دہلی: عالمی یوم اُردو کے موقع پر ’اُردو رسم الخط کی ترویج ‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد
ماہر اقبالیات پروفیسر عبدالحق نے کہا کہ اُردو ایک اسی زبان ہے جس کو کبھی مٹایا نہیں جا سکتا اس کی مضبوط دلیل یہ ہے کہ عربی زبان کے بعد اسلام کا اتنا بڑا سرمایہ جس زبان میں موجود ہے اس کا نام اُردو ہے
نئی دہلی: سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی 9 نومبر کو شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر جلسہ تقسیم انعامات و مذاکرہ بعنوان ’اُردو رسم الخط کی ترویج‘ کا انعقاد اُردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے اشتراک سے قومی راجدھانی دہلی کے بستی حضرت نظام الدین واقع غالب اکیڈمی آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ اس پروقار تقریب کی صدرات ماہر اقبالیات پروفیسر عبدالحق نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر خبیب احمد نے بحسن و خوبی انجام دیے۔
تقریب کا آغاز مولانا محمد حکیم مرتضی دہلوی کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تقریب میں مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں ماہر اقبالیات پروفیسر عبد الحق نے کہا کہ آج ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم اپنے دور کی نابغہ شخصیت ڈاکٹر علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر عالمی یوم اُردو منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے زندگی اور انسانیت کا جو فلسفہ پیش کیا اس کے نہ صرف ہم لوگ بلکہ پوری دنیا کے لوگ قائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اُردو ایک اسی زبان ہے جس کو کبھی مٹایا نہیں جا سکتا۔ اس کی مضبوط دلیل یہ ہے کہ عربی زبان کے بعد اسلام کا اتنا بڑا سرمایہ جس زبان میں موجود ہے اس کا نام اُردو ہے۔ سیرت پر بے شمار کتابیں اُردو میں لکھی گئیں ، قرآن کریم کے ترجمے اُردو زبان میں لکھے گئے اسلامی تاریخی کتابیں اُردو میں لکھی گئیں اور سب سے زیادہ پڑھنے والے اُردو کے قارئین نہیں اس لئے یہ زبان کبھی بھی زوال پذیر نہیں ہو سکتی۔
اپنی تقریر میں اُردو رسم الخط کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مایہ ناز صحافی معصوم مراد آبادی نے کہا کہ کسی بھی زبان کی روح اس کا رسم الخط ہے ۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر جو لو گ رومن یا دیوناگری میں اُردو لکھتے ہیں ان کو اپنا احتساب کرنا چاہئے کہ وہ اپنی مادری زبان کے ساتھ انصاف کر رہے ہیں یا اس کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج اس بات کو اشد ضرورت ہے کہ جو افراد اُردو لکھنا ، پڑھنا اور بولنا جانتے ہیں وہ اپنے پیغام ، خیالات اور تحریریں صرف اور صرف اُردو کے رسم الخط میں لکھیں تاکہ یہ زبان اور اس کی خوبی بر قرار رہے۔
معصوم مراد آبادی نے اُردو کی بقا و تریج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج اس بات پرفکر کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اُردو کس طرح سکھا ئیں اور ان میں اس زبان کو سیکھنے کا اشتیاق کیسے پیدا کریں ۔ انہوں نے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے پوتی تین برس کی ہے اور وہ ’’ اُردو اکادمی دہلی‘‘ سے شائع ہونے والا رسالہ ’’ بچوںکا ماہنا مہ امنگ ‘‘ کی کاپی گھر میں آتے ہی بڑے شوق سے دائیں جانب سے کھولتی ہے۔ اس طرح اگر ہم بچوں کو اُردو کی کتابیں اور اس زبان سے متعارف کرائیں گے تو ہم اپنے بچوں میں اُردو کے تئیں محبت پیدا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی مولانا فیس لے کر بھی بچوں کو اُردو سکھا سکتا ہے تو ضرور اپنےبچوں کو سکھائیں۔
اُردو کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے معروف سماجی کارکن اور اُردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن دہلی کنوینر شیخ علیم الدین نے کہا کہ اُردو زبان کو صرف آج کے دن یاد کرنے کا دن نہیں ہے بلکہ یہ ہماری پہچان ہے اور اس زبان کو ہر کس و ناکس کو اپنی روز مرہ کی زندگی میں شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم ہی اس زبان کو بولنا ، لکھنا اور پڑھنا چھوڑ دیں گے تو ہم اپنی مادری زبان کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔
اس موقع پر چوہان بانگر وارڈ سے کونسلر شگفتہ چودھری زبیر کو ان کی اُردو خدمات پر ’علامہ اقبال‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ۔شگفتہ چودھری نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم سب کہیں نہ کہیں اُردو کے ساتھ نہ انصافی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم آج اپنے بچوں کو اُردو پڑھانے میں شرم محسوس کرتے ہیں میں ایسے لوگوں کو مشورہ دینا چاہتی ہوں کہ ہم اگر اپنے بچوں کو بطور سبجیکٹ بھی اُردو پڑھائیں گے تو ہم اُردو کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اُردو ایک ایسی زبان ہے جو بات کرنے کا طریقہ اور اپنی شخصیت کو سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں دوسری زبان کو سیکھنے کے ساتھ ساتھ اُردو زبان کو بھی اپنی زندگی میں شامل کرنا چاہئے۔
سلیم قدوائی نے کہا کہ آج کا عنوان بہت ہی اہم ہے کیونکہ آج جس طرح سے اُردو کے ساتھ جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کی اہم وجہ رسم الخط کو بدلنا بھی ہے اس لئے اُردو داں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اگر اُردو زبان کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں تو آپ اس کے رسم الخط کو زند ہ رکھیں ۔
عالمی یوم اردو کے تعلق سے بات کرتے ہوئے پروگرام کے روحِ رواں اور اُردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یوڈی او) کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ 1997 سے ہم اُردو ڈے کا اہتمام کر رہے ہیں اور عوام کی جانب سے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج اُ ردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی کاوشوں سے 9نومبر کو عالمی یوم اُردو عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ تاہم اُردو کیلئے ہماری کوشش جاری رہے گی ۔
اس موقع پر عالمی یوم اُردو یاد گار مجلہ 9 نمبر 2026 خصوصی پیش کش ہمہ جہت علمی و ادبی شخصیت محمد حامد علی قمر گورکھپوری حیات و خدمات پر کا اجرا کیا گیا ۔اس کے علاوہ لودھی رسالہ سالانہ میگزین کا بھی اجرا ہوا۔
واضح رہے کہ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے روح رواں اور حکومت کے ادارے ’آیوش‘ میں برسرکار ڈاکٹر سید احمد خاں نے 1997 میں اپنے عہدکے ایک بڑے صحافی محفوظ الرحمن کے ایما پر ایک فیصلہ کیا کہ جس طرح ہندی والے ایک روز یوم ہندی مناتے ہیں کیوں نہ ہم بھی سال میں کم از کم ایک بار ہی سہی یوم اردو منائیں۔ انھوں نے یہ تجویز بھی رکھی کہ کیوں نہ ہم علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر یعنی 9 نومبر کو یوم اردو منائیں۔ انھوں نے اس کا جواز یہ پیش کیا کہ علامہ نے اردو زبان میں جو ترانہ ہندی لکھا ہے اس کا بدل آج تک کوئی شاعر پیش نہیں کر سکا اور اس ترانے میں جس طرح حب الوطنی کے جذبات پروئے گئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ یہ تجویز منظور کی گئی اور 1997 سے اسی تاریخ کو یوم اردو منایا جانے لگا۔ رفتہ رفتہ 9 نومبر کو یوم اردو منائے جانے کی روایت مقامی سے ملک گیر ہوئی اور اب عالمی حیثیت اختیار کی گئی ہے۔