بے تحاشہ ٹھیکہ دینے اور ادائیگی کی بات پر بغلیں جھانکنے والی حکومت... جے دیپ ہاردیکر

بھاری قرض کی طاقت پر سرکاری پروجیکٹس پوری کرنے والے چھوٹے ٹھیکیدار حیرت انگیز طور سے ریاست کے یرغمال فائنانسر بن کر رہ گئے ہیں، جن کے سامنے معاشی تباہی اور بھکمری کا گہرا بحران کھڑا ہے۔

بے تحاشہ ٹھیکہ دینے اور ادائیگی کی بات پر بغلیں جھانکنے والی حکومت... جے دیپ ہاردیکر

ناگپور سے تقریباً 150 کلومیٹر دور امراوتی میں 19 اکتوبر کو ٹھیکیداروں نے مہاراشٹر حکومت کی باقاعدہ آخری رسومات ادا کر دیں اور پورے رسم و رواج کے ساتھ اس کا جلوس جنازہ نکالا۔ 2 نومبر کو وہ ایک بار پھر محکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے۔ اس بار وہ تیرہویں کی رسم ادا کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے، جو موت کے تیرہویں دن انجام دی جاتی ہے۔ ان کی ناراضگی کی وجہ یہ ہے کہ ریاستی حکومت نے 2 سے 3 سال پہلے مکمل ہو چکے کاموں کے بقایہ جات کی ادائیگی نہیں کی ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ کنٹریکٹرس ایسوسی ایشن (ایم ایس سی اے) کا دعویٰ ہے کہ ایک لاکھ سے زیادہ ٹھیکیدار اپنے 90 ہزار کروڑ سے ایک لاکھ کروڑ روپے تک کے بقایہ جات کی ادائیگی کے منتظر ہیں۔

امراوتی کا احتجاج اس سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔ گزشتہ ایک سال سے ایم ایس سی اے اور اس کی شاخیں ناگپور اور دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کر رہی ہیں۔ اگست 2025 میں انہوں نے کولہاپور میں 10 دن تک دھرنا دیا تھا، جبکہ اپریل 2026 میں وہ اپنے مطالبات لے کر ممبئی تک پہنچ گئے تھے۔ ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری تعمیراتی کاموں کو مکمل کرنے کے مقصد سے لیے گئے قرض کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے، مشینری پر گرد جمنے لگی ہے، مزدوروں کو اجرت نہیں ملی ہے اور سامان فراہم کرنے والے تاجروں نے قرض دینے سے انکار کر دیا ہے۔ قرض خواہوں کے دباؤ کے باعث گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران 9 ٹھیکیدار خودکشی کر چکے ہیں۔

امراوتی ضلع کے جرود باشندہ 52 سالہ ٹھیکیدار سنیل واگدھرے کی خودکشی نے 8 اکتوبر کو غصے کی ایک نئی لہر پیدا کر دی۔ ان کے اہل خانہ نے صحافیوں کو بتایا کہ 24-2023 میں مکمل کیے گئے کاموں کے عوض ان کے تقریباً ڈھائی کروڑ روپے پھنسے ہوئے ہیں۔ خودکشی کے نوٹ میں سنیل نے مبینہ طور پر اپنے بھتیجے سے کہا تھا کہ وہ خاندان کی دیکھ بھال کرے اور جائیداد کا ایک حصہ فروخت کر کے بینک کا قرض، گولڈ لون اور دیگر قرض ادا کر دے۔ ان کی اہلیہ ورشا نے ’دی انڈین ایکسپریس‘ کو بتایا کہ بار بار درخواست کرنے کے باوجود کچھ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے رندھے ہوئے گلے سے کہا کہ ’’اب مجھے بس حکومت سے اپنا شوہر واپس چاہیے۔‘‘

واگدھرے کی موت اس طرح کا کوئی اکیلا واقعہ نہیں ہے۔ ناگپور کے ٹھیکیدار پی وی ورما نے تقریباً 40 کروڑ روپے کے سرکاری بقایہ جات اور نجی بازار سے لیے گئے بھاری قرض کے بوجھ تلے دب کر ستمبر 2025 میں اپنی جان دے دی تھی۔ جولائی 2025 میں خودکشی کرنے والے سانگلی کے ہرشل پاٹل کے دوستوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پائپ لائن اور پانی کی ٹنکی کے کاموں کے لیے ذیلی ٹھیکیدار کی حیثیت سے حال ہی میں کام شروع کیا تھا۔ ان کے اہل خانہ نے گزشتہ سال بتایا تھا کہ اس وقت ان کی 60 لاکھ روپے کی ادائیگی پھنسی ہوئی تھی۔ نوی ممبئی کے ٹھیکیدار گجانن دیوکاتے نے اگست 2026 میں خودکشی کر لی۔ ان کے اہل خانہ کا الزام تھا کہ ڈھائی کروڑ روپے کے بقایہ جات کی ادائیگی کے لیے افسران نے رشوت طلب کی تھی۔ ان الزامات کی جانچ ہو رہی ہے۔

یہ بحران ایک بنیادی سوال کھڑا کرتا ہے: جو حکومت سرکاری بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کرواتی ہے، وہ ان منصوبوں کو زمین پر اتارنے والوں کو غیر معینہ مدت تک اپنے طور پر مالی بوجھ اٹھانے کے لیے کیسے چھوڑ سکتی ہے؟ ٹھیکیدار ایک طرح سے اپنی مرضی کے بغیر ریاست کا مالی معاون بن رہا ہے، جو قرض کا پورا خطرہ اپنے سر لے رہا ہے۔

کام کاج کے ڈھانچے سے جڑا ایک اور سوال بھی ہے۔ کوئی بڑی کمپنی ٹینڈر حاصل کرکے کام چھوٹے ٹھیکیداروں کو سونپ دیتی ہے، جو حکومت یا اصل ٹھیکیدار کی جانب سے ادائیگی کی ضمانت کے بغیر یہ کام مکمل کرتے ہیں۔ مہاراشٹر کے معاملے میں تو اصل ٹھیکیداروں اور ذیلی ٹھیکیداروں، دونوں کی ادائیگیاں رکی ہوئی ہیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ٹھیکیداروں کے پاس بڑے کارپوریٹ اداروں جیسی مالی طاقت نہیں ہوتی۔ وہ سیمنٹ، سریا، پائپ اور مشینری خریدنے، مزدوروں کو روزانہ کی اجرت دینے اور سامان کی ڈھلائی کے لیے بھاری شرح سود پر قرض لیتے ہیں۔ کام مکمل کرنے کے بعد بل جمع کراتے ہیں اور ان کی تصدیق اور ادائیگی کا انتظار کرتے ہیں۔ اس دوران سود بڑھتا رہتا ہے، سامان فراہم کرنے والے اور مزدور بقایہ جات کی ادائیگی کے لیے تقاضے کرتے ہیں اور گھریلو اخراجات بھی اپنی جگہ برقرار رہتے ہیں۔ چند ماہ کی تاخیر بھی انہیں بھاری نقصان پہنچاتی ہے، جبکہ دو یا تین سال کی تاخیر پورے کاروبار کو تباہ کر دیتی ہے۔

مسئلہ، جیسا کہ ایم ایس سی اے بار بار نشاندہی کرتی رہی ہے، ٹھیکیداری کے نچلے درجوں میں مزید سنگین ہے۔ زیادہ تر مظاہرین ذیلی ٹھیکیدار ہیں۔ سڑکیں بنانے، اسکولوں کی مرمت کرنے اور پانی کی پائپ لائنیں بچھانے میں ان کی محنت اور سرمایہ لگتا ہے، لیکن متعلقہ محکموں کے ساتھ ان کا کوئی براہ راست تعلق نہیں ہوتا۔ جب اصل ٹھیکیدار کو ہی رقم نہیں ملتی تو ان کی صورت حال مزید نازک ہو جاتی ہے۔

یہ بات ہرشل پاٹل کے معاملے میں پوری طرح سامنے آئی۔ مہاراشٹر کے آبی وسائل کے وزیر گلاب راؤ پاٹل نے مبینہ طور پر کہا کہ پاٹل متعلقہ اسکیم میں رجسٹرڈ نہیں تھے اور ان کے نام پر کوئی بل بھی زیر التوا نہیں تھا۔ ٹھیکیداروں کی تنظیم نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذیلی ٹھیکیدار کی حیثیت سے کام کیا تھا اور ان کی ادائیگی اصل ٹھیکیدار کو رقم ملنے پر منحصر تھی۔ کاغذی ضابطوں میں یہ فرق بھلے ہی درست معلوم ہو، لیکن جس شخص نے حقیقت میں محنت کرکے کام کیا، اس کی بدحالی کا اس سے کوئی حل نہیں نکلتا۔

یہ بحران کافی عرصے سے گہرا ہوتا جا رہا تھا۔ جولائی 2025 میں ٹھیکیداروں نے ریاستی حکومت کو ایک عرضداشت دے کر دعویٰ کیا تھا کہ مختلف محکموں کے پاس تقریباً 89 ہزار کروڑ روپے کے بقایہ جات ہیں۔ آج یہ رقم بڑھ کر ایک لاکھ کروڑ روپے ہو چکی ہے۔ حکومت ان دعوؤں کو مسترد کرتی ہے۔ محکمہ تعمیراتِ عامہ کے وزیر شیویندر راجے بھوسلے کا کہنا ہے کہ پی ڈبلیو ڈی کے 17 ہزار کروڑ روپے کے بل زیر التوا تھے، جن میں سے 6,200 کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ جمع کرائے گئے، تصدیق شدہ، منظور شدہ اور ادا کیے گئے بلوں کی کوئی آزادانہ اور محکمہ وار تفصیلات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے دونوں تخمینوں کے درمیان یہ فرق آج بھی برقرار ہے۔

مہاراشٹر 27-2026 میں تقریباً 54 لاکھ کروڑ روپے کی تخمینہ شدہ جی ایس ڈی پی کے ساتھ ملک کی سب سے بڑی ریاستی معیشت بنا ہوا ہے۔ اس کے باوجود اس کے حالیہ بجٹ میں 1.50 لاکھ کروڑ روپے کے مالیاتی خسارے اور 40,552 کروڑ روپے کے محصولات کے خسارے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مجموعی واجبات جی ایس ڈی پی کے 20.4 فیصد تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔ تنخواہوں، پنشن اور سود کی ادائیگی جیسے لازمی مدات پر تقریباً 3.38 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ ریاست کا سرکاری قرض 10 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔

مرحوم اجیت پوار، جن کے پاس وزارت خزانہ کا قلم دان تھا، نے ٹھیکیداروں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے بلوں کی ادائیگی قسطوں میں کی جائے گی۔ اس سال کے اوائل میں ایک طیارہ حادثے میں ان کی موت ٹھیکیداروں کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوئی، جو ان پر بھروسہ کر رہے تھے۔ اس وقت سے یہ محکمہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے پاس ہے۔ جن بیشتر کاموں کی ادائیگی کا انتظار کیا جا رہا ہے، انہیں 2024 سے پہلے ایکناتھ شندے حکومت کے دور میں منظوری دی گئی تھی۔

ٹھیکیداروں کی تنظیموں کا الزام ہے کہ نومبر 2024 کے اسمبلی انتخابات سے ٹھیک پہلے مناسب بجٹ کی فراہمی کے بغیر ہی بے تحاشہ ورک آرڈر جاری کر دیے گئے تھے۔ بعض انجینئروں کا دعویٰ ہے کہ ان ورک آرڈرس کی مالیت دستیاب بجٹ سے کئی گنا زیادہ تھی۔ مالی وسائل کی دستیابی یقینی بنائے بغیر منصوبوں کو منظوری دینا مالیاتی نظم و ضبط کی سنگین ناکامی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں اور ٹھیکیداروں کی تنظیموں کا الزام ہے کہ سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے ٹھیکیداروں اور بڑی کمپنیوں کو ترجیحی بنیاد پر ادائیگیاں کی جاتی ہیں، جبکہ چھوٹے ٹھیکیدار انتظار کرتے رہ جاتے ہیں۔

’جل جیون مشن‘ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ٹھیکیداروں کا دعویٰ ہے کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ مالی اعانت سے چلنے والے اس دیہی پینے کے پانی کے پروگرام کے تحت دسیوں ہزار کروڑ روپے کی ادائیگیاں رکی ہوئی ہیں۔ یہ طے کرنا انتہائی ضروری ہے کہ کتنی رقم مختص کی گئی، مرکز نے کتنا حصہ جاری کیا، مہاراشٹر کی حصہ داری کتنی رہی، کتنا کام مکمل ہو کر تصدیق شدہ ہوا اور حقیقت میں ٹھیکیداروں تک کتنی رقم پہنچی۔ کانگریس پارٹی جاری منصوبوں کے جامع آڈٹ کا بار بار مطالبہ کرتی رہی ہے۔

مہاراشٹر حکومت نے حال ہی میں پی ڈبلیو ڈی کے ٹھیکیداروں کے لیے ’ٹریڈ ریسیویبلز الیکٹرانک ڈسکاؤنٹنگ سسٹم‘ (ٹی آر ای ڈی ایس یا ٹریڈس) کو منظوری دی ہے۔ اس نظام کے تحت ٹھیکیدار منظور شدہ انوائس کے عوض مالیاتی اداروں سے پیشگی رقم حاصل کر سکتے ہیں اور بعد میں حکومت ان اداروں کو ادائیگی کرتی ہے۔ اس سے فوری طور پر نقد رقم تو دستیاب ہو جاتی ہے، لیکن یہ وقت پر سرکاری ادائیگی کا متبادل نہیں بن سکتا۔ نہ ہی یہ ان بلوں کا حل فراہم کرتا ہے جن کی تصدیق نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی ان ذیلی ٹھیکیداروں کو راحت پہنچاتا ہے جن کی اس نظام تک براہ راست رسائی نہیں ہے۔

ایم ایس سی اے کا مطالبہ ہے کہ ریاستی حکومت بل جمع کرانے، ان کی تصدیق اور ادائیگی کی تاریخوں کا محکمہ وار رجسٹر دستیاب کرائے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے وقت مقرر کرکے ادائیگی کا نظام بنانے، منظور شدہ بلوں کو دباکر بیٹھے رہنے والے افسران کی جواب دہی طے کرنے اور مناسب بجٹ کی فراہمی کے بغیر جاری کیے گئے ورک آرڈرس کے جامع آڈٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ ذیلی ٹھیکیدار بھی اصل ٹھیکیداروں اور سرکاری محکموں کے درمیان ادائیگی کے تنازعات کے نتائج سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے قانونی تحفظ چاہتے ہیں۔