عوام کو جنگ پسند نہیں آئی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ انتخابی شکست کی بڑی وجہ بنا: ٹرمپ
ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایران جنگ، پٹرول کی بڑھتی قیمتیں اور غیر مقبول امیدوار ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی بڑی وجوہات بنے۔ تاہم انہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو درست قرار دیا
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ، پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور بعض غیر مقبول امیدوار انتخابی ناکامی کے اہم اسباب رہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ امریکی عوام کو جنگ پسند نہیں آئی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے بھی لوگوں میں ناراضگی پیدا ہوئی۔ تاہم ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ضروری تھا۔
سی بی ایس نیوز کے پروگرام ’60 منٹس‘ میں صحافی راس ڈاؤتھیٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ عوام جنگ کے حق میں نہیں تھے، لیکن ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کے بقول، ’’لوگوں کو جنگ پسند نہیں آئی۔ انہیں یہ بھی اچھا نہیں لگا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھ گئیں، حالانکہ میں نے پہلے انہیں کافی کم رکھا تھا۔‘‘
انتخابی نتائج پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے خود کو شکست کی براہ راست ذمہ داری سے الگ رکھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود انتخابات میں امیدوار نہیں تھے اور ان کی ذاتی مقبولیت ریپبلکن امیدواروں کی حمایت میں پوری طرح تبدیل نہیں ہو سکی۔
ان امیدواروں کے بارے میں سوال پر، جنہیں ٹرمپ کی حمایت حاصل تھی لیکن وہ روایتی طور پر ریپبلکن پارٹی کے مضبوط سمجھے جانے والے ریاستوں میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے، صدر نے اپنے فیصلوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حمایت سے کئی امیدواروں کو کامیابی حاصل کرنے یا انتخابی مقابلے کو سخت بنانے میں مدد ملی۔
ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً 28 دنوں میں 30 انتخابی ریلیاں کی تھیں۔ ان کے خیال میں کچھ حامی ووٹ ڈالنے نہیں پہنچے، کچھ امیدواروں کو پسند نہیں کرتے تھے، جبکہ بعض ووٹر ان کی پالیسیوں سے متفق نہیں تھے۔
معیشت کے حوالے سے ٹرمپ نے روزگار کے اعداد و شمار، شیئر بازار میں تیزی اور نئے کارخانوں میں سرمایہ کاری کو اپنی حکومت کی کامیابی قرار دیا۔ تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ ان مثبت دعوؤں کے باوجود عام امریکی روزمرہ اخراجات میں اضافے سے پریشان کیوں ہیں تو انہوں نے کہا کہ یہ دراصل حکومت کی جانب سے بہتر پیغام نہ پہنچانے کا معاملہ ہے۔
انہوں نے میڈیا پر الزام لگایا کہ اس نے معیشت سے متعلق مثبت خبروں کو مناسب اہمیت نہیں دی۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ آنے والے مہینوں میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے اثرات عوام کو محسوس ہونے لگیں گے۔
ایران جنگ کے انتخابی نتائج پر اثرات کے حوالے سے نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان پر بھی ٹرمپ نے اتفاق کیا۔ وینس نے سوشل میڈیا پر ریپبلکن پارٹی کی شکست کے لیے ایران جنگ کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس بات سے بڑی حد تک متفق ہیں، لیکن فوجی کارروائی کے جواز کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
صدر نے بتایا کہ جے ڈی وینس ایران سے متعلق فیصلے کرنے کے عمل کا حصہ تھے۔ ان کا خیال ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ امریکی عوام اس فوجی کارروائی کو درست فیصلہ تسلیم کریں گے، اگرچہ فی الحال اس کی سیاسی قیمت چکانی پڑی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وسط مدتی انتخابات کے بعد وہ ایران کے خلاف جنگ کو مزید وسعت دیں گے تو ٹرمپ نے کہا، ’’میں ایسا نہیں کرنا چاہتا۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس کی کوئی ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابات سے پہلے ایران کسی معاہدے کے کافی قریب تھا، لیکن ریپبلکن پارٹی کی شکست سے تہران کو نئی امید ملی ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے مستقبل میں معاہدے کا امکان ظاہر کیا، تاہم اس بارے میں کوئی واضح وقت یا تفصیلات نہیں بتائیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات صدر کے چار سالہ دور اقتدار کے درمیان منعقد ہوتے ہیں۔ اس مرتبہ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی ایوان نمائندگان اور سینیٹ، دونوں میں اپنا اکثریتی کنٹرول کھو بیٹھی ہے۔