اُجولا یوجنا کے تحت اب 600 روپے میں ملے گا گیس سلنڈر، مودی حکومت کا اعلان
مرکز نے گیس سلنڈر کی سبسڈی میں 100 روپے اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یعنی 200 روپے کی جگہ اب 300 روپے چھوٹ ملے گی، اس سے اُجولا یوجنا کے تحت لوگوں کو گیس سلنڈر 600 روپے میں مل سکیں گے۔
مرکزی حکومت نے ’اُجولا یوجنا‘ کے تحت آنے والے مستفیدین کے لیے آج ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے گیس سلنڈر کی سبسڈی میں اضافہ کرتے ہوئے 200 روپے کی جگہ 300 کر دیا ہے۔ یعنی اُجولا یوجنا کے تحت آنے والے لوگوں کو اب 600 روپے میں گیس سلنڈر دستیاب ہوگا۔
The government has raised subsidy amount for Pradhan Mantri Ujjwala Yojana beneficiaries from Rs 200 to Rs 300 per LPG cylinder: Union minister Anurag Thakur during a briefing on Cabinet decisions pic.twitter.com/Dvf7wXtXQT
— ANI (@ANI) October 4, 2023
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 37 دنوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب حکومت نے اُجولا یوجنا کے تحت گیس سلنڈر کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس کا فائدہ تقریباً 10 کروڑ گھروں کو پہنچے گا۔ آج سے قبل 29 اگست کو حکومت نے اُجولا یوجنا کے تحت گیس سلنڈر کی قیمت 200 روپے کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
گیس سلنڈر کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ مرکزی کابینہ کی ہوئی میٹنگ میں کیا گیا ہے۔ کابینہ کے فیصلوں پر ایک بریفنگ کے دوران مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ’پردھان منتری اُجولا یوجنا‘ کے تحت آنے والے لوگوں کے لیے سبسیڈی رقم 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی ایل پی جی سلنڈر کر دی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ جب ایل پی جی سلنڈر کی اصل قیمت 1100 روپے تھی تو اُجولا یوجنا کے تحت پہلے سے ہی 200 روپے کی چھوٹ دی جاتی تھی۔ بعد ازاں 29 اگست کو جب مزید 200 روپے کی چھوٹ دی گئی تو ایل پی جی سلنڈر 7 روپے میں ملنے لگی۔ اب جبکہ 100 روپے مزید کمی کا اعلان کیا گیا ہے تو ایل پی جی سلنڈر 600 روپے میں حاصل ہو سکیں گے۔