حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر سعودی جنگی طیاروں نے کی بموں کی بارش، یمن میں 60 فوجی ٹھکانے تباہ، 17 افراد ہلاک
حوثیوں کے زیر کنٹرول وزارت صحت کے ترجمان انیس الاسباحی نے بتایا کہ حدیدہ میں اسپنج بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہوگئے۔ 2 اموات قطاف میں ہوئی ہیں۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں سے لڑ رہے سعودی قیادت والے اتحاد نے بدھ کو مطلع کیا کہ اس نے یمن میں باغیوں کے قبضہ والے علاقوں میں بڑا فضائی حملہ کیا ہے۔ سامنے آئی جانکاری کے مطابق اس حملہ میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ منگل کو کیے گئے ان حملوں میں راجدھانی صنعاء، عمران، صعدہ اور حدیدہ صوبوں میں ’60 جائز فوجی ٹھکانوں‘ کو تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان حملوں کا مقصد حوثیوں کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو کمزور کرنا تھا۔ اس کے لیے پہاڑی گوداموں تک جانے والی ان سرنگوں کو تباہ کیا گیا جہاں بیلسٹک میزائل رکھے جاتے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ان ورکشاپس کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں ڈرون تیار اور جمع کیے جاتے ہیں اور انہیں رکھا جاتا ہے۔
حوثیوں کے زیر کنٹرول وزارت صحت کے ترجمان انیس الاسباحی نے اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ حدیدہ میں ایک حملے میں اسپنج بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔ صعدہ کے قطاف ضلع میں ہونے والے ایک دوسرے حملے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوئے۔ الاسباحی نے بتایا کہ صنعاء میں جوتوں کی ایک فیکٹری پر حملے میں کم از کم 9 افراد زخمی ہو گئے۔
بہرحال، المالکی نے کہا کہ سعودی عرب نے بدھ کی علی الصبح حوثی باغیوں کی جانب سے راجدھانی ریاض کی طرف داغے گئے ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب سعودی حمایت یافتہ فوجیں باب المندب نہر کے آس پاس کے علاقوں سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔ یہ حوثی مخالف گروہ کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، جس سے اس اہم بحری راستے پر ایران کی حمایت یافتہ باغیوں کی گرفت مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
ایرانی فوج نے بدھ کی علی الصبح دعویٰ کیا کہ اس نے کویت میں واقع امریکی ’علی السالم‘ ایئر بیس کو ڈرون سے نشانہ بنایا ہے۔ اس واقعہ کے باعث تیل سے مالا مال اس خلیجی ملک میں کئی ہفتوں بعد پہلی بار ’ایئر ڈیفنس الرٹ‘ جاری کرنا پڑا۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایئر ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ ڈرون اور میزائل لانچ کرنے والے پلیٹ فارم کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ مغربی ایشیا میں امریکی فوج کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ’یو ایس سینٹرل کمانڈ‘ نے اس پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
اس سے قبل بدھ کو کویت کی فوج نے بتایا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام ڈرون حملوں کو روک رہے ہیں، تاہم فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ملک کی وزارت خارجہ نے ایران کے بار بار ہونے والے ’مجرمانہ‘ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کویت کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ حال ہی میں ایران نے چھوٹے جزیرہ ملک بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔