’نیوکلیائی اسلحوں پر پابندی لگانے کی ضرورت‘، جنپنگ اور پوتن کے ساتھ میٹنگ میں ٹرمپ کا اظہارِ خیال
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے مستقل رکن ہونے کے ناطے چین، روس اور امریکہ نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جنپنگ اور روسی صدر ولادمیر پوتن کے درمیان تاریخی سہ فریقی ملاقات ختم ہو چکی ہے۔ ایک گھنٹہ سے زیادہ وقت تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں نیوکلیائی اسلحوں اور یوکرین جنگ پر خصوصی تبادلہ خیال ہوا۔ ٹرمپ نے اس میٹنگ کے دوران عالمی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مضبوطی کے ساتھ اپنا موقف پیش کیا اور کہا کہ نیوکلیائی اسلحوں پر پابندی لگانے کی سخت ضرورت ہے۔ میٹنگ میں تینوں ہی ممالک کے سرکردہ لیڈران نے دنیا کی موجودہ صورت حال پر بات کی اور دنیا میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کا یقین دلایا۔
خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے مستقل رکن ہونے کے ناطے چین، روس اور امریکہ نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اقوام متحدہ دنیا کے موجودہ چیلنجوں کا بہتر طریقے سے سامنا کر سکے اور پوری دنیا میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے اپنے بنیادی مقصد کو صحیح طریقے سے پورا کر سکے۔ علاوہ ازیں تینوں ممالک کے سربراہان نے پھر سے اس بات پر اتفاق ظاہر کیا کہ نیوکلیائی جنگ میں کسی کی بھی جیت نہیں ہو سکتی اور اسے کبھی نہیں لڑا جانا چاہیے۔ تینوں ممالک نیوکلیائی اسلحوں سے منسلک خطروں کو کم کرنے اور انھیں دوسرے ممالک تک پھیلنے سے روکنے کے لیے آپس میں بات چیت کرنے پر بھی اتفاق ظاہر کیا۔
بہرحال، سہ فریقی ملاقات سے قبل چینی صدر شی جنپنگ نے دعویٰ کیا کہ ایشیا پیسیفک خطے میں اقتصادی تعاون بڑھانے میں چین ایک محرک اور قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ شراکت داری پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ایشیا پیسیفک برادری کی تعمیر کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ جنپنگ نے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) کی 33ویں اقتصادی لیڈران کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
دوسری جانب ٹرمپ نے اے پی ای سی اجلاس کے موقع پر جنپنگ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات سے پہلے کہا کہ چینی صدر کے ساتھ ان کی دوستی اچھی ہے اور انہیں لگتا ہے کہ جب تک دونوں اپنے اپنے ملکوں کے اقتدار میں ہیں، دو طرفہ تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں آئے گا۔ چینی میڈیا ژنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ گفتگو روسی لیڈر ولادمیر پوتن کے ساتھ تاریخی سہ فریقی ملاقات سے قبل ہوئی۔