سرفراز خان کی نصف سنچری پر والدہ نے چہرہ سے نقاب ہٹا کر بجائی تالیاں، آنکھوں میں خوشی کے آنسو

اپنے پہلے میچ میں سرفراز خان نے 66 گیندوں پر 62 رن کی اننگ کھیلی، وہ رویندر جڈیجہ کی ایک غلط پکار پر افسوسناک طریقے سے رَن آؤٹ ہو گئے۔

سرفراز خان کی نصف سنچری پر والدہ نے چہرہ سے نقاب ہٹا کر بجائی تالیاں، آنکھوں میں خوشی کے آنسو

سرفراز خان کو بہت انتظار کے بعد ہندوستان کے لیے کھیلنے کا موقع ملا اور انھوں نے نہ ہی اپنے شیدائیوں کو مایوس کیا اور نہ ہی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو۔ اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں ہی انھوں نے 66 گیندوں پر 62 رن کی اننگ کھیلی۔ وہ بہت شاندار دکھائی دے رہے تھے، لیکن رویندر جڈیجہ کی ایک غلط پکار پر افسوسناک طریقے سے رَن آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت جڈیجہ 99 رن پر کھیل رہے تھے اور ایک رَن لینے کی پہلے کوشش کی، اور پھر گیند مارک ووڈ کے ہاتھ میں دیکھ کر رُک گئے۔ لیکن اس پکار پر سرفراز تقریباً نصف پچ تک پہنچ گئے تھے اور نتیجہ یہ ہوا کہ ووڈ کا ڈائریکٹ تھرو وکٹ پر لگا اور سرفراز کو پویلین کی طرف بڑھنا پڑا۔ اس وقت کپتان روہت شرما ڈریسنگ روم میں انتہائی ناخوش نظر آئے اور اپنے سر سے ٹوپی اتار کر زمین پر پٹک دیا۔

بہرحال، اس سے قبل سرفراز خان نے شاندار نصف سنچری محض 48 گیندوں پر مکمل کر لی۔ ان کی اس لاجواب اننگ کا پویلین میں موجود سبھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہو کر تالی بجاتے ہوئے استقبال کیا۔ یہ میچ سرفراز کے والد نوشاد اور ان کی والدہ بھی دیکھنے پہنچی تھیں اور وہ دونوں بھی کھڑے ہو کر تالی بجاتے اور بوسہ اچھالتے ہوئے دیکھے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سرفراز کی والدہ جب میچ شروع ہونے سے پہلے اپنے بیٹے کو ’ٹیسٹ کیپ‘ ملنے پر مبارکباد دے رہی تھیں تو حجاب میں صرف ان کی آنکھ دکھائی دے رہی تھی۔ میچ دیکھنے کے دوران جب بھی کیمرہ ان کی طرف گیا تو وہ اسی انداز میں بیٹھی تھیں، لیکن جب سرفراز نے نصف سنچری مکمل کی تو وہ کھڑی ہو کر تالیاں بجانے لگیں اور اپنے چہرہ سے نقاب ہٹا دیا۔ ان کی مسکراہٹ سے صاف نظر آ رہا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کی اس اننگ سے کس قدر خوش ہیں۔ ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو بھی تھے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی تھی۔

سرفراز خان نے آج اپنی اننگ کے دوران اسپن گیندبازوں اور تیز گیندبازوں دونوں کو ہی بہت اچھے انداز میں کھیلا۔ انھیں کوئی بھی گیندباز آؤٹ نہیں کر سکا، رَن آؤٹ ہونے کی وجہ سے وہ پویلین لوٹے۔ 66 گیندوں پر 62 رنوں کی اننگ کے دوران سرفراز خان نے ایک چھکا اور 9 چوکے لگائے۔