سچن تندولکر بھی ’ڈیپ فیک‘ کا شکار، سوشل میڈیا پر خود دی جانکاری، حکومت سخت قانون بنانے کے لیے پرعزم
سچن تندولکر نے ’ڈیپ فیک‘ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’یہ ویڈیو نقلی ہے اور آپ کو دھوکہ دینے کے لیے بنائی گئی ہے، ٹیکنالوجی کا اس طرح غلط استعمال کرنا ٹھیک نہیں ہے۔‘‘
رشمیکا مندانا اور کاجول جیسی کئی مشہور شخصیات ڈیپ فیک ویڈیو کا شکار ہو چکی ہیں، اور اب اس میں سچن تندولکر کا نام بھی شامل ہو گیا۔ اس بات کی جانکاری خود ہندوستان کے سابق کرکٹر سچن تندولکر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے دی ہے۔ انھوں نے ’ڈپ فیک‘ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’یہ ویڈیو نقلی ہے اور آپ کو دھوکہ دینے کے لیے بنائی گئی ہے۔‘‘
These videos are fake. It is disturbing to see rampant misuse of technology. Request everyone to report videos, ads & apps like these in large numbers.
— Sachin Tendulkar (@sachin_rt) January 15, 2024
Social Media platforms need to be alert and responsive to complaints. Swift action from their end is crucial to stopping the… pic.twitter.com/4MwXthxSOM
پوسٹ میں سچن تندولکر نے ٹیکنالوجی کے غلط استعمال پر اظہارِ فکر بھی کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’ٹیکنالوجی کا اس طرح سے غلط استعمال کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ ایسی ویڈیو یا ایپ یا اشتہار آپ کو اگر نظر آئے تو انھیں فوراً رپورٹ کریں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی محتاط رہنا چاہیے اور ان کے خلاف کی گئی شکایت پر جلد از جلد کارروائی کرنی چاہیے۔ ان کا کردار اس بارے میں بہت ضروری ہے تاکہ غلط جانکاری اور خبروں کو روکا جا سکے اور ’ڈیپ فیک‘ کا غلط استعمال ختم ہو۔‘‘
دراصل جو ’ڈیپ فیک‘ ویڈیو سچن تندولکر نے شیئر کی ہے اس میں وہ گیمنگ سے جڑے ایک ایپ کی تشہیر کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ ایپلی کیشن صارفین کو آسانی سے پیسے کمانے کا لالچ دیتا ہے۔ ویڈیو میں سچن تندولکر یہ دعویٰ کرتے ہوئے بھی دکھائی دے رہے ہیں کہ ان کی بیٹی سارا بھی اس گیم کو کھیل کر خوب پیسے کما رہی ہیں۔ حالانکہ سچن تندولکر نے اس ویڈیو کو جھوٹ پر مبنی قرار دے کر سبھی کو الرٹ کر دیا ہے۔