پارلیمنٹ بھی خالی کرائی گئی

پیرو بحرالکاہل کے کنارے واقع ’رنگ آف فائر‘ خطے میں آتا ہے۔ یہ تقریباً 40 ہزار کلومیٹر طویل علاقہ ہے، جہاں کئی آتش فشاں اور زمین کے اندر بڑی دراڑیں موجود ہیں۔ دنیا کے زیادہ تر زلزلے اسی خطے میں آتے ہیں

پیرو میں 6.9 شدت کا زلزلہ، خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، پارلیمنٹ بھی خالی کرائی گئی

جنوبی امریکی ملک پیرو میں شدید زلزلہ آیا، جس کی شدت 6.8 سے 6.9 کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے راجدھانی لیما سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ خوفزدہ لوگ اپنے گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آگئے۔ لیما میں پارلیمنٹ کی عمارت بھی خالی کرائی گئی۔ افسران کے مطابق اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

جرمنی کے جیولوجیکل ریسرچ سینٹر (جی ایف زیڈ) نے زلزلے کی شدت 6.8 بتائی ہے۔ پیرو کے جیو فزیکل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق زلزلہ ملک کے وسطی حصے میں اینڈیز پہاڑی علاقے کے جونین خطے میں آیا۔ اس کی گہرائی زمین سے تقریباً 129 کلومیٹر تھی۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کے جھٹکے جمعہ کی شام مقامی وقت کے مطابق 7:09 بجے محسوس کیے گئے، جس کے بعد راجدھانی لیما سمیت کئی علاقوں میں لوگ گھبرا کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ یو ایس جی ایس نے زلزلے کی شدت 6.9 بتائی ہے۔ اس کا مرکز جونین سے تقریباً 34 کلومیٹر شمال میں اور زمین سے 108 کلومیٹر نیچے تھا۔

زلزلے کے جھٹکے راجدھانی لیما تک محسوس کیے گئے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکلتے دکھائی دیے۔ ٹی وی فوٹیج میں پارلیمنٹ کے اراکین اور دیگر لوگوں کو بھی عمارت سے باہر جاتے دیکھا گیا۔ واضح رہے کہ جونین خطے میں تانبے کی کئی کانیں ہیں۔ ان میں ٹورموچو کان بھی شامل ہے، جو پیرو کی تانبے کی سب سے بڑی کانوں میں سے ایک ہے۔ پیرو دنیا میں تانبے کا تیسرا سب سے بڑا پیداوار کنندہ ملک ہے۔ یہاں کان کنی ملکی معیشت کا ایک بڑا حصہ ہے۔

امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے کہا ہے کہ اس زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پیرو بحرالکاہل کے کنارے واقع ’رنگ آف فائر‘ خطے میں آتا ہے۔ یہ تقریباً 40 ہزار کلومیٹر طویل علاقہ ہے، جہاں کئی آتش فشاں اور زمین کے اندر بڑی دراڑیں موجود ہیں۔ دنیا کے زیادہ تر زلزلے اسی خطے میں آتے ہیں۔ اس سے قبل اگست میں پیرو کے اینڈیز علاقے میں 6.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے اور کئی مکانات، صحت کے مراکز اور اسکولوں کو نقصان پہنچا تھا۔ اس سے تقریباً ایک ماہ قبل جولائی میں جونین خطے میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں 6 افراد کی موت ہوئی تھی اور 30 افراد زخمی ہوئے تھے۔