عالمی کپ 2023: لگاتار دو شکست کے بعد آسٹریلیا کو ملی فتح، سری لنکا کو 5 وکٹ سے ہرایا

سری لنکا نے آسٹریلیا کے سامنے جیت کے لیے 210 رنوں کا ہدف رکھا تھا جس کو حاصل کرنا اس کے لیے آسان نہیں رہا، لیکن 5 وکٹ کے نقصان پر 88 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔

عالمی کپ 2023: لگاتار دو شکست کے بعد آسٹریلیا کو ملی فتح، سری لنکا کو 5 وکٹ سے ہرایا

آج عالمی کپ میں دو ایسی ٹیموں کے درمیان مقابلہ کھیلا گیا جس نے اپنی پہلی دونوں میچ میں شکست کا سامنا کیا تھا۔ ایک طرف آسٹریلیا ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں قائم رکھنے کے لیے پورا زور لگا رہی تھی، تو دوسری طرف سری لنکا بھی ہر حال میں جیت حاصل کرنا چاہتی تھی۔ لیکن کامیابی ملی آسٹریلیا کو جس نے ٹورنامنٹ کے اپنے تیسرے میچ میں پہلی فتح حاصل کی اور سری لنکا کو 5 وکٹ سے ہرا دیا۔

آج ٹاس سری لنکا کے کپتان کسل مینڈس نے جیتا تھا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سلامی بلے بازوں نے اچھی شروعات بھی دی اور پہلے وکٹ کے لیے 125 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ پہلا وکٹ پاتھوم نسانکا کا گرا جنھوں نے 67 گیندوں پر 61 رن بنائے۔ اس کے بعد ہر تھوڑے وقفہ پر وکٹ گرتا رہا اور نتیجہ یہ ہوا کہ پوری ٹیم 43.3 اوورس میں 290 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ دوسرے سلامی بلے باز کسل پریرا نے 82 گیندوں پر 78 رنوں کا تعاون کیا اور پھر چرتھ اسلانکا (25 رن) واحد ایسے بلے باز رہے جنھوں نے دوہرا ہندسہ حاصل کیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے درمیان کے اوورس میں اچھی گیندبازی ہوئی اور فیلڈرس کی بھی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے آج کیچ نہیں چھوڑے۔ ورنہ گزشتہ میچ میں تو 6 کیچ چھوڑ دیے گئے تھے۔ گیندبازی میں ایڈم جیمپا نے کمال کیا جنھوں نے 8 اوورس میں 47 رن دے کر 4 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ مشیل اسٹارک کو اور 2 وکٹ کپتان پیٹ کمنس کو ملے۔ ایک وکٹ گلین میکسویل کے حصے میں آیا۔

جب آسٹریلیائی بلے باز 210 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اترے تو تیز شروعات دی، لیکن وکٹ جلدی جلدی گرنے سے حالات کچھ خراب سے ہو گئے۔ ڈیوڈ وارنر 11 رن اور اسٹیو اسمتھ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پھر مشیل مارس اور لابوشین کے درمیان 57 رنوں کی انتہائی اہم شراکت داری ہوئی۔ مشیل مارش جب 52 رن بن کر آؤٹ ہوئے تو جوس انگلس نے لابوشین کے ساتھ مل کر 77 رن جوڑے جس نے میچ کو سری لنکا سے بہت دور کر دیا۔ حالانکہ لابوشین 40 رن اور انگلس 58 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، اور پھر باقی کا کام گلین میکسویل نے 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 31 رن اور مارکس اسٹوئنس نے 10 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 20 رن بنا کر پورا کر دیا۔ آسٹریلیا نے 5 وکٹ کے نقصان پر 35.2 اوورس میں 215 رن بنائے اور ٹیم کو ٹورنامنٹ میں پہلی جیت دلا دی۔

سری لنکا کی طرف سے دلشان مدوشنکا کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے شروع میں دباؤ بنایا، لیکن دوسرے گیندباز ان کا ساتھ نہیں دے سکے۔ مدوشنکا نے 9 اوورس میں 38 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ 1 وکٹ دُنتھ ویلالاگے کے حصے میں آیا جنھوں نے 9.2 گیندوں پر 53 رن دیے۔ باقی کوئی بھی گیندباز وکٹ نہیں لے سکا۔