بھوپال کے عیش باغ میں بلڈوزر ایکشن شروع، عدالت کی منظوری کے بعد توڑے جا رہے 599 مخدوش مکانات

عیش باغ کے یہ ’جنتا کوارٹر‘ تقریباً 40 سال قدیم ہیں۔ مخدوش حالت کی وجہ سے ہاؤسنگ بورڈ نے انھیں خطرناک ٹھہرا دیا ہے۔

بھوپال کے عیش باغ میں بلڈوزر ایکشن شروع، عدالت کی منظوری کے بعد توڑے جا رہے 599 مخدوش مکانات

مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے عیش باغ میں پیر کی صبح سویرے سینکڑوں مکانات کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع ہو گئی۔ عیش باغ علاقہ میں تقریباً 600 مکانات پر بلڈوزر چلایا جا رہا ہے، اور اس سے قبل سیکورٹی کے سخت انتظامات پورے علاقے میں کیے گئے ہیں۔ عیش باغ میں پولیس کی کثیر تعداد دیکھنے کو مل رہی ہے اور اس علاقہ کو بیریکیڈنگ سے بند کر دیا گیا ہے جہاں مکانات کو منہدم کیا جا رہا ہے۔

عیش باغ علاقہ میں موجود 599 مخدوش کوارٹرز کو خالی کرانے اور توڑنے کی کارروائی آج صبح تقریباً 7 بجے شروع کر دی گئی۔ انتظامیہ کی اس کارروائی پر روک لگانے کے مطالبہ کو لے کر کچھ عرضی دہندگان نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا، لیکن عدالت سے انھیں کوئی راحت نہیں ملی۔ حالانکہ کوارٹر نمبر 465 کے مالک محمد حفیظ خان کو عدالت نے کرایہ طے ہونے تک 2 دن کی عبوری مہلت دی ہے۔ اس کے علاوہ بقیہ 599 مخدوش کوارٹرز پر انہدامی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عیش باغ کے یہ ’جنتا کوارٹر‘ تقریباً 40 سال قدیم ہیں۔ مخدوش حالت کی وجہ سے ہاؤسنگ بورڈ نے انھیں خطرناک ٹھہرا دیا ہے۔ یہ معاملہ صرف 600 مکانات کا نہیں ہے، بلکہ یہاں رہنے والے تقریباً 3000 لوگوں کی زندگی اور سیکورٹی سے جڑا بتایا جا رہا ہے۔ ہاؤسنگ بورڈ اور انتظامیہ کی طرف سے ان کوارٹرز کو خالی کرنے کے لیے پہلے ہی آخری الٹی میٹم دیا جا چکا تھا۔ مقامی باشندوں کو 14 نومبر 2026 تک ہر حال میں مکان خالی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

بہرحال، پیر کی صبح 7 بجے انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں بلڈوزر اور دیگر مشینوں کے ساتھ عیش باغ پہنچیں۔ کسی بھی طرح کی مخالفت یا ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے پورے خطہ کی بیریکیڈنگ کر آمد و رفت روک دی گئی۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس جوانوں اور انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میں مخدوش مکانات کو گرانے کا عمل تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے۔