’نوٹ بندی اور ووٹ بندی ایک ہی سکہ کے دو پہلو‘، جئے رام رمیش نے مودی حکومت کو پھر بنایا تنقید کا نشانہ
جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ووٹ چوری محض انتخاب میں بے ضابطگی کا معاملہ نہیں ہے، یہ پی ایم-ایچ ایم کی جگل بندی کے ذریعہ عوام کے حق، اس کی آواز اور حکومت کو جوابدہ بنانے کی طاقت پر بڑا حملہ ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش رام مندر چندہ چوری اور ووٹ چوری معاملہ پر مودی حکومت کو مستقل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اب انھوں نے ’نوٹ بندی‘ کو یاد کرتے ہوئے اسے ’ووٹ بندی‘ کا ہی دوسرا رخ قرار دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’پہلے نوٹ بندی نے عام آدمی کی جیب اور روزگار پر چوٹ کی تھی، اب ووٹ بندی اس کے جمہوری حق پر چوٹ کر رہی ہے۔ نوٹ بندی اور ووٹ بندی ایک ہی سکہ کے دو پہلو ہیں۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’تب (نوٹ بندی کے وقت) اقتدار کے تکبر میں عوام کی کمائی اور ذریعہ معاش پر چوٹ ہوئی تھی، اب (ووٹ بندی کے وقت) اس کے ووٹ اور آواز پر چوٹ ہو رہی ہے۔‘‘
पहले नोटबंदी ने आम आदमी की जेब और रोज़गार पर चोट की थी, अब वोटबंदी उसके लोकतांत्रिक अधिकार पर चोट कर रही है। नोटबंदी और वोटबंदी, एक ही सिक्के के दो पहलू हैं। तब सत्ता के अहंकार में जनता की कमाई और आजीविका पर चोट हुई थी, अब उसके वोट और आवाज़ पर चोट हो रही है।
— Jairam Ramesh (@Jairam_Ramesh) November 19, 2026
वोट चोरी सिर्फ चुनाव…
جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ووٹ چوری محض انتخاب میں بے ضابطگی کا معاملہ نہیں ہے، یہ پی ایم-ایچ ایم (مودی-شاہ) کی جگل بندی کے ذریعہ عوام کے حق، اس کی آواز اور حکومت کو جوابدہ بنانے کی طاقت پر بڑا حملہ ہے۔ وہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’جمہوریت میں غریبوں، مزدوروں، کسانوں، محروم طبقات، سماجی طور سے پسماندہ طبقات، نوجوانوں اور متوسط طبقہ کے پاس اپنی بات منوانے کا سب سے بڑا اسلحہ ان کا ووٹ ہی ہے۔ اسی ووٹ کے خوف سے حکومتیں عوام کی سنتی ہیں، اپنی پالیسیوں کے نتائج کی پروا کرتی ہیں اور انتخاب میں جواب دینے کے لیے مجبور ہوتی ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جب حکومت کو عوام کے مینڈیٹ کی پروا نہیں رہتی، جب اسے لگتا ہے کہ اقتدار میں بنے رہنے کے لیے اسے عام لوگوں کی ناراضگی کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں، تب اس کی پالیسیوں میں بھی وزیر اعظم مودی جیسا تکبر نظر آنے لگتا ہے۔‘‘
سوشل میڈیا پوسٹ میں جئے رام رمیش نے اڈانی اور امبانی کا بالواسطہ ذکر کر کے بھی پی ایم مودی کو نشانہ بنایا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’(ووٹ بندی کی صورت میں) 2 متر سرمایہ کاروں کے کارپوریٹ مفادات کو ترجیح ملتی ہے، عام آدمی مہنگائی سے نبرد آزما ہوتا ہے، نوجوان روزگار کے لیے بھٹکتا ہے، کسان اپنے مطالبات کے لیے جدوجہد کرتا ہے اور دیہی مزدور کی روزگار گارنٹی کمزور کی جاتی ہے۔ غریب و متوسط طبقہ پر عوام مخالف پالیسیوں کا بوجھ پڑتا ہے، لیکن حکومت جوابدہی کی فکر ہی نہیں کرتی۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتے ہیں کہ ’’یہی ووٹ چوری سے حق چوری تک کا راستہ رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں گزشتہ 12 سالوں میں ملک کے ہر طبقہ کے ساتھ بار بار یہی ہوا ہے۔ مہنگائی سے جیب پر چوٹ، بے روزگاری سے نوجوانوں کے مستقبل پر چوٹ، منریگا کی جگہ نئے نظام سے دیہی مزدوروں کے روزگار کے حق پر چوٹ، اور ووٹر لسٹ سے نام غائب ہونے پر حکومت منتخب کرنے اور اس سے جواب مانگنے کے حق پر چوٹ۔‘‘
جئے رام رمیش نے عوام کو بیدار کرنے والے انداز میں کہا کہ ’’ووٹ صرف حکومت بنانے کا حق نہیں ہے۔ یہ حکومت کو جوابدہ بنانے کا حق ہے۔ غریب کا راشن، مزدور کا کام، نوجوان کا روزگار، کسان کی آمدنی اور متوسط طبقہ کی بچت، ان سب پر حکومت سے جواب مانگنے کی طاقت بھی اسی ووٹ سے آتی ہے۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’جب ووٹ کی طاقت کمزور ہوتی ہے تو عوام کے تئیں حکومت کی جوابدہی بھی کمزور پڑتی ہے، اور جب جوابدہی ختم ہوتی ہے تو اقتدار کا تکبر بڑھتا ہے۔ اس لیے ہمارے لیے یہ جنگ صرف ووٹ بچانے کی نہیں، ہر شہری کا حق بچانے کی ہے۔‘‘ سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’نوٹ بندی سے ووٹ بندی تک، ووٹ چوری سے حق چوری تک، مینڈیٹ کی چوری سے جوابدہی کی چوری تک... ووٹ چور، گدی چھوڑ۔‘‘