ایران کے نقصانات کی تلافی کرے امریکہ، فوجی حملوں کو فوری روکے: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ اور اسرائیل کے فوجی حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے امریکہ سے حملے روکنے اور نقصانات کی تلافی کا مطالبہ کیا ہے
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی حملوں کو فوری طور پر روکے اور ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تلافی کرے۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے فوجی حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں کسی ممکنہ خطرے کے خدشے کی بنیاد پر کسی ملک کے خلاف فوجی کارروائی کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
عباس عراقچی نے جاپان کی خبر رساں ایجنسی کیوڈو کے لیے لکھے گئے ایک مضمون میں ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں پر اپنے ملک کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں نے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے اور ان کارروائیوں کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے مضمون میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانون کسی ملک کو مستقبل میں لاحق ہونے والے کسی ممکنہ خطرے کی بنیاد پر دوسرے ملک پر فوجی حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ ان کے مطابق اس طرح کے اقدامات کو خودمختار ممالک کے خلاف جارحیت کے جواز کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
عراقچی نے ایران کے اسکولوں، کھیلوں کے اسٹیڈیم، شہری بنیادی ڈھانچے اور جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کی بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت بھی تحقیقات کی جانی چاہئیں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا ان کارروائیوں میں جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت امریکہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کی غیر قانونی کارروائیوں کو روکے۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ کو یہ ضمانت بھی فراہم کرنی چاہیے کہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ پیش نہیں آئیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فوجی حملوں کے جواب میں ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی خودمختار ملک کو اپنی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے دفاع کا حق حاصل ہے۔
عراقچی نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے مستقبل میں ممکنہ خطرات کا حوالہ دے کر دوسرے ممالک پر فوجی حملوں کو جائز تسلیم کر لیا تو اس سے بین الاقوامی قانونی نظام کی بنیادیں کمزور ہو جائیں گی۔ ایسا ہونے سے اقوام متحدہ کے چارٹر کی ساکھ اور عالمی سطح پر قائم قانونی اصولوں کی اہمیت بھی متاثر ہوگی۔