’...تو ہندوستانی وزیر اعظم بھی وہاں ہوتے‘، ٹرمپ اور پوتن کے ساتھ جن پنگ کی تصویر شیئر کر راہل نے مودی پر کیا حملہ
راہل گاندھی نے ٹرمپ، پوتن اور جن پنگ کی ایک ہی میز پر بیٹھے ہوئے تصویر شیئر کی ہے اور طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سمجھوتہ کرنے والا وزیر اعظم کبھی اس میز پر نہیں بیٹھ سکتا۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ہندوستان کی موجودہ خارجہ پالیسی معاملہ میں وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انھوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے، جو ان تینوں لیڈران کی گزشتہ روز ہوئی میٹنگ سے متعلق ہے۔ یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ اگر کانگریس کی حکومت ہوتی تو ہندوستان کے وزیر اعظم بھی ان تینوں لیڈران کے ساتھ ایک ہی میز پر بیٹھے ہوتے۔ راہل گاندھی نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ سمجھوتہ کرنے والا وزیر اعظم کبھی اس میز پر نہیں بیٹھ سکتا۔
If Congress were in power, India's Prime Minister would be sitting at this table.
— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) November 20, 2026
A compromised PM can never sit at this table. pic.twitter.com/EpGZVnJPYq
راہل گاندھی کا یہ تبصرہ تینوں ممالک کے لیڈران کی ملاقات کی نوعیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ٹرمپ، پوتن اور جن پنگ 19 نومبر کو چین کے شہر شینزین میں ملے تھے۔ اس میٹنگ کو ’جی 3‘ کہا جا رہا ہے، جس کا مطلب ہے دنیا کی 3 بڑی طاقتوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا۔ راہل گاندھی کا ماننا ہے کہ اگر نریندر مودی کا رویہ ’سمجھوتہ کرنے والا‘ نہیں ہوتا، تو شینزین میں ہوئی میٹنگ کا حصہ ہندوستانی وزیر اعظم بھی بنتے۔